• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

برٹنی اسپیئرز کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع

شائع April 12, 2022
برٹنی اسپیئرز کو پہلے بھی دو بچے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
برٹنی اسپیئرز کو پہلے بھی دو بچے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

نومبر 2021 میں والد کی ’سرپرستی‘ سے ڈیڑھ دہائی بعد آزادی حاصل کرنے والی گلوکارہ و اداکارہ 40 سالہ برٹنی اسپیئرز نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق برٹنی اسپیئرز نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے ’بے بی بمپ‘ کی تصویر شیئر نہیں کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ نے مبہم انداز میں منگیتر سام اصغری سے شادی کرنے کی بھی تصدیق کی، کیوں کہ انہوں نے انہیں شوہر کرکے لکھا۔

برٹنی اسپیئرز نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کچھ دن قبل انہوں نے اپنا وزن بڑھا ہوا محسوس کیا اور انہیں شک ہوا کہ ان کے پیٹ میں کچھ ہے، جس کے بعد انہوں نے ’پریگنینسی ٹیسٹ‘ کروایا جو کہ مثبت آیا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ وہ حمل سے ہیں اور وہ جلد ماں بننے والی ہیں، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ کتنے ماہ کے حمل سے ہیں۔

برٹنی اسپیئرز تیسری بار ماں بننے جا رہی ہیں، اس سے قبل برٹنی اسپیئرز نے 2004 سے 2007 کے دوران اپنی دوسری شادی کے دوران دو بچوں کو جنم دیا تھا۔

برٹنی اسپیئرز نے دوسری شادی گلوکار کیون فیڈرلائن سے 2004 کے آخر میں کی تھی، جن سے 2007 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’برٹنی اسپیئرز کے والد ان کے سرپرست نہ ہوتے تو وہ شادی کرچکی ہوتیں‘

برٹنی اسپیئرز کو ان سے ہی و بچے بھی ہیں اور ان کی حوالگی نہ ملنے سمیت دیگر قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے ہی گلوکارہ 2008 میں ذہنی توازن کھو بیٹھی تھیں، جس وجہ سے ان کے والد کو عدالت نے ان کا قانونی سرپرست مقرر کیا تھا۔

برٹنی اسپیئرز اور سام اصغری میں 2016 سے تعلقات ہیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
برٹنی اسپیئرز اور سام اصغری میں 2016 سے تعلقات ہیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

برٹنی اسپیئرز نے پہلی شادی 2004 میں اپنے بچپن کے دوست جیسن ایلن الیگزینڈر سے شادی کی تھی مگر بدقسمتی سے اسی سال دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں: سرپرستی ختم کرکے مجھے اپنی زندگی پر اختیار دیا جائے، برٹنی اسپیئرز

گلوکارہ نے نومبر 2021 میں اپنے فٹنیس ٹرینر اور دیرینہ دوست ایرانی نژاد امریکی شخص 28 سالہ سام اصغری سے منگنی کی تھی اور ان سے جلد شادی کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

مگر اب برٹنی اسپیئرز نے اپنے ہاں متوقع بچے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے مبہم انداز میں خاموشی سے شادی کرنے کی بھی تصدیق کردی۔

برٹنی اسپیئرز 14 سال تک والد کی سرپرستی میں رہی تھیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
برٹنی اسپیئرز 14 سال تک والد کی سرپرستی میں رہی تھیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024