روسی صدر پیوٹن، چین کی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد
روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن اور چین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری کا عزم ظاہر کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں روسی سفارت خانے نے بیان میں کہا کہ ‘صدر پیوٹن نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے’۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کو ترک صدر کا فون، وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد
بیان میں کہا گیا کہ پیوٹن نے ‘امید ظاہر کی کہ شہباز شریف کی سرگرمیاں روس اور پاکستان کے باہمی تعاون اور افغانستان میں بہتری کے لیے شراکت داری اور بین الاقوامی دہشت گردی کے انسداد میں مزید معاون ہوں گی’۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے بھی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی گئی اور کہا کہ وہ روایتی دوستی، باہمی تعاون اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ پاک-چین عوامی تعلق قریب لانے کے لیے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اعلیٰ سطح کی تعمیر آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے ایک سوال پر بتایا کہ ‘ہم شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار دوست ہیں، چٹان اور مضبوط تعلقات کے ساتھ معاون شراکت دار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے روایتی دوستانہ تعلقات، ایک دوسرے سے تعاون، مختلف شعبوں میں وسیع تعاون اور سی پیک کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف گزشتہ روز پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
جس کے بعد ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی تھی۔
دوسری جانب امریکا نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے 'دیرینہ' تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے لیکن اسلام آباد میں حکومت کی تبدیلی پر کوئی تبصرہ کرنا پسند نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ساتھ 'دیرینہ' تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، امریکا
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے ڈان کو بتایا تھا کہ ہم پاکستان میں ہونے والی پیش رفت کو قریب سے دیکھ رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک خوش حال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے اور یہ مؤقف برقرار ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ خطے میں امن اور استحکام ہو تاکہ ہم ترقیاتی چیلنجز اور لوگوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرسکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جواب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے ایک پیغام میں کہنا تھا کہ جموں و کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، ہمیں امن کو یقینی بناتے ہوئے اپنے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔