• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

مرحومہ نائلہ جعفری کا آخری ڈراما پی ٹی وی پر نشر ہونے کیلئے تیار

شائع April 30, 2022
ڈرامے کے مرکزی کردار خواتین پر مشتمل ہیں—اسکرین شاٹ
ڈرامے کے مرکزی کردار خواتین پر مشتمل ہیں—اسکرین شاٹ

گزشتہ برس جولائی میں کینسر کے باعث انتقال کر جانے والی اداکارہ نائلہ جعفری کی موت کے ایک سال بعد ان کے شوٹ کروائے گئے آخری ڈرامے کو جلد ہی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کیا جائے گا۔

نائلہ جعفری طویل عرصے تک کینسر کا شکار رہنے کے بعد جولائی 2021 میں چل بسی تھیں، انہوں نے شدید علالت سے قبل پی ٹی وی کے لیے ایک خصوصی ڈراما شوٹ کروایا تھا۔

نائلہ جعفری کے شوٹ کروائے گئے آخری ڈرامے کے ٹیزر سامنے آنے کے بعد اس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور ڈرامے کو پی ٹی وی کے ماضی کے مقبول ڈراموں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طویل عرصے سے کینسر سے لڑنے والی اداکارہ نائلہ جعفری انتقال کرگئیں

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ ڈرامے کا نام کیا ہوگا اور اسے کب تک نشر کیا جائے گا، تاہم جلد ہی اس کے نام کے اعلان سمیت اس کی نشر کرنے کی تاریخ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

جاری کیے گئے ٹیزرس سے ڈرامے کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ ڈرامے میں محبت کے علاوہ قبائل کے درمیان روایتی دشمنی کی جنگ بھی دکھائی جائے گی۔

نائلہ جعفری قبیلے کی سردار خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
نائلہ جعفری قبیلے کی سردار خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ

ٹیزرس سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈرامے میں خواتین کے کردار اہم ہوں گے اور وہی جنگجو قبائل کی سرداری کرتی دکھائی دیں گی۔

ڈرامے کے حوالے سے اداکارہ نادیہ افغن نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پی ٹی وی سے معاہدے کے تحت ڈرامے کا نام نہیں بتا سکتیں، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ ڈراما پی ٹی وی کے ماضی کے مقبول ڈراموں کو تسلسل ہوگا اور شائقین اسے بے حد پسند کریں گے۔

نادیہ افغن نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے کی کہانی دو قبائل ’لالی‘ اور ’ملکانی‘ کے درمیان طویل سالوں سے چلتی آنے والی جنگ اور ایک دوسرے سے برتری حاصل کرنے کی روایت پر مبنی ہے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ وہ ’ملکانی‘ قبیلے کی سردار خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جب کہ ’لالی‘ قبیلے کی سردارن کا کردار مرحوم نائلہ جعفری نے ادا کیا ہے۔

نادیہ افغن نے بتایا کہ ڈرامے کی کہانی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب ان کے بیٹے کو دشمن قبیلے ’لالی‘ کی خوبرو لڑکی سے محبت ہو جاتی ہے، جس پر ایک بار پھر مذکورہ دونوں قبائل میں جنگ چھڑ جاتی ہے۔

ان کے مطابق ڈرامے میں جنگ کے علاوہ محبت اور محبت سے نفرت کرنے والے لوگوں کو بھی دکھایا گیا ہے اور اسے بہت بڑے بجٹ سے تیار کیا گیا ہے۔

نادیہ افغن کا کہنا تھا کہ ڈرامے کی کاسٹ کے لیے خصوصی لباس تیار کروائے گئے جب کہ ڈرامے کی زیادہ تر شوٹنگ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں ہوئی ہے۔

ڈرامے کی ہدایات عبداللہ بادینی نے دی ہیں جب کہ اس کی کہانی علی معین نے لکھی ہے۔

ڈرامے کی کاسٹ میں نادیہ افغن، نائلہ جعفری، ثمن انصاری، ایوب کھوسہ، سبیکا امام، ہادی بن ارشد، حسن نیازی، محسن گیلانی اور روز محمد سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024