• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بلوچستان: آواران میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے میجر شہید

شائع April 22, 2022
جھڑپ کے دوران قوم کے جانباز سپوت اور بہادر فرزند میجر شاہد بشیر جان کی بازی ہار گئے — فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
جھڑپ کے دوران قوم کے جانباز سپوت اور بہادر فرزند میجر شاہد بشیر جان کی بازی ہار گئے — فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

بلوچستان کے علاقے آواران میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے ایک میجر نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروپ نے آواران کے قریب کاہان کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی، تاہم فورسز نے حملے کو پسپا کیا اور قریبی پہاڑوں میں دہشت گردوں کا پیچھا کیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، 2 اہلکار شہید

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو روکنے کے لیے قائم کردہ بلاکنگ پوزیشنز میں سے ایک پر دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جھڑپ کے دوران قوم کے جانباز سپوت اور بہادر فرزند میجر شاہد بشیر جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک سپاہی زخمی ہوا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 10 فوجی شہید ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: تربت میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس آپریشن، دو کمانڈر سمیت 7 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب حملہ کیا گیا تھا اور فورسز کی جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔

شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں 23 مارچ اور 24 مارچ کی درمیانی شب افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024