• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ٹوئٹر کی فروخت کا معاہدہ طے پا گیا، ایلون مسک مالک بن گئے

شائع April 26, 2022
ایلون مسک ٹوئٹر کے اکیلے مالک ہوں گے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
ایلون مسک ٹوئٹر کے اکیلے مالک ہوں گے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی فروخت کا معاہدہ طے پاجانے کے بعد دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کمپنی کے نئے مالک بن گئے۔

امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایلون مسک کی بھاری رقم کی پیش کش قبول کرلی ہے، جس کے بعد کچھ دستاویزی کارروائیوں کے بعد ٹوئٹر ایلون مسک کی ملکیت بن جائے گا۔

اسی حوالے سے ’رائٹرز‘ نے بتایا کہ ٹوئٹر منتظمین نے ایلون مسک کے ساتھ ڈیل کرنے کی رضامندی کی تصدیق کردی، جس کے بعد اب دنیا کے ارب پتی امریکی شخص ٹوئٹر کے اکیلے مالک بن جائیں گے۔

معاہدے کے تحت ٹوئٹر کے بانی اور شریک بانی سمیت اس کے تمام شیئر ہولڈرز کو مجموعی طور پر 44 ارب ڈالر یعنی اس وقت 82 کھرب روپے سے زائد کی رقم ملے گی۔

خریداری کے معاہدے کے تحت ہر شیئر ہولڈر کو فی حصص 54 ڈالر یعنی پاکستانی 4 ہزار 200 روپے کی رقم ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک کی پیشکش کے بعد ٹوئٹر نے اپنی فروخت روکنے کیلئے قانون کا سہارا لے لیا

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدے جانے کے بعد ٹوئٹر اب عوامی کمپنی نہیں رہے گی اور وہ واحد شخص کی ملکیت کے طور پر نجی کمپنی ہوجائے گی اور اس کے زیادہ تر فیصلوں کا اختیار بھی ان کے پاس ہی ہوگا۔

ایلون مسک نے ابتدائی طور پر دو ہفتے قبل ٹوئٹر کو خریدنے کے لیے 44 ارب ڈالر کی پیش کش کی تھی، جس پر ابتدائی طور پر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے بانی اور شریک بانی سمیت اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور شیئر ہولڈرز نے مخالفت کی تھی۔

تاہم بعد ازاں ایلون مسک کی جانب سے کی گئی پیش کش پر تمام شیئر ہولڈرز اور مالکان راضی ہوگئے اور اب ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان حتمی دستاویزات پر دستخط ہونے کے بعد ٹوئٹر ایلون مسک کی ملکیت بن جائے گی۔

ایلون مسک کی جانب سے 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کو خریدے جانے کی ڈیل کو اب تک کی ٹیکنالوجی انڈسٹری کی سب سے بڑی ڈیل کہا جا رہا ہے، کیوں کہ گزشتہ دو دہائیوں میں کوئی بھی انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی کمپنی اور ایپلی کیشن اتنی بڑی خطیر رقم میں فروخت نہیں ہوئی۔

ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے ڈیل کی تصدیق کیے جانے کے بعد ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹس میں اس امید کا اظہار کیا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کے حریف بھی ٹوئٹر پر موجود رہیں گے، کیوں کہ سینسر شپ فری پلیٹ فارم کا یہی مقصد ہوتا ہے کہ وہاں ہر کوئی موجود ہو۔

علاوہ ازیں ایلون مسک نے نشریاتی ادارے سے ٹوئٹر کو سینسر شپ فری کیے جانے کی اپنی بات کا اسکرین شاٹ بھی ٹوئٹ کیا۔

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدے جانے کے بعد ٹوئٹر پر ان کے نام کے ہیش ٹیگز بھی ٹاپ پر آگئے اور لوگوں نے طرح طرح کی میمز شیئر کیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024