• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

وزیراعظم کا شمالی وزیرستان کی صورتحال پر گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان

شائع April 22, 2022
شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج شمالی وزیرستان کے عوام کی قربانیوں کو سراہا — فوٹو: آئی ایس پی آر
شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج شمالی وزیرستان کے عوام کی قربانیوں کو سراہا — فوٹو: آئی ایس پی آر

وزیر اعظم شہباز شریف نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دیرپا امن کی بحالی کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں جلد ہی اسلام آباد میں علاقے کے عمائدین کا ایک گرینڈ جرگہ بلائیں گے تاکہ موجودہ صورتحال کا کوئی حل نکالا جاسکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ پہنچے اور عثمان زئی قبیلے کے عمائدین سے خطاب کیا، سینئر سول و ملٹری حکام اور علاقے کے عمائدین نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: دو حملوں میں 8 فوجی جوان شہید

اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور، وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ بھی موجود تھے، اس موقع پر خیبر پختونخوا کے قائم مقام گورنر مشتاق احمد غنی اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی غیر حاضری نمایاں تھی۔

حکام کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیر اعظم کو علاقے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے لوگوں نے مصائب برداشت کیے اور مادر وطن کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، حکومت ان کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کرے گی۔

محسن داوڑ کے مطالبے پر وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں یونیورسٹی، میڈیکل کالج، موبائل ہسپتال اور دانش اسکول کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ جلد ہی ضلع کے لیے مزید ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک

انہوں نے پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حمایت کرنے پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ثمرات کے طور پر مقامی آبادی کو سکون کی فراہمی اور سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

اس موقع پر وزیرستان کے سربراہ ملک نصراللہ خان وزیر نے وزیر اعظم کی توجہ افغانستان میں وزیرستان کے بے گھر افراد پر ہونے والی حالیہ بمباری کی طرف مبذول کراتے ہوئے زور دیا کہ وہ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں۔

میرانشاہ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، وزیر اعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے دھرتی کے بہادر بیٹوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازاں وزیر اعظم کو سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں سرحد پار سے دہشت گردی کی کارروائیوں پر خصوصی توجہ دی گئی، انہیں سرحد پر باڑ لگانے کی صورتحال سمیت مغربی بارڈر منیجمنٹ سسٹم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعال ہونے کی ایک بار پھر مذمت

شہباز شریف نے دہشت گردی کی کمر توڑنے میں کامیابی پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا جب دہشت گرد ملک بھر میں معصوم مردوں، عورتوں اور بچوں، تعلیمی اداروں اور ریاستی انفرااسٹرکچر کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کی طرف سے مکمل حمایت کی حامل ہماری مسلح افواج کی بہادرانہ کوششوں کی بدولت ہم ہر قسم کی دہشت گرد تنظیموں کو شکست اور ان کو نیچا دکھانے اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے میں کامیاب رہے ہیں، قوم اس کوشش میں متحد ہے اور ہم مل کر انشااللہ کامیاب ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024