• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عہدے سے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، چیف الیکشن کمشنر

شائع April 24, 2022
سکندر راجا کو جنوری 2020 میں عہدے پر تعینات کیا گیا تھا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
سکندر راجا کو جنوری 2020 میں عہدے پر تعینات کیا گیا تھا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ ان کا عہدے سے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ ’ملک کے بہتر مفاد میں کام جاری رکھیں گے‘۔

سکندر سلطان راجا کا یہ بیان پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے استعفے کے مطالبے کے بعد سامنے آیا۔

اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ ان کی جماعت چیف الیکشن کمشنر کو ’جانبدار‘ سمجھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں اور ان کے تمام تر فیصلے پارٹی کے خلاف ہوتے ہیں۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر سلطان راجا نے عمران خان کی جانب سے کیا گیا استعفے کے مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ایسی کوئی وجہ ہی نہیں جس پر میں استعفیٰ دینے کے بارے میں سوچوں‘۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کو وزیراعظم کیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ ’میں ملک کے بہتر مفاد میں کام کر رہا ہوں اور یہ جاری رکھوں گا‘۔

گزشتہ ہفتے عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ سکندر سلطان راجا کو الیکشن کمیشن کا سربراہ بنانے کی تجویز اسٹیبلشمنٹ نے دی تھی۔

بنی گالہ میں صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی ملاقات میں مختلف امور پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعطل کے بعد اسٹیبلشمنٹ نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجا کے نام کی تجویز دی تھی، کیونکہ آزاد ادارے سے الیکشن کمیشن کا سربراہ نامزد کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔

عمران خان نے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے، ای سی پی نے حلقہ بندی بروقت نہیں کروائی جس کی وجہ سے ان کی ’نااہلی‘ ظاہر ہوتی ہے اور اس وجہ سے قبل از وقت انتخابات میں بھی تاخیر ہوئی ہے۔

لاہور میں منعقدہ جلسے میں چیئرمین پی ٹی آئی نے الزامات دہراتے ہوئے الیکشن کمشنر کو جانبدار قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ’مسلم لیگ (ن) کو عہدہ دینے سے متعلق ان کا جھکاؤ واضح تھا‘۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جعلی بیانیے کے ذریعے الیکشن کمشنر کو نشانہ بنا رہی ہے، مریم اورنگزیب

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان، پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے سے قبل جعلی بیانیے کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر کو نشانہ بنائیں گے۔

سکندر سلطان راجا کو جنوری 2020 میں عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، وہ پہلے بیوروکریٹ ہیں جو ملک کے سب سے بڑے انتخابی ادارے کی سربراہی کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے سربراہ کی تعیناتی کا فیصلہ دوطرفہ 12 رکنی پارلیمانی پینل نے کیا تھا، جو بعد ازاں منظوری کے لیے وزیر اعظم کو بھیجا گیا تھا۔

سابق وزیر برائے انسانی حقوق اور پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کی جانب سے پارلیمانی باڈی کے اجلاس کی سربراہی کے دوران فیصلہ کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرنا اراکین پارلیمنٹ کی ذمہ داری بھی تھی، پارلیمانی معاملات کا فیصلہ پارلیمنٹ کو ہی کرنا چاہیے۔

شیریں مزاری نے یہ بات ڈیڈلاک کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہی تھی، جس کے سبب ای سی پی کم از کم ڈیڑھ ماہ سے غیر فعال تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

جنید طاہر Apr 24, 2022 01:38pm
شریفستان کے لیے تو آپ کی خدمات شاہد قابلِ قدر ہوں لیکن جب کبھی پاکستان کی تاریخ لکھی جائے گی تو مورخ “کن” الفاظ میں یاد کرے گا اور “کن”لوگوں کے ساتھ آپ کا ذکر کرے گا ۔۔۔۔۔ وہ بتانے کی ضرورت نہیں

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024