• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

طعنے دینے والے شوہر اچھے ہوتے ہیں، ان کے طعنوں سے بیویاں وزن کم کرلیتی ہیں، حرا مانی

شائع May 6, 2022
دونوں نے 14 سال قبل شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 14 سال قبل شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ حرا مانی نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے شوہر اداکار سلمان ثاقب شیخ المعروف مانی کے طعنوں کی وجہ سے وزن کم کیا اور ساتھ ہی کہا کہ وہ شوہر اچھے ہوتے ہیں جو بیویوں کو وزن کم کرنے کا طعنہ دیتے ہیں، کیوں کہ ان کے طعنوں سے ہی بیویاں وزن کم کرتی ہیں۔

اداکارہ حرا اور ان کے شوہر مانی حال ہی میں سہیل وڑائچ کے پروگرام ’ایک دن جیو کے ساتھ‘ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے اپنی محبت، شادی اور کیریئر سمیت فٹنیس پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

پروگرام کے دوران دونوں نے بتایا کہ ان کی شادی کو 14 برس گزر چکے ہیں اور اب ان کے درمیان لڑائی و جھگڑے بھی نہیں ہوتے۔

اداکارہ حرا نے بتایا کہ شادی سے قبل انہوں نے مانی کی شخصیت کو سمجھ کر ایک دن سے فون پر آدھا گھنٹا باتیں کیں اور انہیں اپنے پیار کے جال میں پھسایا اور پھر آہستہ آہستہ منصوبہ بندی کے تحت ہی ان سے سلسلے آگے بڑھائے۔

حرا نے اعتراف کیا کہ اس وقت مانی کی زندگی میں اور بھی بہت ساری لڑکیاں تھیں اور انہوں نے ان کا نمبر بھی اپنی سہیلی سے لیا تھا اور مکمل منصوبے کے ساتھ انہوں نے مانی کا دل جیتا اور ان سے شادی کی۔

پروگرام کے دوران اداکار مانی نے بتایا کہ پہلی بار جب حرا نے ان سے فون پر آدھے گھنٹے تک بات کی تو وہ ان کی باتیں سن کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے، کیوں کہ انہوں نے ان سے اچھی اچھی باتیں کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حرا مانی نے ڈکیتوں کا سامنا کیسے کیا!

دونوں نے بتایا کہ کامیاب شادی کا کوئی ایک فارمولہ نہیں ہے، ان کے تو یومیہ جھگڑے بھی ہوتے ہیں مگر کبھی ایک دوسرے سے شدید نفرت نہیں ہوئی۔

ایک سوال کے جواب میں اداکار مانی نے بتایا کہ وہ دل سے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رکن ہیں اور وہ بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لینے کا سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرح ایک دن 17 سال بعد پی ایس پی کو بھی حکومت کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید پڑھیں: حرا مانی کے کورونا کے شکار ہونے پر شوہر نے سوال اٹھا دیا

پروگرام میں فٹنیس پر بات کرتے ہوئے دونوں نے بتایا کہ وہ مصروفیات کے باوجود رات کو روز 30 منٹ تک ایکسرسائز کرتے ہیں جب کہ دونوں ڈائٹ بھی کرتے ہیں۔

حرا نے اعتراف کیا کہ ان کا وزن کم کرنے میں ان کے شوہر کا کردار ہے، انہوں نے ان کا فٹنیس ٹرینر بن کر ان کا وزن کم کیا۔

حرا نے انکشاف کیا کہ شوہر انہیں کترینہ کیف، کرینہ کپور اور دپیکا پڈوکون کی فٹنیس اور خوبصورتی کی مثالیں دے کر انہیں وزن کے طعنے دیتے تھے، جس پر انہوں نے بھی وزن کم کرنے کا ارادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین لگواتے وقت درد سے ’چیخنے‘ کی حرا مانی کی ویڈیو وائرل

اسی دوران حرا نے کہا کہ ویسے طعنے دینے والے شوہر اچھے ہوتے ہیں، ان کے طعنوں سے ہی بیویاں وزن کم کرلیتی ہیں۔

اسی دوران مانی نے کہا کہ انہیں بھی حرا ریتیک روشن اور شاہد کپور کی فٹنیس اور خوبصورتی کے طعنے دیتی ہیں اور اب انہیں بھی وزن کم کرنا پڑے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024