بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 85 پیسے فی یونٹ اضافہ

شائع April 15, 2022
اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا —فائل فوٹو: اے ایف پی
اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا —فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 85 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔

نیپرا نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک ماہ کے لیے بجلی 4 روپے 85 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

صارفین سے یہ وصولی رواں ماہ کے بجلی کے بلوں میں کی جائے گی جن پر اس اضافے سے 37 ارب 70 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی 5 روپے سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی جس پر نیپرا نے 31 مارچ کو سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو آج جاری کیا گیا ہے۔

اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ماہِ جنوری کے لیے بجلی 5 روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی تھی۔

مزید پڑھیں: نیپرا نے جنوری کیلئے بجلی 5 روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی

بعد ازاں نیپرا نے توانائی ڈویژن کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 28 فروری کو اعلان کردہ گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 5 روپے فی یونٹ کمی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور بجلی کی قیمت فی یونٹ 5 روپے کم کی جائے گی اور اگلے بجٹ تک دونوں چیزوں کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 5 جنوری 2025
کارٹون : 4 جنوری 2025