• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکی سیکریٹری اسٹیٹ کا وزیرخارجہ کو فون، تعلقات مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار

شائع May 7, 2022
بلاول بھٹو زرداری نے  باور کرایا کہ پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات ہیں—فوٹو: اے پی پی
بلاول بھٹو زرداری نے باور کرایا کہ پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات ہیں—فوٹو: اے پی پی

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے وزارت سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے فون کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ فون کال کے دوران امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور باہمی مفاد کے پاک-امریکا دوطرفہ جاری تعلقات مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان وسیع البنیاد دیرینہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعمیری اور پائیدار روابط خطے اور خطے سے باہر امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔

وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان کا وژن انسانی ترقی، علاقائی روابط اور پرامن ہمسائیگی پر مرکوز ہے۔

دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان گزشتہ دو برسوں کے دوران کوڈ کے وبائی مرض سے نمٹنے میں تعاون رہا۔

امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کو رواں ماہ کے آخر میں ہونے والی دوسری عالمی کووڈ ورچوئل سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

سیکریٹری آف اسٹیٹ کی طرف سے 18 مئی 2022 کو نیویارک میں منعقد ہونے والے گلوبل فوڈسیکیورٹی سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔

وزیر خارجہ اور امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر رابطے میں رہنے اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

حناربانی کھر کی یوکرین کیلئے بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں شرکت

دفترخارجہ کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے پولینڈ کے شہر وارسا میں منعقدہ اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس برائے یوکرین میں ورچوئل شرکت کی۔

وزیر مملکت نے یوکرین کے عوام کے لیے انسانی امداد کے لیے کانفرنس کے انعقاد پر پولینڈ اور سویڈن کے وزرائے اعظم کی کوششوں کو سراہا۔

دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیرمملکت برائے خارجہ نے جنگ جاری رہنے، شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں، بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال اور پناہ گزینوں کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

وزیر مملکت نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر ہمہ گیر اور مستقل عمل درآمد کے لیے پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا تاکہ دیرپا امن اور سلامتی یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے پاکستان کا یہ مطالبہ دہرایا کہ یوکرین کے تنازع کو جلد از جلد مذاکرات اور سفارت کاری سے حل کیا جائے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان یوکرین کے عوام کے لیے انسانی امداد کی دوسری کھیپ روانہ کرنے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے۔

یوکرین کے لیے پاکستان کی جانب سے پہلی کھیپ مارچ میں پہنچائی گئی تھی، جس میں خوراک اور ادویات سمیت 15 ٹن سے زیادہ امدادی سامان شامل تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024