• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شاہ رخ خان پہلی بار راج کمار ہیرانی کے ساتھ کام کرنے کو تیار

شائع April 19, 2022
فلم ڈنکی کو آئندہ سال کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم ڈنکی کو آئندہ سال کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ پہلی بار معروف فلم ساز راج کمار ہیرانی کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

اپنی ٹوئٹ میں شاہ رخ خان نے ’منا بھائی ایم بی بی ایس، پی کے اور سنجو‘ جیسی شاہکار فلموں کے ہدایت کار کے ساتھ پہلی بار کام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

شاہ رخ خان نے اپنی ٹوئٹ میں راج کمار ہیرانی کو مینشن کرتے ہوئے انہیں اپنا سانتا کلاز قرار دیا اور لکھا کہ ’آپ شروع کریں میں وقت پر پہنچ جاؤں گا‘

بولی وڈ اداکار نے فلم ساز کے ساتھ پہلی بار کام کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کے ساتھ کام کرنے کے دوران ہمیشہ سیٹ پر ہی رہنے لگیں گے۔

شاہ رخ خان نے تصدیق کی کہ وہ راج کمار ہیرانی کے ہمراہ ’ڈنکی‘ میں کام کرتے دکھائی دیں گے، جسے 2023 میں کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

بولی وڈ اداکار نے ٹوئٹ کے ہمراہ اپنی فلم پروڈکشن ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ کے یوٹیوب چینل پر جاری کی گئی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی،جس میں انہیں راج کمار ہیرانی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

مختصر ویڈیو میں شاہ رخ خان کو راج کمار ہیرانی کی شاہکار فلموں ’منا بھائی ایم بی بی ایس، پی کے اور سنجو‘ کے پوسٹرز دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہ رخ خان کی جانب سے فلم ساز کی فلموں کے پوسٹر دیکھے جانے کے وقت راج کمار ہیرانی وہاں آتے ہیں، جن سے اداکار درخواست کرتے ہیں کہ ان کے لیے بھی سنجے دت، عامر خان اور رنبیر کپور کی طرح کوئی اچھی فلم ہے کیا ان کے پاس؟

اداکار کے سوال پر راج کمار ہیرانی کہتے ہیں کہ ان کے پاس شاہ رخ خان کے لیے ’ڈنکی‘ ہے، جس میں رومانس، کامیڈی اور ایکشن ہوگا۔

مختصر ویڈیو میں بھی اس بات کی تصدیق کی گئی کہ آئندہ سال کرسمس کے موقع پر ’ڈنکی‘ کو ریلیز کیا جائے گا۔

اسی حوالے سے انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’ڈنکی‘ میں شاہ رخ خان کے ہمراہ تاپسی پنو بھی دکھائی دیں گی۔

فلم کی کہانی راج کمار ہیرانی نے ابھیجات جوشی اور کانیکا ڈھلن کے ہمراہ لکھی ہے، جب کہ اسے شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور راج کمار ہیرانی پروڈیوس کریں گے۔

فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں ماہ سے شروع کردی گئی ہے اور اسے دسمبر 2023 کے آخر میں ریلیز کیا جائے گا۔

’ڈنکی‘ شاہ رخ خان کی راج کمار ہیرانی کے ساتھ پہلی فلم ہوگی، جب کہ مذکورہ فلم سے قبل بولی وڈ خان کی ’پٹھان‘ کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024