• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی سی بی کا اکتوبر میں پہلی پاکستان جونیئر لیگ کرانے کا اعلان

شائع April 29, 2022
پہلی جونیئر لیگ اکتوبر میں منعقد کی جائے گی، حکام—فوٹو: پی سی بی میڈیا ٹوئٹر
پہلی جونیئر لیگ اکتوبر میں منعقد کی جائے گی، حکام—فوٹو: پی سی بی میڈیا ٹوئٹر

اسپانسرز اور پارٹنرز کی جانب سے پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) میں بھرپور دلچسپی ظاہر کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں برس کے اختتام پر پہلی جونیئر لیگ کرانے کا اعلان کردیا۔

پی سی بی نے ابتدائی طور پر رواں ماہ کے آغاز میں ملک میں منفرد طرز کی کرکٹ لیگ کرانے کا اعلان کیا تھا مگر اب اسپانسرز اور پارٹنرز کی دلچسپی کے بعد کرکٹ بورڈ نے لیگ کی تفصیلات بھی جاری کردیں۔

پی سی بی کے مطابق 6 شہروں سے منسوب فرنچائز ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ یکم سے 15 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور ایونٹ میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان جونیئر لیگ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹنگ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، ہر ڈریسنگ روم میں ایک شہرہ آفاق کرکٹر بحیثیت مینٹور یا کوچ موجود رہے گا۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق انڈر 19 کی سطح پر یہ اپنی نوعیت کی پہلی ٹی ٹونٹی لیگ ہوگی جہاں ملکی اور غیر ملکی نوجوان کرکٹرز شرکت کریں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس منصوبے کے تحت ہر غیر ملکی کھلاڑی کو اپنے والدین میں سے کسی ایک کو اپنے ہمراہ لانے کی اجازت ہوگی، اس صورت میں اخراجات ٹورنامنٹ کے منتظمین یا اس کھلاڑی کی فرنچائز برداشت کرے گی۔

یہاں یہ بات بھی قاتل ذکر ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ حال ہی میں لانچ کیے گئے پی سی بی پاتھ وے کرکٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ پاتھ وے کرکٹ پروگرام کے تحت پی سی بی اور اس کے دو شراکت داروں، بی آر بی گروپ اور اینگرو کارپوریشن نے 100 باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو تعلیمی اسکالرشپ اور غیرملکی کوچز سے تربیت کے علاوہ 30 ہزار روپے ماہوار وظیفہ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

اسپانسرز اور پارٹنرز کی جانب سے جونیئر لیگ میں دلچسپی ظاہر کیے جانے پر کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسپانسرز کی دلچسپی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے عزائم مزید پختہ ہوئے ہیں کہ پاکستان میں کرکٹ کی ایک بڑی اور مضبوط کمرشل مارکیٹ موجود ہے جہاں ہمارے پارٹنرز بخوشی سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے کامیاب انعقاد اور پی سی بی کے تشخص میں بہتری آنے کے بعد ممکنہ اسپانسرز نے شہروں کی بنیاد پر منعقدہ پاکستان جونیئر لیگ میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ اسپانسرز اور کمرشل پارٹنرز اس کھیل اور ادارے کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس پس منظر میں وہ فرنچائز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کرنے والوں کے مشکور ہیں۔

اگلے مرحلے میں اب پی سی بی عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کے لئے ٹینڈر جاری کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024