• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پاکستانی سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر

شائع April 26, 2022 اپ ڈیٹ April 27, 2022

اقتدار سے نکلنے کے بعد پشاور، کراچی اور لاہور کے جلسوں میں سابق وزیرِاعظم عمران خان نے مزید جوش و خروش سے بپھرے ہوئے حامیوں کے سامنے ایک بار پھر اپنی مخالف جماعتوں، خاص طور پر زرداری اور نواز خاندان کو اپنے معروف اور زبان زدِ عام چور، ڈاکو، ڈیزل اور بھگوڑے جیسے القابات سے نوازا۔

عمران خان عوامی جلسوں میں کوشش کرتے ہیں کہ تقاریر میں اپنے حامیوں کی اخلاقی اور مذہبی حوالوں سے تربیت کریں مگر 3، 4 منٹ بھی نہیں گزرتے کہ عوام کو ان کے منہ سے چور، ڈاکو اور ڈیزل سننے کی طلب بے چین کرنا شروع کردیتی ہے۔ عمران خان جو بہرحال عوام کی نبض جانچنے میں کمال حاصل کرچکے ہیں، نعروں اور گانوں کی گونج میں محو ہوجاتے ہیں۔

میں صحافت اور سیاست کے ایک طالب علم کی حیثیت سے برسہا برس سے جلسے جلوسوں میں شریک ہوتا رہا ہوں۔ عمران خان سے پہلے پیپلز پارٹی کے بانی بھی گھنٹوں خطاب کرتے تھے، عوام کو ہنسانے، رلانے اور اپنے ساتھ بہا لے جانے کا جو فن بھٹو صاحب میں تھا عمران خان ابھی وہاں تک نہیں پہنچے ہیں۔ بھٹو صاحب کے مقابلے میں عمران خان کو فوقیت یہ حاصل ہے کہ وہ اب اسکرینوں پر براہِ راست بھی چلتے ہیں۔

عمران خان ایک بار پھر جلسوں میں مخالفین کو چور، ڈاکو، ڈیزل اور بھگوڑے کے نام سے پکار رہے ہیں—تصویر بشکریہ پی ٹی آئی
عمران خان ایک بار پھر جلسوں میں مخالفین کو چور، ڈاکو، ڈیزل اور بھگوڑے کے نام سے پکار رہے ہیں—تصویر بشکریہ پی ٹی آئی

یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اب ہماری اسکرینوں پر جو خبریں، سیاسی شو اور ڈرامے چلتے ہیں انہیں منٹ نہیں گزرتے کہ 'ریموٹ' پر انگلیاں چینل تبدیل کرنے لگتی ہیں۔ خان صاحب کے حامی تو خیر ان کی عقیدت و محبت میں گھنٹوں اسکرین سے لگے ہوتے ہیں مگر مخالفین کی مجبوری یہ ہے کہ 'ساری اسکرینوں پر ہی ان کا گھنٹوں راج ہوتا ہے'۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور عمران خان کے سیاسی مخالفین ہی نہیں اچھے خاصے پڑھے لکھے لوگوں کا بھی خیال ہے کہ عمران خان نے معروف اصطلاح میں 'گالم گلوچ کے کلچر' کو فروغ ہی نہیں دیا بلکہ اسے سکّہ رائج الوقت بنادیا ہے۔

ایک حد تک یہ بات درست بھی ہوسکتی ہے مگر معذرت کے ساتھ کہوں گا کہ بدقسمتی سے سیاست میں 'گالم گلوچ' کی روایت کا آغاز قائدِاعظم کی رحلت کے بعد ہی ہوگیا تھا۔ سب سے زیادہ حیرت اور افسوسناک امر یہ ہے کہ بھرے جلسے میں غیر ملکی ڈگری یافتہ، شستہ و شائستہ، قائدِاعظم کے دست راست اور پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم لیاقت علی خان جیسے خاندانی نوابزادے سے اس کا آغاز ہوتا ہے۔

حال ہی میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے شیخ مجیب الرحمٰن کی ادھوری یادیں شائع کی ہیں۔ وہ صفحہ نمبر 171 پر لکھتے ہیں کہ کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ لیاقت علی خان نے وزیرِاعظم حسین شہید سہروردی کے بارے میں کہا تھا کہ 'بھارت نے یہ کتّا ہم پر چھوڑ دیا ہے'۔

پھر صفحہ نمبر 173 پر ہے کہ نواب صاحب ایک اور جلسے سے خطاب کرتے ہیں کہ 'جس نے بھی عوامی لیگ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی کوشش کی اس کا سر توڑ دوں گا'۔ پاکستان کی بانی جماعت مسلم لیگ کے قائد اور وزیرِاعظم کا یہ بیان یقیناً ریڈیو پاکستان کی آرکائیو میں محفوظ ہوگا۔

قائدِاعظم کے دست راست لیاقت علی خان  نے بھی مخالفین کے لیے سخت زبان استعمال کی—تصویر: ڈان/وائٹ اسٹار آرکایئوز
قائدِاعظم کے دست راست لیاقت علی خان نے بھی مخالفین کے لیے سخت زبان استعمال کی—تصویر: ڈان/وائٹ اسٹار آرکایئوز

سابق گورنر جنرل غلام محمد تو اپنے وزرائے اعلیٰ کو بھری محفل میں مغلظات سے نوازتے تھے۔ اس کا ذکر ممتاز بیوروکریٹ قدرت اللہ شہاب نے اپنی سوانح شہاب نامہ میں بڑی تفصیل اور مزے لے کر کیا ہے۔

شہاب نامہ میں ہی قدرت اللہ شہاب اس وقت کے گورنر مغربی پاکستان نواب کالا باغ کی زبان سے سیاستدانوں کے بارے جو پھول جھڑے تھے اس کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ایک دن شام کو گورنر ہاؤس کے لان میں نواب کالا باغ کے سامنے چوہدری ظہور الہٰی (ہمارے محترم چوہدری شجاعت حسین کے والد) کا ذکر چھڑگیا۔ نواب صاحب نے اپنی مونچھوں کو انگلیوں سے مروڑتے ہوئے کہا یہ ظہور ناقابلِ برداشت ہورہا ہے۔ پاس بیٹھے ایک پولیس افسر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا 'اگر یہ باز نہیں آیا تو اس پر یہ السیشن چھوڑ دوں گا'۔ نواب کالا باغ کے ظلم و بربریت کی کہی ان کہی بے شمار داستانیں ہیں جو ان دنوں شائع نہ ہوسکیں۔

سابق گورنر جنرل غلام محمد تو اپنے وزرائے اعلیٰ کو بھری محفل میں مغلظات سے نوازتے تھے—تصویر: ملک غلام محمد آرکایئوز
سابق گورنر جنرل غلام محمد تو اپنے وزرائے اعلیٰ کو بھری محفل میں مغلظات سے نوازتے تھے—تصویر: ملک غلام محمد آرکایئوز

نواب کالا باغ کا انجام بھی بڑا عبرتناک ہوا۔ ان کا قتل ان کے بیٹوں کے ہاتھوں ہی ہوا بلکہ ان کی قبر تک کو جلا دیا گیا۔ جنرل ایوب خان اور یحییٰ خان کے دورِ حکمرانی نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصانات پہنچائے حتیٰ کہ وطنِ عزیز دولخت ہوگیا مگر اپنے مخالفین کے بارے میں ان کے بیانات کہیں ریکارڈ میں محفوظ نہیں۔ البتہ پاکستانی سیاست کے سحر انگیز اور مقبول ترین رہنما ذوالفقار علی بھٹو کے طرزِ سیاست اور طرزِ خطابت کی تفصیل میں جاؤں تو ایک دفتر مرتب ہوجائے۔ بھٹو صاحب میں ذہانت و فطانت کے ساتھ حسِّ مزاح بھی تھی۔ اس دور میں آج کی طرح اسکرینیں نہیں تھیں مگر جلسے جلوس اور محفلوں میں ان کے جملے 'پر لگا کر' اڑتے تھے۔

اس وقت کے صوبہ سرحد کے سابق وزیرِاعلیٰ خان عبدالقیوم خان کو ایک بار جلسے میں ڈبل بیرل خان کی پھبتی کسی جو ساری زندگی ان کے نام کے ساتھ جڑی رہی۔ دلچسپ بات دیکھیں کہ بعد میں خان صاحب بھٹو صاحب کے اقتدار میں آنے کے بعد ان کے وزیرِاعلیٰ بنے۔

بھٹو صاحب اقتدار سے محروم ہوئے تو ایئر مارشل اصغر خان نے ان کے خلاف تحریک چلائی۔ بھٹو صاحب رہا ہوئے اور ایئر مارشل مخالف کیمپ میں گئے تو ایئر مارشل کو آلو خان کے نام سے خطاب کرتے جس سے مجمع لوٹ پوٹ ہوجاتا۔ ایئر مارشل اس پھبتی کو کبھی نہیں بھولے اور جب بھٹو صاحب کے خلاف قومی اتحاد کی تحریک چلی تو ان کے اس جملے نے بڑی شہرت پائی کہ 'میں بھٹو کو ہالہ کے پُل پر لٹکاؤں گا'۔

تالپور برادران یعنی احمد تالپور اور میر رسول بخش تالپور پیپلز پارٹی کے بانیوں میں سے تھے اور اپنا ایک شاہانہ مزاج رکھتے تھے۔ بھٹو صاحب نے ان کے گھر ہونے والے جلسے میں باقاعدہ ان بھائیوں کا نام لے کر وہ گالی دی جسے لکھا نہیں جاسکتا۔

جلسوں اور محفلوں میں بھٹو صاحب کے جملے 'پر لگا کر' اڑتے تھے—تصویر: ڈان/وائٹ اسٹار آرکایئوز
جلسوں اور محفلوں میں بھٹو صاحب کے جملے 'پر لگا کر' اڑتے تھے—تصویر: ڈان/وائٹ اسٹار آرکایئوز

اگر بھٹو صاحب کی مخالفین پر پھبتی شہرت پاتی تو اسی طرح اپنی پارٹی کے جن رہنماؤں سے محبت کا اظہار کرتے وہ جملہ بھی ان کے ساتھ ساری زندگی کے لیے چپک جاتا۔

ممتاز بھٹو کو گورنر بنایا تو انہیں ٹیلینٹڈ کزن کا نام دیا۔ عبدالحفیظ پیرزادہ کو ایک بار سوہنا منڈا کہا جو ساری زندگی ان کے نام کے ساتھ جڑا رہا۔ کراچی میں پارٹی کے ایک رہنما سامنے آئے تو ان کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے Khan Doing Nothing کہا۔ موصوف اب سیاست سے ریٹائر ہوچکے ہیں، ذہن میں نام آیا تو بھٹو صاحب یاد آگئے۔

یقیناً پاکستانی سیاسی تاریخ میں بھٹو صاحب جیسا کرشمہ ساز عوامی سیاستدان پیدا نہیں ہوا مگر ڈھیر ساری مغربی ڈگریوں سے لیس قابلیت اور علمیت کے باوجود ان کے اندر کا جاگیردار نہیں نکلا۔ اس وجہ سے شعوری یا غیر شعوری طور پر جذبات سے مغلوب ہوکر وہ اپنے مخالفین کی دشمنی میں اتنے آگے بڑھے کہ بدقسمتی سے جب ان کو پھانسی لگی تو بقول ان کے ہمالیہ نہیں رویا۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ بھٹو صاحب نصف صدی بعد بھی پیپلز پارٹی اور ان کے نواسے کی صورت میں لاکھوں عوام میں زندہ رہے۔

90 کی دہائی میں بھٹوز اور شریفوں کے درمیاں سیاسی جنگ میں دونوں جانب سے ایسے ایسے زہریلے جملے آتے تھے کہ آج ضرب المثل ہیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کا، زرداری کا 'پیٹ پھاڑ کے پیسے نکلوانا' ہمارے کپتان کی ہر تقریر میں ٹیپ کا بند ہوتا ہے۔

میاں نواز شریف کی وہ تقریر مجھے آج بھی یاد ہے جب اسلام آباد میں بھارتی وزیرِاعظم راجیو گاندھی سے وزیرِاعظم بے نظیر بھٹو نے ہاتھ ملایا تو میاں صاحب نے کہا تھا کہ اس ناپاک ہاتھ سے میں کبھی ہاتھ نہیں ملاؤں گا۔ حال ہی میں بلاول کے میاں صاحب سے ہاتھ ملاتے ہوئے خیال آیا کہ سیاست کتنی بے رحم اور سفاک ہوتی ہے۔ بلاول کو شاید یہ بھی یاد نہ ہو کہ میاں صاحب نے ان کی والدہ اور نانی کے پوسٹر ہیلی کاپٹر سے شہر لاہور میں گرا کر ایک ایسی روایت قائم کی تھی جس کی مثال نہیں ملتی۔

بلاول اور میاں نواز شریف کی تصویر دیکھی تو خیال آیا کہ سیاست کتنی سفاک ہوتی ہے— تصویر: ٹوئٹر
بلاول اور میاں نواز شریف کی تصویر دیکھی تو خیال آیا کہ سیاست کتنی سفاک ہوتی ہے— تصویر: ٹوئٹر

یہ لیجیے بات کپتان کی بدزبانی سے شروع ہوئی تھی اور میں قطعی طور پر ماضی کی مثالیں دے کر ان کا جواز پیش نہیں کرنا چاہتا۔

مجاہد بریلوی

مجاہد بریلوی ’جالب جالب‘، ’فسانہ رقم کریں‘ اور ’بلوچستان مسئلہ کیا ہے‘ کے مصنف ہیں۔ 2002ء میں پاکستان کے پہلے نجی چینل پر مجاہد آن لائن نامی پروگرام کی میزبانی کی اور پھر 8 سال تک سی این بی سی پر پروگرام ’دوسرا پہلو‘ کی میزبانی کرتے رہے۔ اس کے علاوہ ڈان نیوز ٹی وی پر ’سوال سے آگے‘ کی میزبانی بھی وہ کرچکے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

Taj Ahmad Apr 26, 2022 09:27pm
Very nice and true article, our political culture using harsh languages against each other’s is terrible now and this be must changed with nicer and respectful words against each other’s.
Syed Nazim Apr 27, 2022 05:34am
Two blunders are responsible for the present state of Pakistan. 1. Not ensuring accession of Kashmir to Pakistan in spite over whelming Muslim majority. Nehru took away Hindu majority portions of Punjab and Bengal. We could not afford to loose rivers sources as Pakistan was solely dependent on agriculture. 2. By not abolishing zamindari , Pakistan has become hostage to feudals. Zamindars overwhelm parliament, dont allow income tax on farm income although many of them own thousands of acres and earn billions .Government spends trillions to provide them water .They are responsible for slave like life of tillers and farm labour.Fifty percent potential of Pakistan population is at zamindars mercy
ALLIABSOLUTIONS Apr 27, 2022 10:23am
Ill timed column. Mujahid has justified IKs abusive language

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024