لوگ جاننا چاہ رہے ہیں کہ میرے بیڈ روم میں کیا ہو رہا ہے، فرحان سعید
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کہا ہے کہ جن لوگوں کی خواہش ہے کہ وہ یہ جان جائیں کہ ان کے بیڈ روم میں کیا چل رہا ہے، انہیں وہ ایسی خواہش رکھنے پر روک یا ٹوک نہیں سکتے۔
فرحان سعید نے حال ہی میں ’بی بی سی اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے کیریئر، گلوکاری سے اداکاری میں جانے اور اپنے ڈراموں کی مقبولیت پر کھل کر بات کی۔
فرحان سعید نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ’میرے ہمسفر‘ میں نیچرل اداکاری کی ہے، جس وجہ سے ان کی اداکاری کو سراہا جا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں فرحان سعید نے بتایا کہ انہوں نے آج تک جن بھی اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا ہے، ان کی جوڑی کو پسند کیا گیا اور انہیں بہترین جوڑی کے چار ایوارڈ بھی مل چکے ہیں۔
ان کے مطابق ماضی کی طرح اس بار بھی ان کی جوڑی کو پسند کیا جا رہا ہے اور لوگ انہیں ہانیہ عامر کے ساتھ ’میرے ہمسفر‘ میں دیکھ کر خوش ہو رہے ہیں۔
فرحان سعید کا کہنا تھا کہ یہ اتفاق ہے کہ انہوں نے ہر ڈرامے می پھوپھو یا چچا کی بیٹی سے شادی اور محبت کی، ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھتے وقت انہوں نے ان باتوں پر خیال ہی نہیں کیا مگر ان کے مداحوں نے ان کی یہ بات بھی نوٹ کی۔
ایک سوال کے جواب میں فرحان سعید نے واضح کیا کہ وہ اپنے مقبول ڈرامے ’سنو چندا‘ کے سیکوئل میں کام کرنے کے خواہاں ہیں، جو لوگ کہتے ہیں کہ اداکار سیکوئل میں کام کرنے کے لیے راضی نہیں، وہ غلط ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:فرحان سعید کی محتاط انداز میں عروہ حسین کی تعریف
اداکار نے بتایا کہ وہ ’سنو چندا تھری‘ میں بھی کام کریں گے لیکن وہ ڈراما پروڈیوسر اور ہدایت کار کو تجویز دینا چاہتے ہیں کہ اگر اس بار ڈراما بنائیں تو پرانے ہی کرداروں کو نئی کہانی میں پیش کرکے دیکھیں۔
ذاتی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر معلومات شیئر کرنے اور اس پر لوگوں کی تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں فرحان سعید نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ وہ لوگوں کو یہ بھی بتائیں کہ ان کے بیڈ روم میں کیا ہو رہا ہے۔
اداکار نے مزید بتایا کہ تاہم وہ ان لوگوں کو روک بھی نہیں سکتے جن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جان سکیں کہ اداکار کے بیڈ روم میں کیا ہو رہا ہے۔
فرحان سعید نے واضح کیا کہ جب بھی کوئی معروف شخصیت کوئی مواد سوشل میڈیا پر شیئر کرے گی تو اس کے منفی اور مثبت دونوں پہلو نکلیں گے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تعریفوں کو سنا جائے اور تنقید پر برہمی کا اظہار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مشہور ہونے کی قیمت چکانی پڑتی ہے، مشہور افراد کا یہ عمل غلط ہے کہ اچھی چیزوں پر خوش ہوتے ہیں اور بری چیزوں پر کہتے ہیں کہ انہیں وہ نہیں چاہیے۔
فرحان سعید نے واضح کیا کہ معروف شخصیات کو جہاں تنقید ملے گی، وہیں ان کی تعریف بھی کی جائے گی، اس لیے ایسی شخصیات کو تمام چیزیں احترام کے ساتھ برداشت کرنی چاہیے۔