• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’لندن نہیں جاؤں گا‘ کو ترکی میں ریلیز کیے جانے کا امکان

شائع April 23, 2022
فلم میں مہوش حیات اور ہمایوں سعید مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
فلم میں مہوش حیات اور ہمایوں سعید مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

اداکارہ مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کو اسلامی ملک ترکی میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے اور ممکنہ طور پر مذکورہ فلم ترکی میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہوگی۔

اس وقت ’لندن نہیں جاؤں گا‘ شوٹنگ کے مراحل میں ہے اور فلم کی ٹیم ترکی میں موجود ہے۔

فلم کے پروڈیوسر عرفان ملک نے ’انادولو ایجنسی‘ (اے اے) کو بتایا کہ ترکی میں فلموں کی شوٹنگ کے لیے نہ صرف بہترین لوکیشنز موجود ہیں بلکہ وہاں تکنیکی عملہ بھی انتہائی پیشہ ورانہ ہے جب کہ وہاں 8 ہزار سینما بھی ہیں۔

پروڈیوسر نے بتایا کہ ترکی میں فلم اور ڈراما انڈسٹری بہت بڑی ہے اور ان کی کوشش ہے کہ وہ اپنی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کو ترکی میں ترجمے کے ساتھ سینماؤں میں ریلیز کریں۔

لندن نہیں جاؤں گا کی شوٹنگ ترکی میں جاری ہے—فوٹو: انادولو
لندن نہیں جاؤں گا کی شوٹنگ ترکی میں جاری ہے—فوٹو: انادولو

عرفان ملک کے مطابق ’لندن نہیں جاؤں گا‘ ان کی تیسری فلم ہے، جس کی شوٹنگ ترکی میں کی جا رہی ہے اور وہ اسے وہاں ریلیز کرنے کے لیے مقامی ڈسٹری بیوٹرز سے بات چیت میں مصروف ہیں اور ان کی حتی الامکان کوشش ہے کہ فلم کو وہاں پیش کیا جائے۔

پروڈیوسر کا کہنا تھا پاکستان میں ترکی کے ڈرامے پیش کیے جا رہے ہیں، جنہیں وہاں کافی پسند کیا جا رہا ہے، تاہم پاکستان میں ترکی کی فلموں کی نمائش نہ ہونے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’لندن نہیں جاؤں گا‘ ہمایوں سعید اور مہوش کی رومانوی کہانی

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ان کی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ وہ پہلی پاکستانی فلم بنے گی، جسے ترکی میں مقامی زبان میں ترجمہ کرکے پیش کیا جائے گا۔

اسی حوالے سے ہمایوں سعید نے بھی ترک خبر رساں ادارے سے بات کی اور کہا کہ انہیں ترکی میں بہت عزت اور محبت دی جا رہی ہے، جیسا کہ ترکی کے لوگوں کو پاکستانی عزت اور محبت دیتے ہیں۔

انہوں نے ترکی میں اپنی فلم کی شوٹنگ پر خوشی کا اظہار کیا اور اعتراف کیا کہ وہاں اچھی تکنیکی ٹیم موجود ہے۔

اداکارہ مہوش حیات نے بھی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے ترکی کے ڈراموں اور اداکاروں کی پاکستان میں مقبولیت پر بات کی۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں ترکی اداکار بہت مشہور ہیں جب کہ وہاں ترکی کے ڈرامے بھی انتہائی شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔

مہوش حیات نے بھی ترکی کی تکنیکی ٹیم کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہوں نے پروفیشنل ٹیم کے ہمراہ خوبصورت مقامات پر فلم کی شوٹنگ کی ہے۔

مزید پڑھیں: 'لندن نہیں جاؤں گا' کی کاسٹ میں ایک اور اداکار شامل

’لندن نہیں جاؤں گا‘ کی کچھ شوٹنگ پاکستان جب کہ کچھ شوٹنگ لندن میں بھی ہوگی اور ترکی میں عکس بندی مکمل ہونے کے بعد اداکار ممکنہ طور پر لندن پہنچیں گے۔

گوہر رشید اور کبریٰ خان بھی فلم کا حصہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
گوہر رشید اور کبریٰ خان بھی فلم کا حصہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

’لندن نہیں جاؤں گا‘ کی ہدایات بھی ندیم بیگ دے رہے ہیں، تاہم یہ فلم مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی ماضی کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا تسلسل یا سیکوئل نہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کی ہدایات ندیم بیگ دے رہے ہیں، وہیں اس کی کہانی بھی ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے لکھاری خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہیں۔

فلم کے حوالے سے ماضی میں ندیم بیگ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’لندن نہیں جاؤں گا‘ 2017 کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی سیکوئل نہیں ہے بلکہ یہ ایک منفرد کہانی پر اسی طرح کی رومانٹک کامیڈی فلم ہے۔

’لندن نہیں جاؤں گا‘ کی دیگر کاسٹ میں کبریٰ خان، واسع چوہدری اور گوہر رشید بھی شامل ہیں۔

مذکورہ فلم کو 2020 کی عید الاضحیٰ میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم اب تیزی سے اس کی عکسبندی جاری ہے۔

یہ فلم پنجاب نہیں جاؤں گی کا تسلسل نہیں—اسکرین شاٹ
یہ فلم پنجاب نہیں جاؤں گی کا تسلسل نہیں—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024