• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے، مریم اورنگزیب

شائع April 27, 2022
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اسلام آباد میں پریس کانفرنس  کررہی تھیں — فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کررہی تھیں — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے، نیکٹا کا اجلاس فوری بلایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، واقعہ بہت افسوسناک ہے، چینی شہریوں کی سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا جارہا ہے، چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چینی سفارتخانے کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تفتیش جلد مکمل کرکے آگاہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ ملک کے تمام صوبوں کا دورہ کریں گے اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے، آج وہ سندھ کا دورہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ ذاتی خرچ پر کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا تھا جس کے باعث ملک میں امن برقرار ہوا تھا، نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے، نیکٹا کا اجلاس فوری بلایا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کو لوڈشیڈنگ اور پیٹرول کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے، وزیراعظم نے فوری طور پر ہدایات دی ہیں کہ ملک سے جلد لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لیا ہے اور بہت جل ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاور پلانٹس کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے، 27 پلانٹس میں سے 7 یونٹس اور 3 پلانٹس کی مرمت کا کام جاری ہے جو جلد مکمل کرکے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا، اس وقت ملک میں 200 سے 500 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے جس کو جلد دور کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد عام انتخابات ہوں گے، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیزل کی قلت نہیں ہے جبکہ اس کی ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے بھی صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے اور وزیر اعظم نے صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔

'عمران خان 4 سال تک اقتدار سے چمٹنے رہے، ان کی کنٹینر والی تقریر نہیں بدلی'

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان گزشتہ کئی سالوں سے ایک تقریر دہراتے ہیں جس میں مخالفین پر الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان چار سال تک اقتدار سے چمٹنے رہے لیکن ان کی کنٹینر والی تقریر نہیں بدلی، تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود سیاسی مخالفین کے خلاف انہیں کچھ نہ ملا، اگر کرپشن اور منی لانڈرنگ ہوئی تو ثابت کیوں نہیں کی، پی ٹی آئی حکومت کی معاشی دہشت گردی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کا حساب دینے کے بجائے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دے رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں، الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، کیوں کرائیں الیکشن، الیکشن وقت پر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان، وزیر اعظم شہباز شریف کی کارکردگی اور عوامی خدمت سے خوفزدہ ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اس اتحادی حکومت کے اقدامات کے باعث عوام کو ریلیف ملے گا تو لوگ ان کی شکل بھی بھول جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب کا پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور حکومت میں میڈیا کی زبان بندی کی گئی، صحافیوں پر حملے کیے گئے، صحافیوں کو بےروزگار کیا گیا، ان کے پروگرام بند کیے گئے، صحافیوں کو دھونس، دھمکی اور غنڈہ گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں سینسرشپ نافذ کی گئی، ان کے دور میں پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا متنازع قانون نافذ کرنے کی کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان لیکچر دے رہے ہیں کہ میرے دور میں یہ ہوتا تھا یہ نہیں ہوتا تھا، آپ کے دور میں کشمیر پر مودی نے قبضہ کیا، آپ نے کشمیر فروشی کی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ آپ نے مخالفین کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے، جھوٹے مقدمات بنائے، ان کو جیلوں میں ڈالا مگر کوئی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ سابق سربراہ آیف آئی اے نے کہا کہ ان لوگوں پر کیس نہیں بنتے جن پر مقدمات بنانے کا عمران خان مطالبہ کر رہے تھے تو انہوں نے شہزاد اکبر کی سربراہی میں مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے ایسٹ ریکوری یونٹ بنا دیا۔

'عمران خان خالی کاغذ لہرا کر سازش کی بات کر رہے ہیں'

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بلیک آؤٹ پاکستان کے عوام کر رہے ہیں، ان کا بلیک آؤٹ ان کی بری کارکردگی، ان کی نااہلی اور نالائقی کے باعث ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان یاد رکھیں ظلم حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے، مریم اورنگزیب

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک سادہ کاغذ لہرا لہرا کر سازش کی بات کر رہے ہیں، وہ یہ کاغذ اس لیے لہرا رہے ہیں کیونکہ ان کی کارکردگی کا صفحہ خالی ہے، آپ کتنی دیر تک یہ کاغذ لہرا لیں گے، پاکستان کے عوام اچھی طرح اس کی حقیقت جانتے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خالی کاغذ لہرا رہے ہیں کیونکہ کارکرگی بتانے کے لیے ایک لائن بھی نہیں ہے، ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک نوکری نہیں ہے، 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر بھی نہیں ہے، ایک میگاواٹ بجلی بنانے کی کارکردگی درج نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا عمران خان خالی کاغذ لہرا کر کتنی دیر سازش کا جھوٹا بیانیہ چلائیں گے، ان کو شرم آنی چاہیے، پاکستان کے عوام اس طرح کے کسی بیان پر یقین نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے ملک میں سیاست کرنی ہے تو ان کو اپنی کارکردگی بتانی پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک بار پھر کنٹینر پر چڑھ گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کی نااہلی کے باعث مہنگائی کا عذاب بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی کے چیئرمین کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کردی ہے جبکہ عاصم احمد کو چیئرمین ایف بی آر مقرر کردیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024