ماہرہ خان کو ’صدقے تمہارے‘ میں کاسٹ کرنا گناہ تھا، خلیل الرحمٰن قمر
معروف ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ ان کے پرانے ڈرامے صدقے تمہارے میں ماہرہ خان کو کاسٹ کیا جانا گناہ تھا اور وہ اس گناہ پر ہمیشہ ملامت کرتے رہیں گے۔
خلیل الرحمٰن قمر نے 28 اپریل کو ماہرہ خان کی جانب سے انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کرتے ہوئے اداکارہ کو کاسٹ کرنے کو گناہ قرار دیا۔
خلیل الرحمٰن قمر نے لکھا کہ وہ اپنے گناہ پر ہمیشہ ملامت کرتے ہیں گے کہ انہوں نے ماہرہ خان کو صدقے تمہارے میں ایک اچھے کردار کے لیے کاسٹ کیا تھا۔
انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں ماہرہ خان کی پرانی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مذکورہ ٹوئٹ اس عورت کی وہ ٹوئٹ ہے جو انہوں نے ماروی سرمد کے ساتھ ہونے والے واقعے کے ایک دن بعد کی تھی۔
ساتھ ہی ڈراما ساز نے لکھا کہ وہ ماہرہ خان کی بہت عزت اور احترام کرتے تھے مگر اداکارہ کی زبان اور ان کا گھٹیاپن وہ کبھی بھی نہیں بھلا پائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان کی ٹوئٹ ’نامناسب و چونکا' دینے والی تھی، خلیل الرحمٰن قمر
خلیل الرحمٰن قمر نے مذکورہ ٹوئٹس میں ایک ایسے وقت میں کیں جب کہ ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر صدقے تمہارے کا ایک سین شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا تھا کہ مذکورہ ڈراما اب یوٹیوب پر بھی ریلیز کردیا گیا۔
صدقے تمہارے کو 2014 میں جاری کیا گیا تھا، جسے شائقین کی جانب سے کافی سراہا گیا تھا اور ماہرہ خان کی جانب سے حال ہی میں ڈرامے کی کلپ شیئر کیے جانے پر شوبز شخصیات نے بھی ان کی اداکاری کی تعریفیں کیں مگر خلیل الرحمٰن قمر نے ان کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ان پر تنقید کی۔
اس سے قبل اپریل 2021 میں بھی خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کی جانب سے اپنے خلاف ٹوئٹ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ماہرہ خان کی جانب سے ان کے خلاف مئی 2020 میں کی جانے والی ٹوئٹ کو ’نامناسب و چونکا دینے‘ والی تھی۔
ماہرہ خان نے مارچ 2020 میں خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے سماجی رہنما ماروی سرمد کے لیے ٹی وی کے پروگرام پر نامناسب زبان استعمال کیے جانے پر ٹوئٹ کی تھی۔
خلیل الرحمٰن قمر نے عورت مارچ کے حوالے سے ہونے والے ایک ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی تھی، جس پر شوبز شخصیات نے ڈراما نگار پر خوب تنقید کی تھی۔
خلیل الرحمٰن قمر پر تنقید کرنے والی شوبز شخصیات میں ماہرہ خان بھی شامل تھیں، جنہوں نے 4 مارچ 2020 کو ڈراما نگار کے خلاف ٹوئٹ کی تھی۔
ماہرہ خان نے خلیل الرحمٰن قمر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ ٹی وی اسکرین پر عورتوں کی تضحیک کرنے والے شخص کی جانب سے ماروی سرمد کے لیے کہے گئے الفاظ پر حیران ہیں۔
اداکارہ نے ڈراما نگار کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ وہی شخص ہیں، جنہیں عورتوں کی تضحیک کے بعد ایک کے بعد ایک منصوبہ دیا جاتا ہے۔