• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سوئیڈن میں قرآن کی بےحرمتی پر احتجاج، مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں

شائع April 18, 2022
مالمو میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے گاڑیاں نذر آتش کردیں — فوٹو: اے ایف پی
مالمو میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے گاڑیاں نذر آتش کردیں — فوٹو: اے ایف پی

سوئیڈن میں قرآن کی بے حرمتی اور جلدیں نذر آتش کرنے کے خلاف مختلف شہروں میں بھرپور احتجاج کیا گیا اور اس دوران مظاہرین اور پولیس میں جھڑپوں کے نتیجے میں 26 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

سوئیڈن کی انتہا پسند دائیں بازو کے گروپ ’ہارڈ لائن‘ نے ڈنمارک نژاد سوئیڈن کے سیاستدان راسمس پلوڈن کی زیر قیادت قرآن کی جلدیں نذر آتش کیں۔

مزید پڑھیں: چارسدہ میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی پر فسادات پھوٹ پڑے

راسمس ایک وکیل اور یوٹیوبر ہیں جو سوئیڈش رکن اسمبلی کا الیکشن لڑنا چاہتے ہیں لیکن سوئیڈن کے دورے پر موجود سیاستدان کے پاس امیدوار بننے کے لیے فی الحال زیادہ تعداد میں دستخط موجود نہیں ہیں۔

40 سالہ سیاستدان رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سوئیڈن کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے قرآن پاک کی جلدیں نذر آتش کر رہے ہیں اور ان کے اس عمل پر یورپ بالخصوص سوئیڈش مسلمانوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

انتہا پسند سیاستدان نے ہفتے کو مالمو میں قرآن کی ایک جلد نذر آتش کی تھی جس کے بعد وہاں کے اسکول میں رات میں آگ بھڑک اٹھی تھی اور چار دن سے مسلسل احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس قبیح عمل کی وجہ سے حالیہ دنوں میں احتجاج کرنے والے مسلمان مظاہرین اور پولیس کے درمیان متعدد جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیلجیم: قرآن کی بے حرمتی کی منصوبہ بندی کرنے والے 5 افراد ملک بدر

جمعرات اور جمعہ کو ہونے والی جھڑپوں میں 12 پولیس افسران زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ اتوار کو نورکوپنگ میں احتجاج کے دوران 8 افراد اور لنکوپنگ میں کیے گئے احتجاج میں 18 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

سعودی عرب نے قرآن مجید کی جلدیں نذر آتش اور اس کی بے حرمتی کرنے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں قرآن کریم کی بے حرمتی اور مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی مذمت کرتے ہوئے مکالمے، بقائے باہمی اور برداشت جیسی اقدار کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

بیان میں نفرت، شدت پسندی اور بے دخلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تمام مذاہب اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کو روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ترجمان پاک فوج کا ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے والے نوجوان کو سلام

ان واقعات کے بعد عراق کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے بغداد میں سوئیڈن کے ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

عراقی وزارت خارجہ نے ناظم الامور کو باور کرایا کہ اس طرح کے واقعات کے یورپ بالخصوص سوئیڈن سے مسلمان ممالک خصوصاً عرب ممالک سے تعلقات پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پلوڈن نے سوئیڈن بھر میں ایسٹر کے موقع پر مظاہروں کی اجازت طلب کی تھی اور وہ قرآن کی بے حرمتی کے کئی واقعات کی اس سے قبل بھی سربراہی کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024