• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

افغانستان: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 33 افراد جاں بحق، 43 زخمی

شائع April 22, 2022
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد  نے ٹوئٹر پر کہا  کہ 'ہم اس جرم کی مذمت کرتے ہیں—فوٹو:اے ایف پی
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر کہا کہ 'ہم اس جرم کی مذمت کرتے ہیں—فوٹو:اے ایف پی

طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان کے شمالی صوبے قندوز کی ایک مسجد میں جمعے کی نماز کے دوران ہونے والے دھماکے میں 33 افراد جاں بحق اور 43 زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی خبر کے مطابق گزشتہ روز بھی افغانستان میں دو دھماکے ہوئے تھے جس کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ گروپ (داعش) نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

جب طالبان جنگجوؤں نے امریکی حمایت یافتہ حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد گزشتہ سال افغانستان کا کنٹرول سنبھال لیا تھا، تب سے ملک میں بم دھماکوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے لیکن جہادی گروپس اور سنی مسلک کی پیروکار آئی ایس نے ان اہداف کے خلاف حملے جاری رکھے ہیں جنہیں وہ اپنے مذہبی عقائد کے خلاف سمجھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان: مزارِ شریف اور قندوز میں دھماکے، 14 افراد جاں بحق

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ شمالی صوبے قندوز کی ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے میں بچوں سمیت 33 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ 'ہم اس جرم کی مذمت کرتے ہیں اور سوگواروں سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔'

سوشل میڈیا پر غیر تصدیق شدہ پوسٹ کی گئی تصاویر میں قندوز شہر کے شمال میں واقع صوفیوں کے حوالے سے مشہور مولوی سکندر مسجد کی دیواروں میں سوراخ دیکھے جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:افغان دارالحکومت کے اسکول میں دھماکا، 6 افراد ہلاک

مسجد کے قریب ایک دکان کے مالک محمد اصاح کا کہنا تھا کہ مسجد کا منظر خوف ناک تھا، مسجد کے اندر موجود تمام عبادت گزار یا تو زخمی تھے یا جاں بحق ہوگئے۔

قریبی ضلعی ہسپتال کی ایک نرس نے فون پر اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے سے 30 سے 40 کے درمیان زخمیوں کو داخل کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی افغانستان کے دو شہروں مزار شریف اور قندوز میں الگ الگ بم دھماکوں میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان: ننگرہار میں دھماکے سے 9 بچے جاں بحق

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز ' کے مطابق دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں میں مزار شریف کی ایک مسجد میں نشانہ بننے والے 10 افراد بھی شامل تھے۔

افغان صوبے بلخ کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ ذبیح اللہ نورانی نے اے ای ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 25 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا تھا کہ دھماکوں کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں.

اس کے علاوہ، قندوز شہر میں ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے تھے۔

قبل ازیں جمعے کو طالبان حکام نے کہا تھا کہ انھوں نے مزار شریف کی مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کے آئی ایس کے ذمے دار ’ماسٹر مائنڈ‘ کو گرفتار کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان: دشت برچی میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

خیال رہے کہ 3 روز قبل کابل میں لڑکوں کے اسکول میں ہونے والے دوہرے دھماکوں میں 6 افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

ملک کی 3 کروڑ 8 لاکھ آبادی میں سے 10 سے 20 فیصد کے درمیان تعداد رکھنے والی افغانستان کی شیعہ ہزارہ برادری طویل عرصے سے حملوں کا نشانہ بنی ہوئی ہے، شیعہ ہزارہ برادری پر ہونے والے حملوں میں سے کچھ کا الزام طالبان پر اور کچھ کا داعش پر لگایا جاتا ہے۔

طالبان حکام اصرار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کی سیکیورٹی فورسز نے آئی ایس کو شکست دے دی ہے لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند گروپ ملک کی سیکیورٹی کے لیے اب بھی ایک اہم چیلنج ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان: ننگرہار کی مسجد میں دھماکا، 3 افراد جاں بحق

اس دہشت گرد گروپ نے حالیہ برسوں کے دوران افغانستان میں ہونے والے کچھ ہلاکت خیز ترین حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

گزشتہ سال مئی میں کابل کے دشت برچی میں اسکول کے قریب تین بم دھماکوں میں کم از کم 85 افراد ہلاک ہوئے تھے، مرنے والوں میں زیادہ طالبات تھیں، دھماکوں میں 300 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔

کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی، تاہم، اکتوبر 2020 میں آئی ایس نے اسی علاقے میں ایک تعلیمی مرکز پر خودکش حملے کا اعتراف کیا تھا جس میں طلبا سمیت 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مئی 2020 میں اس گروپ پر اسی محلے کے ایک ہسپتال کے زچگی وارڈ پر حملے کا الزام لگایا گیا تھا، حملے میں خواتین مریضوں سمیت 25 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پاکستان کا افغانستان میں دہشت گرد حملوں پر اظہار مذمت

پاکستان نے گزشتہ چند دنوں کے دوران افغانستان کے مختلف حصوں میں حالیہ دہشت گردی کےہ حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کے حصول کے لیے افغان عبوری حکومت کے ساتھ تعاون کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دہشت گردی کے ان حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024