• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حنا ربانی کھر پر صنفی طنز کرنے پر فواد چوہدری کو تنقید کا سامنا

شائع April 20, 2022
فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر پر ’صنفی طنز‘ کرنے پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کو تنقید کا سامنا ہے جب کہ لوگ ان سے پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے حال ہی میں اپنی ٹوئٹ میں حنا ربانی کھر کی 9 سال پرانی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتی دکھائی دیں۔

مذکورہ انٹرویو میں حنا ربانی کھر نے افغان جنگ میں امریکا کا ساتھ دیے جانے پر پاکستانی کردار اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی تھی جب کہ انہوں نے ڈرون حملوں کے حوالے سے بھی حکومت پاکستان کا موقف پیش کیا تھا۔

مذکورہ پروگرام کے دوران حنا ربانی کھر نے واضح انداز میں افغان جنگ میں پاکستانی کردار اور ترجیحات کو پیش کیا تھا۔

فواد چوہدری نے ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کی ذہانت کو ان کی صنف سے جوڑا اور ان پر طنز کیا۔ جس پر لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما کو آڑے ہاتھوں لیا۔

فواد چوہدری نے ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جب آپ کم ذہانت والی خاتون کو وزیر خارجہ مقرر کرتے ہیں اور جن کی شہرت صرف ان کے مہنگے ’برکن برانڈ‘ کے ہینڈ بیگز آئی گلاسز ہوں تو ان سے چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔

ساتھ ہی فواد چوہدری نے امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی ان سے چھٹکارا بھی مل جائے گا۔

سابق وزیر اطلاعات نے ٹوئٹ میں ’امپورٹڈ حکومت نا منظور‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

تاہم ٹوئٹر صارفین فواد چوہدری کی بات پر ناراض دکھائی دیے اور انہوں نے انہیں وزیر مملکت کو صنفی طنز کا نشانہ بنائے جانے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ بھی کیا۔

سماجی رہنما جبران ناصر نے بھی فواد چوہدری کی ٹوئٹ کو نامناسب قرار دیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ حنا ربانی کھر کی صنف کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے اس معاملے پر بات کرتے جو انہوں نے ان کی ویڈیو سے متعلق سمجھی۔

زیادہ تر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ وہ تحریک انصاف کے سپورٹر اور ووٹر ہیں لیکن وہ فواد چوہدری کی اس بات سے بہت ناراض اور افسردہ ہوئے ہیں کہ انہوں نے ایک ذہین خاتون کو صنفی تنقید کا نشانہ بنایا۔

متعدد پی ٹی آئی ووٹرز اور سپورٹرز نے فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ان کی زبان ناقابل قبول ہے، حنا ربانی کھر پاکستان کے چند بہترین وزارئے خارجہ میں سے ایک ہیں۔

صارفین نے فواد چوہدری کے تبصرے کو نہ صرف نامناسب قرار دیا بلکہ لکھا کہ ان کی رائے کو کسی طرح قبول نہیں کیا جائے گا، انہیں ایسے الفاظ کہنے پر حنا ربانی کھر سے معافی مانگنی چاہیے۔

لوگوں نے سابق وزیر اطلاعات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ حنا ربانی کھر کو اقتدار میں نہ دیکھ پانا ایک الگ چیز ہے جب کہ ان کی ذات پر طنز کرنا بلکل الگ بات ہے۔

بعض ٹوئٹر صارفین نے فواد چوہدری کو یاد دلایا کہ وہ حنا ربانی کھر کے مذکورہ ویڈیو کو غور سے سنیں، وہ کتنے احسن طریقے سے شاندار جوابات دے رہی ہیں اور اس سے ان کی ذہانت کا علم ہو رہا ہے۔

کچھ لوگوں نے فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ حنا ربانی کھر کے جوابات اور انداز گفتگو پی ٹی آئی کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کہیں بہتر ہے۔

بعض صارفین نے سابق وزیر اطلاعات کو یاد دلایا کہ ان کے جملے جنس پرستی پر مبنی ہیں، حنا ربانی کھر ایک قابل احترام، ذہین اور بہترین خاتون ہیں، ان کی ذہانت پر کسی کو کوئی شک نہیں، وہ قابل احترام ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Kohi Apr 20, 2022 09:13pm
نہایت ہی واہیات قسم کی سوچ ہے موصوف کی اور گاہے بگاہے اس کی عکاسی وہ کرتے رہتے ہیں پی ٹی آئی نے جس طرح ان صاحب کو فرینٹ فوٹ پہ رکھا ہوا ہے اس سے پارٹی کی خواتین کے بارے میں جو سوچ ہے وہ بھی واضح ہے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024