• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان، متحدہ عرب امارات کا تجارت، توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق

شائع May 4, 2022
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اس برادرانہ اقدام کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتا ہے—فوٹو : اے پی پی
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اس برادرانہ اقدام کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتا ہے—فوٹو : اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے اقتصادی ماہرین کی ایک ٹیم نے ملاقات کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر اور پٹرولیم کے شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تسلسل میں یو اے ای کے معاشی وفد نے 3 مئی 2022 کو پاکستان کا اہم دورہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی اور عید کی تعطیلات میں پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کا وفد ’معاشی فیصلوں پر عمل درآمد‘ کے لیے پاکستان آئے گا

اعلامیے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے معاشی ماہرین سے ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے اور تعلقات کو خاص طور پر اقتصادی محاذ پر ایک نئی سطح تک لے جانے کا خواہشمند ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اس برادرانہ اقدام کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتا ہے اور اماراتی بھائیوں کی جانب سے پاکستان میں خاطر خواہ اور نمایاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کو خوش آمدید کہتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر، پٹرولیم اور دیگر اہم شعبوں سمیت دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق دونوں ممالک کی قیادت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

بعدازں وزیر اعظم نے اماراتی وفد کے لیے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب سے واپسی پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا، دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم پاک۔سعودی عرب تعلقات کو فروغ دینے کیلئے جدہ پہنچ گئے

ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور مختلف محاذوں پر تعاون کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

امارات نیوز ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تحفظات کے متعدد علاقائی اور عالمی معاملات کا جائزہ لیا تھا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات قصر الشاطی پیلس میں ہوئی، ملاقات کے دوران ابوظبی کے ولی عہد نے آنے والے دنوں میں پاکستان کو مزید ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جانے میں وزیر اعظم شہباز شریف کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز نے متحدہ عرب امارات کا دورہ، سعودی عرب کے سرکاری دورے سے واپسی پر کیا تھا جو کہ بطور وزیر اعظم ان کا پہلا دورہ تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024