• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شیریں مزاری کا اقوام متحدہ کو خط خود کو بچاؤ اپیل ہے، مصدق ملک

شائع May 4, 2022
مصدق ملک نے پی ٹی آئی رہنما پر تنقید کی—فوٹو: اے پی پی
مصدق ملک نے پی ٹی آئی رہنما پر تنقید کی—فوٹو: اے پی پی

وزیر مملکت توانائی مصدق ملک نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور سابق وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوبین کو لکھے خطوط کو ‘ہمیں بچاؤ اپیل’ قرار دے دیا۔

سرکاری خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مصدق ملک نے پی ٹی آئی رہنما کے خطوط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطوط نہیں ‘ہمیں بچاؤ’ کی اپیل اور دہائی ہے۔

مزید پڑھیں: شیریں مزاری کا عمران خان کے خلاف ‘توہین مذہب قانون’ کے غلط استعمال پر اقوام متحدہ کو خط

انہوں نے کہا کہ ایک طرف پی ٹی آئی امریکا پر بیرون ملک سازش کی بات کر رہی ہے اور دوسری طرف اقوامِ متحدہ سے رحم کی اپیل کررہی ہے، یہ کیسی سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف آزادی کے دعوے کرتے ہیں اور دوسری جانب سیاست چمکانے کے لیے بیرون ملک خط لکھ رہے ہیں۔

وزیرمملکت نے کہ دوسروں پر فتوے باندھنے والی پی ٹی آئی لیڈر کس منہ سے اقوام متحدہ کو عرضیاں لکھ رہی ہیں۔

قبل ازیں شیریں مزاری کی جانب سے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوبین برائے ماورائے قانون مقدمات یا ماورائے قانون سزاؤں، آزادی رائے اور اظہار اور مذہب اور عقیدے کی آزادی کو خطوط لکھے گئے تھے۔

انہوں نے خطوط میں کہا کہ پاکستان میں جب سے ‘حکومت تبدیلی اسکیم’ کے تحت عمران خان کی حکومت ختم کرکے ‘منی لانڈرنگ اور کرپشن کے متعدد مقدمات میں نامزد اور ضمانت پر رہا’ شہباز شریف کی قیادت میں حکومت آئی ہے تب سے سیاسی بحران ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت مسجد نبویﷺ واقعے کے خلاف قانونی کارروائی کا حصہ بننے کے حق میں نہیں، وزیر داخلہ

اقوام متحدہ کے مندوبین کو لکھے گئے خطوط میں انہوں نے لکھا ہے کہ مارچ میں عمران خان کی حکومت نے کابینہ اجلاس میں قرار دیا تھا کہ سابق وزیراعظم کے خلاف ‘اسٹبلشمنٹ اور اپوزیشن جماعتوں’ کی مدد سے ‘امریکا نے سازش’ کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ‘اسٹبلشمنٹ کی حمایت سے’ جابرانہ اقدامات کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمشنر کو خط میں لکھا کہ ‘ریاستی میڈیا اور اکثر تمام نجی چینلز میں کروڑوں اشتہارات اور لاٹھی (اسٹبلشمنٹ) کے ذریعے مکمل بلیک آؤٹ کیا گیا اور اسی طرح حکومت پی ٹی سی ایل کنٹرول کر رہی ہے، جو کیبل آپریٹرز کو کنکشنز دے رہی ہے اور وہ جو بھی نجی چینل عمران خان کی بڑی ریلیوں کی کوریج کر رہا ہے، اس کو رسائی دینے سے انکار کر رہے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف دائر ہونے والے توہین مذہب کے مقدمات مسجد نبوی پر آنے والے واقعے پر ہیں جہاں شہباز شریف اور ان کے وزرا پر پاکستانی زائرین نے تنقید کی تھی۔

سابق وفاقی وزیر نے استدعا کی کہ وہ پاکستان حکومت سے مداخلت کرکے سیاسی مخالفین کے خلاف توہین مذہب کے استعمال سے روکیں، میڈیا سینسرشپ روکیں اور جابرانہ اقدامات کے تحت پرامن احتجاج پر قدغنیں لگانے اور احتجاج کے مقامات بند کرنے سے باز رکھیں۔

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوبین کو لکھے گئے خطوط کے حوالے سے شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کا ایک ذمہ دار رکن، عالمی معاہدوں اور قانون کی پابند ریاست ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024