• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

حمزہ شہباز کی حلف برداری، صدر پاکستان کو حلف کیلئے نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت

شائع April 22, 2022
لاہور ہائی کورٹ نے حلف برداری سے انکار کے خلاف حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
لاہور ہائی کورٹ نے حلف برداری سے انکار کے خلاف حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور ہائی کورٹ نے حلف برداری سے انکار کے خلاف حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے صدر پاکستان کو حلف لینے سے متعلق نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی کی زیر سربراہی بینچ نے جمعہ کو حمزہ شہباز کی وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا حلف نہ لینے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: حلف برداری سے انکار، نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کا عدالت سے رجوع

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ میں نے عدالتی حکم پر گورنر پنجاب سے ملاقات کی ہے، میرے دو تین اعتراضات ہیں جو عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کے بعد اسپیکر حلف لے سکتا ہے، حمزہ شہباز نے اپنی درخواست میں اسپیکر کو فریق نہیں بنایا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ گورنر پنجاب نے حلف نہ لینے کا کوئی جواز بتایا ہے، جیسے صدر نے بتا دیا تھا کہ وہ موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ 11 بجے تک گورنر سے پوچھ کر بتائیں کہ وہ حلف کیوں نہیں لینا چاہتے۔

لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست پر کارروائی 11 بجے تک ملتوی کر دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حلف لینے سے انکار، حمزہ شہباز کا گورنر پنجاب کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ گورنر پنجاب سمجھتے ہیں وزیر اعلیٰ کا الیکشن قانون اور آئین کے مطابق نہیں ہوا، گورنر کوئی ربر اسٹیمپ یا پوسٹ آفس تو نہیں ہے، گورنر پنجاب نے حلف لے رکھا ہے انہوں نے آئین کے مطابق ہی چلنا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ کے الیکشن کی جو سماعتیں ہوئی وہ ختم ہو گئیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ یہ بہت اہم ترین معاملہ ہے جو آج اس عدالت کے سامنے ہے، میں عدالت میں تحریری تفصیلی جواب دینا چاہتا ہوں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اہم معاملہ ہے تو آپ تیاری کر کے آتے، آپ تو یہاں تاریخ لے لیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 21 دن سے پنجاب میں کوئی حکومت ہی نہیں ہے، 21 دن سے سارا کام بند پڑا رہا ہے، گورنر کیا کر رہے ہیں، انہوں نے تو تجویز پر عمل کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: گورنر پنجاب نے نومنتخب وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری مؤخر کردی

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے حمزہ شہباز کی درخواست پر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے ان کی یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیس ملتوی نہیں کیا جائے گا، گورنر جواب دیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ گورنر پنجاب اگر حلف نہیں لینا چاہتے ہیں تو عدالت کو بتا دیں، قانون اپنا راستہ بنائے گا۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے مؤقف اپنایا کہ میری گورنر پنجاب سے بات ہوئی ہے، گورنر پنجاب صدر پاکستان کو حلف نہ لینے کی وجوہات کے بارے میں لکھ رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 21 دن سے کوئی حکومت نہیں ہے، گورنر پنجاب 5 دن سے بیٹھے ہیں لیکن حلف نہیں لے رہے، عدالت کس سے پوچھے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کب وجوہات صدر پاکستان کو بھجوا رہے ہیں، حکومت کی عدم موجودگی کے باعث میں تین سماعتیں ملتوی کر چکا ہوں، پنجاب حکومت کا جواب چاہیے تھا لیکن صوبے میں کوئی حکومت ہی نہیں ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ گورنر پنجاب صدر پاکستان کو حلف نہ لینے کی ساری وجوہات بیان کریں گے۔

تاہم چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ساری وجوہات بالکل لکھیں، لیکن وہ کب لکھیں گے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ کسی کو بھی آئین سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے جس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ آپ یہ بات گورنر پنجاب کو بھی بتا دیں جو یہاں عدالت میں بتا رہے ہیں، اس سسٹم کو تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتے، سسٹم کو بچانے کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ کون ہیں؟

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ اگر مجھے گورنر نے کوئی چیز پوچھی تو میں نے آئین سے دیکھ کر بتا دیا، میں عدالت کو کوئی وقت نہیں دے سکتا کہ گورنر کل، پرسوں یا کب صدر کو لکھیں گے۔

چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ یہ عدالت امید کرتی ہے کہ گورنر پنجاب آج ہی صدر کو لکھیں گے اور ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ اگر آپ گورنر کی نمائندگی نہیں کر رہے تو کون کر رہا ہے۔

چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو کہا کہ گورنر کو 2 بجے تک کا وقت دے رہا ہوں، گورنر نے کوئی فیصلہ لے لیا تو ٹھیک ورنہ عدالت اپنا حکم دے گی۔

سماعت 2 بجے دوبارہ شروع ہوئی تو گورنر کی جانب سے کوئی فیصلہ نہ کیے جانے پر عدالت نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے اپنا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے صدر پاکستان کو حلف لینے سے متعلق نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

مزید پڑھیں: حلف برداری سے متعلق حمزہ شہباز کی درخواست اعتراض ختم ہونے پر سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس امیر بھٹی نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا حکم صدر مملکت کو بھی بھجوایا جائے۔

گورنر کا حمزہ سے حلف لینے سے انکار

خیال رہے کہ رواں ہفتے کے اوائل میں ایک پریس کانفرنس کے دوران عمر چیمہ نے حمزہ سے حلف لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیکریٹری پنجاب اسمبلی کی رپورٹ، لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات اور ان کے سامنے پیش کیے گئے حقائق نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کی صداقت پر سوالات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں نے پنجاب کے ایڈووکیٹ جنرل اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کو خط لکھا ہے کہ وہ اسمبلی سیکریٹری کی رپورٹ، لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات اور دیگر حقائق پر ان کی رائے طلب کریں تاکہ میں یہ فیصلہ کر سکوں کہ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد کرنی ہے یا نہیں، میں آئین کے دائرہ کار سے باہر کسی چیز کی توثیق نہیں کر سکتا۔

مزید پڑھیں: حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب! ‘عوام کا چھینا ہوا مینڈیٹ لوٹا دیا گیا’

عمر چیمہ کی پریس کانفرنس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ گورنر کو وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے صوابدیدی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

تاہم گورنر نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک آئینی عہدہ رکھتے ہیں اور اسے برقرار رکھیں گے، انہوں نے زور دے کر کہا تھا کہ صرف پاکستان کے صدر کو گورنر کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار ہے، جو ابھی تک نہیں ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024