• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

‘سیکیورٹی خدشات’: عمران خان کو لاہور جلسے سے ویڈیولنک خطاب کی تجویز

شائع April 20, 2022
سابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی اور پشاور کے جلسوں میں خطاب کیا تھا—فوٹو: پی ٹی آئی انسٹاگرام
سابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی اور پشاور کے جلسوں میں خطاب کیا تھا—فوٹو: پی ٹی آئی انسٹاگرام

لاہور کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عطیاب سلطان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو تجویز دی ہے کہ لاہور جلسے میں ‘سیکیورٹی خدشات’ ہیں اس لیے سابق وزیراعظم عمران خان ویڈیو لنک خطاب کریں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘سیکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے موصول ہونے والے شدید خطرات کی روشنی میں اور ضلعی اور صوبائی سطح پر کیے گئے انٹیلی جنس کے تازہ جائزے کے تحت یہ تجویز دی جاتی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو 21 اپریل 2022 کو گریٹر اقبال پارک لاہور میں خود موجود ہونے کے بجائے ویڈیو کانفرنس کے لیے ذریعے ورچوئلی اور ایل ای ڈی خطاب کرنا چاہیے’۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کو 'قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے'، فیصل واڈا کا دعویٰ

پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمد، پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود، پی ٹی آئی پنجاب کے سیکریٹری جنرل زبیر نیازی اور جلسے کے منتظم علی وڑائچ کو مخاطب کرکے ان سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے وقت پر اقدامات کریں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات حسان خاور نے ڈان نیوز کو بتایا کہ حکومت کے اس طرح کے حربوں سے پارٹی کی حوصلہ شکنی نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی کی مہم سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

حسان خاور نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی لاہور کے جلسے میں شریک ہوں گے اور جماعت عوامی رابطے کے لیے اپنی مہم جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ حکومت کی تبدیلی سے قبل سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہ اتھا کہ سیکیورٹی اداروں نے رپورٹ دی ہے کہ عمران خان کو قتل کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کارکنو! ضمیر فروش لوٹوں کو کبھی معاف نہیں کرنا، سبق سکھانا ہے، عمران خان

انہوں نے کہا تھا کہ رپورٹس کے بعد حکومتی فیصلے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

فواد چوہدری کے بیان سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واڈا نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کو ملک بیچنے سے انکار پر قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت سے بے دخل کیے جانے کے بعد جلسوں کا اعلان کیا تھا اور 13 اپریل کو پشاور میں پہلا جلسہ کیا تھا جہاں عوام کی بڑی تعداد جمع ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی نے پشاور کے بعد 16 اپریل کو کراچی میں بڑا جلسہ کیا تھا اور عمران خان نے خطاب کیا تھا۔

پی ٹی آئی نے اگلا جلسہ 21 اپریل کو مینار پاکستان لاہور میں شیڈول کر رکھا ہے، جہاں سابق وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024