• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیراعظم شہباز شریف کی صدر عارف علوی سے ملاقات

شائع April 20, 2022
ملاقات ایوان صدر میں ہوئی — فائل/فوٹو: اے پی/ڈان نیوز
ملاقات ایوان صدر میں ہوئی — فائل/فوٹو: اے پی/ڈان نیوز

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی ملاقات کی۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی جہاں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 11 اپریل کو اپنے منصب کا حلف اٹھایا تھا تاہم صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علالت کے باعث ان سے حلف نہیں لیا تھا اور ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیر اعظم سے حلف لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

صدر مملکت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی 37 رکنی وفاقی کابینہ سے بھی حلف لینے سے گریز کیا تھا اور ان سے بھی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حلف لیا تھا۔

شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حیثیت سے 174 ووٹ سے پاکستان کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے اور سیکریٹری قومی اسمبلی نے شہباز شریف کا وزیر اعظم کی حیثیت سے نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا۔

اس کے بعد ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی علیل ہیں اور ڈاکٹروں نے چند دنوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اس سے قبل صدر مملکت نے وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی سمری پر عمل درآمد کے بجائے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق حکومت کے مقرر کردہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے حلف لینے سے انکار کرتے ہوئے ان کے انتخاب پر سوال اٹھایا تھا۔

گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے صاف اور شفاف انداز میں ووٹنگ کروانے کی ہدایت کی گئی تھی، جس طرح ہنگامہ آرائی اور اراکین اسمبلی پر تشدد ہوا ہے وہ انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

مزید پڑھیں: حلف برداری سے متعلق حمزہ شہباز کی درخواست اعتراض ختم ہونے پر سماعت کیلئے مقرر

عمر سرفراز چیمہ نے کہا تھا کہ جس طرح الیکشن لڑا گیا اس سے انتہائی غلط مثال قائم ہوگی، اگر واقعی حمزہ شہباز کے پاس اپنی حمایت میں مطلوبہ تعداد موجود تھی تو الیکشن اس طرح متنازع بنانے کی ضرورت نہیں تھی۔

بعد ازاں نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گورنر کی جانب سے حلف لینے سے انکار پر لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، جس میں بلاتاخیر وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے سے متعلق حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ملاقات کی تھی جہاں قومی سلامتی سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024