• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

صدر مملکت نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کا استعفیٰ منظور کرلیا

شائع April 18, 2022
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل  نے 11 اپریل کو استعفیٰ دیا تھا — فائل فوٹو: اے پی پی
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے 11 اپریل کو استعفیٰ دیا تھا — فائل فوٹو: اے پی پی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا۔

کابینہ سیکریٹریٹ کی جانب سے عمران اسمٰعیل کے استعفے کی منظوری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صدر مملکت نے عمران اسمٰعیل کا استعفیٰ 17 اپریل 2022 کو منظور کیا۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل مستعفی

جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق نئے گورنر سندھ کی تعیناتی تک اسپیکر سندھ اسمبلی صوبے کے گورنر کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے اور شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے 11 اپریل کو استعفیٰ دے دیا تھا۔

مستعفی ہونے سے قبل عمران اسمٰعیل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کہ جیسے ہی شہباز شریف حلف اٹھائیں گے تو میں استعفیٰ دوں گا، نہیں چاہتا ایک لمحے کے لیے بھی شہباز شریف کو سر کہنا پڑے، یہ شخص نااہل ہے، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے۔

مزید پڑھیں: گورنر خیبر پختونخوا کا مستعفی ہونے کا فیصلہ، عمران اسمٰعیل بھی پیروی کیلئے تیار

عمران اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ میں شہباز شریف کو وزیر اعظم نہیں مانتا۔

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پی ٹی آئی کی جانب سے تعینات کیے گئے گورنر بلوچستان ظہور آغا کا بھی اسعفیٰ منظور کرلیا ہے۔

کابینہ سیکریٹریٹ کی جانب سے گورنر بلوچستان کے استعفے کی منظوری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صدر مملکت نے ظہور آغا کا استعفیٰ 17 اپریل 2022 کو منظور کیا۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق نئے گورنر بلوچستان کی تعیناتی تک اسپیکر بلوچستان اسمبلی صوبے کے گورنر کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے گورنربلوچستان ظہور آغا نے اپنا تحریری استعفیٰ منظوری کے لیے صدر مملکت کو ارسال کیا تھا۔

ادھر وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا ہے۔

وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صدر مملکت نے خالد جاوید خان کا استعفیٰ 10 اپریل 2022 کو منظور کیا۔

یاد رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی تھی جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 174 ووٹ لے کر پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے تھے۔

10 اپریل کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد وہ ملک کے پہلے وزیر اعظم بن گئے تھے جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024