• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

حکومت کے استحکام کے لیے سمندر پار پاکستانی اہم کیوں ہیں؟

شائع April 20, 2022
رافعہ ذکریہ وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن ہیں۔
رافعہ ذکریہ وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مارچ کے مہینے میں ریکارڈ 2 ارب 80 کروڑ ڈالر ترسیلاتِ زر آئی ہیں۔ یہ ماہانہ اعتبار سے 28.3 فیصد کا اضافہ ہے۔ معمول کے مطابق سب سے زیادہ رقوم سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت میں رہنے والے پاکستانیوں نے بھیجی ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس ریکارڈ ترسیلاتِ زر کی ایک وجہ رمضان اور عید سے متعلق اخراجات بھی ہیں۔

لیکن اگر رمضان اور عید کو شامل کر بھی لیا جائے تب بھی یہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے قومی خزانے میں بھیجی گئی رقم میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ترسیلاتِ زر کا ہدف 30 ارب ڈالر طے کیا تھا اور سیاسی حالات میں تبدیلی سے قبل وہ اس ہدف کے حصول کے لیے درست سمت میں گامزن تھی۔

دیگر معاملات کے علاوہ بات کی جائے تو پی ٹی آئی حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں میں اپنی مقبولیت کا فائدہ اٹھایا اور اس پر سیاست بھی کی۔ پی ٹی آئی کی حکومت چلی گئی تو میمز اور ٹک ٹاک ویڈیوز میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان کے حالات سے متعلق دکھائی جانے والی غیر معمولی دلچسپی کا مذاق بھی اڑایا گیا۔

یہ بات درست ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی بے دخلی کے بعد دنیا کے مختلف شہروں میں مظاہرے ہوئے۔ یہ مظاہرے پہلے تو سپریم کورٹ کی جانب سے اسمبلی بحال کرنے کے خلاف ہوئے اور پھر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے خلاف۔ چونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف خود بھی لندن میں مقیم ہیں اس وجہ سے ان کے گھر کے باہر بھی مظاہرے کیے گئے۔

مزید پڑھیے: نئی اتحادی حکومت کو درپیش معاشی مسائل

یہ پڑھ کر ایسا لگتا ہے کہ جو کچھ ملک کے اندر وقوع پذیر ہوتا ہے وہی کچھ ملک سے باہر بھی ہوتا ہے۔ ہمارے کئی سیاسی خاندان لندن یا دبئی یا ایسی کسی جگہ رہائش پذیر ہوتے ہیں جہاں وہ اس وقت تک رہتے ہیں جب تک ملک میں ان کی حکومت کرنے کی باری نہ آجائے۔

ترسیلاتِ زر کی بات کی جائے تو یہ بالکل الگ قسم کے پاکستانی بھیجتے ہیں۔ کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان کی مڈل کلاس اور اپر مڈل کلاس کی ایک خاطر خواہ تعداد بیرونِ ملک رہتی ہے اور ان میں سے کئی یہاں اپنے خاندانوں کے کفیل ہیں۔

یہ وہ لوگ ہیں جنہیں پاکستان اپنی ابھرتی ہوئی اور اکثر ناکام معیشت میں شامل نہیں کرسکا۔ ان میں ڈاکٹر، کمپیوٹر انجینیئر، پیٹرولیم اور الیکٹرانک انجینیئر، بحری جہازوں کے کپتان، مارکیٹنگ منیجر، ایڈورٹائزنگ سے وابستہ افراد اور ایسے ہی دیگر باصلاحیت افراد شامل ہیں جنہیں پاکستان میں نوکری نہیں مل سکی۔ بہتر مواقعوں کے حصول اور اپنے گھر والوں کا سہارا بننے کے لیے وہ ملک سے باہر چلے گئے اور اب وہاں سے رقم پاکستان بھیجتے ہیں۔

پی ٹی آئی اپنے جاگیردار مخالف پیغام کے ساتھ ان لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب رہی۔ پی ٹی آئی نے جاگیردارانہ ذہنیت کے ساتھ ان کی مایوسی اور ایک ایسے نظام سے ان کے عدم اطمینان کا فائدہ اٹھایا جہاں مواقع صرف رشتہ داریوں کی بنیاد پر ملتے ہیں۔

سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کا بطور وزیرِاعظم پاکستان اور شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کا بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب انتخاب اس نکتے کو مزید واضح کرتا ہے اور سمندر پار پاکستانیوں کو مزید غصہ دلاتا ہے۔ وہ ان ممالک میں رہتے ہیں جہاں انہیں میرٹ کی بنیاد پر پرکھا جاتا ہے اور یہ ان کے لیے مستقل یاددہانی ہوتی ہے کہ اگر پاکستان میں شفافیت ہوتی تو وہ کیا کچھ حاصل کرسکتے تھے۔

مزید پڑھیے: آئی ایم ایف سے پاکستان کو مزید قرض ملنا مشکل کیوں ہوگیا؟

لہٰذا یہ سمجھنا مشکل نہیں ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ایک ایسی سیاسی جماعت کے سحر میں کیوں مبتلا ہوئے جس نے ملک کو بہتر جگہ بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد اب یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ کیا بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اب بھی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔ یہاں یہ سوال پایا جاتا ہے کہ کیا وہ لوگ جو ملک میں موجود نہیں ہیں اور یہاں مقیم لوگوں کو درپیش مشکلات کا سامنا نہیں کررہے انہیں ملک کے سیاسی نظام پر غیر معمولی اثر و رسوخ رکھنے دینا چاہیے؟

اس کا جواب ہے ہاں اور اس کی وجہ پیسہ ہے۔ گزشتہ برسوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دیگر ممالک سے آنے والی امداد نہ صرف ناقابلِ اعتبار ہے بلکہ اس سے بدعنوانی کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔ امداد دینے والے اداروں اور امداد وصول کرنے والوں کے درمیان مڈل مین کا کردار ادا کرنے والوں کے پاس کرپشن کے کئی مواقع ہوتے ہیں اور وہ امداد وصول کرنے والوں سے زیادہ امداد دینے والوں کے ہمدرد ہوتے ہیں۔ یہی وجہ کہ کئی ترقیاتی منصوبے ناکام ہوجاتے ہیں، اسکول تعمیر ہونے کے بعد خالی پڑے رہتے ہیں، کلینکس کبھی کھلتے ہی نہیں اور اساتذہ کبھی پڑھانے نہیں آتے۔ تاہم امداد اور اس سے ہونے والی بدعنوانی کا سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

ترسیلاتِ زر اس امداد سے بہت مختلف ہوتی ہیں۔ یہ رقم اصل میں پاکستانیوں کے پاس جاتی ہے جو اسے خرچ کرتے ہیں اور مقامی معیشت کو سہارا ملتا ہے۔ وہ اس رقم کو کاروبار شروع کرنے یا جائیداد خریدنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ چونکہ یہ رقوم خرچ کرنے والوں کو مارکیٹ کے حوالے سے سمجھ بوجھ ہوتی ہے اس وجہ سے ان کاموں میں کرپشن کی وجہ سے نقصان کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ معیشت کو مقامی اور بعض اوقات بیرونی دھچکوں سے محفوظ بھی رکھتی ہے۔ یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ کورونا وبا کے دوران ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا تھا۔

مزید پڑھیے: نئی حکومت کے لیے ’آگے کنواں، پیچھے کھائی‘

مستقبل میں بننے والی دیگر جماعتوں کی حکومتیں اگر بیرونِ ملک پاکستانیوں کے جذبات کا احترام نہیں کرتیں تو یہ ان کی غلطی ہوگی کیونکہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی توجہ اور جذبات کسی بھی حکومت کے استحکام کے لیے نعمت سے کم نہیں ہوں گے۔ درحقیقت ترقیاتی فنڈز کی بھیک مانگنے سے بہتر ہے کہ ہم اپنے لوگوں کے لیے دنیا بھر میں ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقعوں کے حصول کی کوششیں کریں۔

جب پاکستانی ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے تو پاکستان کے لیے اپنی خودمختاری کی حفاظت بھی آسان ہوجائے گی۔ موجودہ عالمی طاقتیں جیسے امریکا اور چین جیسی ابھرتی ہوئی عالمی طاقتیں عالمی مالیاتی اداروں پر زور نہیں ڈال سکتیں کہ وہ سبسڈی اور امداد کو روک کر پاکستان کی سرزمین اور سیکیورٹی معاملات تک رسائی کے بدلے پاکستان کی درخواست منظور کریں۔

بیرون ملک مڈل کلاس اور اپر مڈل کلاس پاکستانیوں کی موجودگی کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان میں طبقاتی فرق بڑھ چکا ہے۔ اب یہاں یا تو انتہائی غریب طبقہ ہے جو بمشکل زندگی گزار رہا ہے یا پھر بہت ہی امیر طبقہ ہے جسے کسی چیز کی پرواہ نہیں ہے۔ یہاں متوسط طبقے کے جتنے لوگ بھی ہیں وہ بھی بیرون ملک جانے کی کوششوں میں ہیں۔

مستقبل کی کوئی بھی سیاسی جماعت جو حال یا مستقبل میں ایک مستحکم حکومت بنانا چاہتی ہے اسے اس رجحان پر توجہ دینی ہوگی۔ پاکستان ان لوگوں کو ناراض نہیں کرسکتا جو یہاں 30 ارب ڈالر بھیجتے ہیں۔


یہ مضمون 20 اپریل 2022ء کو ڈان اخبار میں شائع ہوا۔

رافعہ ذکریہ

رافعہ ذکریا وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن ہیں۔ وہ ڈان اخبار، الجزیرہ امریکا، ڈائسینٹ، گرنیکا اور کئی دیگر اشاعتوں کے لیے لکھتی ہیں۔ وہ کتاب The Upstairs Wife: An Intimate History of Pakistan کی مصنفہ بھی ہیں۔

انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں: rafiazakaria@

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (6) بند ہیں

Kashif Apr 21, 2022 01:30am
اعلیٰ تعلیم یافتہ ، اعلیٰ تیکنیکی ماہرین یا منجھے ہوئے ریٹائرڈ بزرگان و دفاعی عہدیداران اکثر باہر ملک ہی رہ رہے ہوتے ہیں۔ تو انہیں ووٹ کا حق دینے میں کوئی حرج نہیں ہونا چاہیئے۔
Ahmed Apr 25, 2022 11:49am
جب تک پاکستانی ہیں اور پاکستانی پاسپورٹ ہے ، دنیا کے کسی بھی کونے میں رہتے ہو ان کو ووٹ کا حق ضرور ملنا چاہیئے۔
Asim Rao Apr 25, 2022 04:40pm
تمام شرائط پر ووٹ کا حق دینے سے متفق نہیں ہوں۔ میں اس بات سے متفق ہوں کہ بہت سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جانا چاہیے۔ وہ لوگ جن کے پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں، وہ پاکستان میں کچھ دنوں سے مقیم ہیں یا کوئی ایسا طریقہ کار ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ان کا رشتہ برقرار ہے - انہیں ووٹنگ کے حقوق کے لیے اہل بنانا چاہیے۔ NRP (غیر مقیم پاکستانی) ہر سال اور چند سالوں میں تعداد میں بڑھ رہے ہیں - ان کی تعداد بہت زیادہ ہوگی اور نتائج پر فرق رکھنے کے لیے ووٹ اہم ہوسکتے ہیں۔ میں ان پاکستانیوں کو جانتا ہوں جنہوں نے دہائی میں پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور ان کا اب پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے سوائے ناموں کے، اور ان کی آنے والی نسلیں پاکستان کے بارے میں تھوڑی سی بھی نہیں جانتی ہیں- ایسے لوگوں کو ووٹ کا حق دینا ان کے ساتھ ناانصافی ہو گی جن کے حقیقی تعلقات ہیں۔ پاکستان اگرچہ میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کی تصدیق کرنا آسان عمل نہیں ہے - لیکن ایک شرط رکھنا جیسے پاکستان میں جائیداد یہ ثابت کرنے کے لیے کافی اچھی ہو سکتی ہے کہ کسی کے پاکستان کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات/بانڈ ہیں۔ یہ میری رائے ہے۔
Legal Apr 25, 2022 06:22pm
The overseas Paksitani send their remittance to their families; they do not do any favour to the country. No doubt out of their personal transaction the country is benefitted but there is no such intention or motive on their part. Out of these remittance the families of overseas Pakistani enjoy all resources of the country, roads, motrways, universities, police protections etc. without paying taxes. Thus, the country reciprocates that indirect favour immediately. The interest of overseas Pakistanis is conflict with that of Pakistani residents. When dollar goes up they are benefited because the same amount of dollars remitted by them yield high worth in rupees for their families back home. The overseas Pakistanis who have taken passport of another country should not be allowed to vote as their allegiance is not exclusively to Pakistan. A voter must have some physical connection with his constituency; those who are not domiciled in any part of Pakistan should not be allowed to vote as they have no stakes in Pakistan
Polaris Apr 25, 2022 07:12pm
A great article by a learned person.
Shahid Mahmood Apr 26, 2022 08:12am
رافعہ صاحبہ۔ جو بندہ اپنے خاندان کی کفالت کے لئے پیسے بھیجتا ہے یا پاکستان میں اپنا نیا گھر بنانے یا بزنس میں انویسٹ کرتا ہے پاکستان کا مستقبل، پاکستان کی معیشت، پاکستان کی سوشل لائف اس کے لئے ہر لحاظ سے اسی طرح اہم ہے جیسے پاکستان میں رہنے والے کِسی شخص کے لئے۔ آپ پی ٹی آئی اور عمران خان سے متفق نہ بھی ہوں تو کم از کم اس سے انکار نہی کرسکتے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی عمران خان کے لئے سپورٹ ایک منصفانہ، جمہوری اور کرپشن فری پاکستان کے لئے ہے۔ ہو سکتا ہے کوئی یہ سمجھے کہ عمران خان لوگوں کو یہ امید دے کر بے وقوف بنا رہا ہے لیکن کم ازکم وہ بندہ اس بات کو رد نہی کر سکتا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک میں اچھائی کی امید لئے ہوئے ہے اور وہ ملک کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ عدم اعتماد کی تحریک کے بعد دوسرے ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی بڑی ریلیز اور ان کے پاکستانی سیاست میں دلچسپی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ چاہے ایک پاکستانی میری طرح چالیس سال سے مغرب میں مقیم کیوں نہ ہو اس کا وطن پاکستان ہی ہے اور یہاں ہونے والی ہر تبدیلی اس کے لئے بھی اتنی ہی اہمیت رکھتی ہے جتنی کسی ایسے پاکستانی کی جو پاکستان ہی میں رہتا ہو۔ تیسری بات یہ کہ کیا ایسا کوئی آئین میں موجود ہے کہ ووٹ کا حق دار ہونے کے لئے ایک پاکستانی کو پاکستان میں مستقل سکونت رکھنا ضروری ہے۔ آخری بات۔ مت بھولئیے کہ یہ سمندر پار پاکستانی ہی ہیں جنہوں نے اس ملک کو مکمل تباہی سے بچا رکھا ہے ورنہ ہمارے سیاست دان اور دوسرے کرتا دھرتا تو اپنی طرف سے اس کا خاتمہ کر چکے ہیں۔ ہم نے تو ابھی ابھی چار ارب ڈالر روشن ڈیجیٹکل اکاؤنٹس میں رکھے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024