• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکی نمائندہ الہان عمر کی عمران خان سے ملاقات پر نیا تنازع کھڑا ہو گیا

شائع April 21, 2022
ٹوئٹر پر نہ صرف صحافیوں بلکہ عام عوام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے صارفین نے اس ملاقات کی وجہ دریافت کی — فوٹو: اے پی پی
ٹوئٹر پر نہ صرف صحافیوں بلکہ عام عوام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے صارفین نے اس ملاقات کی وجہ دریافت کی — فوٹو: اے پی پی

امریکی نمائندہ الہان ​​عمر اسلام آباد کے دورے پر آئی ہوئی ہیں جو کہ گزشتہ ہفتے نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی امریکی قانون ساز کا پہلا دورہ پاکستان ہے لیکن سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ان کی ملاقات پر ایک نئے تنازع نے جنم لیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق الہان عمر کی یہ ملاقات اس لیے بھی تنازع کا سبب بن رہی ہے کیونکہ عمران خان مسلسل اپنی اقتدار سے آئینی طریقے سے برطرفی کا ذمے دار امریکا کو قرار دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکی رکن کانگریس کی وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات

الہان عمر نے صدر عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا کھر اور قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف سمیت متعدد پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، لیکن دراصل عمران خان کے ساتھ ان کی ملاقات نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی۔

عمران خان کی کابینہ میں انسانی حقوق کی وزارت سنبھالنے والی ڈاکٹر شیریں مزاری نے اس ملاقات کے بارے میں ٹوئٹ کیا، انہوں نے لکھا کہ امریکی رکن کانگریس الہان ​​عمر نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی، انہوں نے اسلاموفوبیا اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شیریں مزاری نے کہا کہ الہان عمر نے عمران خان اور عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے خلاف ان کے مؤقف اور کام کی تعریف کی، عمران خان نے مسائل پر ان کے جرأت مندانہ اور اصولی مؤقف کو سراہا۔

سوشل میڈیا نے عمران خان سے امریکی قانون ساز سے ملاقات کے بارے میں فوری طور پر سوال کیا اور انہیں یاد دہانی کرائی کہ اپوزیشن شخصیات کی امریکی حکام سے ملاقات کو کس طرح تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

ٹوئٹر پر نہ صرف صحافیوں بلکہ عام عوام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے صارفین نے اس ملاقات کی وجہ دریافت کی، حکومتی عہدیدار بھی اس بحث میں کود پڑے اور اس معاملے پر عمران خان پر تنقید کرنے سے باز نہ آئے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے وزیراعظم عمران خان کے حکومت گرانے کی سازش کے الزامات مسترد کردیے

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے عمران خان سے سوال کیا کہ ان کی الہان عمر کے ساتھ ملاقات ایک سازش تھی یا مداخلت۔

انہوں نے سوال کیا کہ کونسی سازش رچی جارہی ہے؟ اور عمران خان کے اس بیانیے کا حوالہ دیا کہ اپوزیشن کی امریکی حکام سے ملاقاتیں سازشی تھیں۔

وزیر داخلہ نے ملاقات کی تحقیقات کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان نے خود تفصیلات ظاہر نہیں کیں تو وہ (بطور وزیر) تحقیقات کریں گے کیونکہ قوم کو حقیقت کا علم ہونا چاہیے، ایسا نہ ہو کہ عمران نیازی اپنی روایت کے مطابق کچھ دنوں بعد ایک اور خط نکال لیں۔

امریکی ایوان نمائندگان میں مینیسوٹا کی نمائندگی کرنے والی صومالی نژاد امریکی قانون ساز الہان عمر کے لیے تنازعات کوئی نئی بات نہیں ہے، اس بار ان کے دورے کا وقت انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ دورہ وہ ایسے موقع پر کر رہی ہیں جب عمران خان نے قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے پر امریکا کی طرف سے سازش کا بیانیہ تیار کیا ہے۔

سیاست دانوں اور امریکی حکام کے درمیان نجی بات چیت پر سخت گیر مؤقف اختیار کرنے کے علاوہ انہوں نے عوامی جلسوں اور ریلیوں میں تقاریر کے دوران امریکا کی تابعداری نہ کرنے کا عہد کیا ہے اور اپنے مخالفین پر واشنگٹن کی لائن پر چلنے کا الزام لگایا ہے۔

مزید پڑھیں: الوداعی ظہرانے نے ’دھمکی آمیز خط‘ کے تنازع کو جنم دیا

امریکی حکام کے ساتھ پس منظر میں ہونے والی بات چیت میں یہ معلوم ہوا کہ الہان عمر ایک ’ذاتی سفر‘ پر تھیں اور اس کا امریکی انتظامیہ سے تعلق نہیں ہے، ایک عہدیدار نے وضاحت کی کہ اس سفر کا اہتمام ذاتی حیثیت میں کانگریس کی خاتون کے طور پر کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے کہا کہ عمران خان سے الہان عمر کی ملاقات ان کے دفتر نے براہ راست امریکا میں مقیم پاکستانی تاجر کے ذریعے طے کی تھی۔

ان کے اس سفر کے بارے میں کئی وضاحتیں سامنے آئی ہیں حالانکہ ماضی میں انہوں نے کبھی پاکستان میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی، ان میں سے ایک قابل فہم بات یہ ہے کہ ان کے حلقے میں مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے اور انہوں نے خود بھی اسلاموفوبیا پر بڑے پیمانے پر کام کیا ہے اور ہوسکتا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے چیئرمین سے رابطہ قائم کرنا چاہ رہی ہوں کیونکہ انہوں نے اس مسئلے کو اجاگر کیا تھا جس کی وجہ سے اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثنا صدر عارف علوی نے الہان عمر سے بات کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

الہان عمر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری اور مضبوطی کو اجاگر کیا اور اسلاموفوبیا سے نمٹنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی جانب سے مراسلے کی تحقیقات کی پیش کش، پی ٹی آئی نے مسترد کردی

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی جنہوں نے انہیں بتایا کہ پاکستان باہمی احترام، اعتماد اور مساوات پر مبنی دوطرفہ تعاون کو مزید وسیع کرنا چاہتا ہے۔

الہان عمر سے ملاقات میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Asir Rasheed Apr 21, 2022 06:09pm
خان صاحب نے صرف یہ بات کی ہے کہ دوستی سب سے مگر غلامی کسی کی نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024