• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

سیاسی عدم استحکام میں پاکستان کا پالیسی تسلسل غیر یقینی کا شکار ہے، موڈیز

شائع April 12, 2022
ایجنسی نے پاکستانی بینکوں کے لیے مستحکم آؤٹ لک کی پیش گوئی کی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایجنسی نے پاکستانی بینکوں کے لیے مستحکم آؤٹ لک کی پیش گوئی کی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ایسے میں جب پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور روپے کی قدر میں زبردست بحالی ہوئی، موڈیز انویسٹرز سروس نے پیر کو پاکستان کی ’پالیسی کے تسلسل پر نمایاں غیر یقینی صورتحال‘ اور گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کو اجاگر کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں قائم کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستانی بینکوں کے لیے مستحکم آؤٹ لک کی پیش گوئی کی ہے اور ملک کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3سے 4 فیصد کے درمیان رہنے کا اندازہ لگایا ہے۔

عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے سابق وزیر اعظم عمران خان کی برطرفی اور ان کے بعد اگست 2023 تک شہباز شریف کی بحیثیت نئے وزیراعظم تصدیق پر تبصرہ کرتے ہوئے موڈیز نے کہا کہ ایسے وقت میں کہ جب پاکستان بڑھتی ہوئی افراط زر، پھیلتا ہوا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا شکار ہے، سیاسی ہلچل اس اتار چڑھاؤ کی عکاسی کرتی ہے جو پاکستان کے سیاسی ماحول کو متاثر کرتی ہے اور پالیسی کے تسلسل کے حوالے سے واضح غیر یقینی صورتحال کو جنم دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک عدم اعتماد سے پالیسی کی غیر یقینی میں اضافہ ہوگا، موڈیز

موڈیز کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ نئی حکومت اگلے انتخابات کے اعلان سے قبل اس عبوری مدت کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام سے کیسے رجوع کرے گی، جس سے اس غیر یقینی صورتحال کو طول ملے گا کہ کیا پاکستان اپنی غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر کو تقویت دینے کے لیے آئی ایم ایف سے مالی اعانت حاصل کر سکے گا جو گر کر صرف دو ماہ کی درآمدات کو پورا کرنے کے برابر رہ گئے ہیں۔

دریں اثنا موڈیز نے کہا کہ بینکوں کے مستحکم آؤٹ لک کو پھیلتی ہوئی معیشت اور ان کے مضبوط مالیات کی مدد حاصل ہے اور اس وجہ سے بینکنگ سیکٹر (بی 3 اسٹیبل) کے لیے ایک مستحکم آؤٹ لک برقرار رکھا۔

رواں مالی سال کے لیے موڈیز کی متوقع حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 12 فیصد سے زائد کریڈٹ گروتھ کے ساتھ 3 اور 4 فیصد کے درمیان اور 2023 کے مالی سال کے لیے 4 فیصد سے 5 فیصد کے درمیان رہے گی۔

مزید پڑھیں: موڈیز پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو ’مثبٹ کریڈٹ‘ قرار دے دیا

اس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی بینکس کامیابی کے ساتھ وبائی مرض کے اثرات سر محفوظ رہے، اگرچہ نان پرفارمنگ لونز زیادہ رہے لیکن مجموعی قرضوں کے تقریباً 9 فیصد پر وسیع پیمانے پر مستحکم رہے۔

اسی طرح موڈیز کے مطابق منافع میں اعتدال سے اضافہ ہوگا، اثاثوں پر منافع تقریباً ایک فیصد سے 1.1 فیصد رہے گا تاہم، سرمایہ کاری کے فوائد کم ہونے کا امکان ہے۔

موڈیز کے مطابق روس اور یوکرین فوجی تنازع تیل کی بلند قیمتوں کے ذریعے پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر دباؤ ڈالے گا جبکہ بڑھتی ہوئی افراط زر نجی شعبے کے اخراجات کو کمزور کر دے گی اور شرح سود میں تیزی سے اضافہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری پر بھی اثر ڈالے گا۔

جی ڈی پی کی ترقی کی پیشن گوئی اصلاحاتی ایجنڈے کی توقعات پر مبنی ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) اقتصادی ترقی کو بڑھانے میں معاون ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی 'جی ڈی پی' میں بہتری کی گنجائش ہے، موڈیز

نیز،مخصوص شعبوں کے لیے حکومت کی مدد جیسے ہاؤسنگ فنانس کے لیے سبسڈی اسکیم، اور سبسڈی والی شرح سود اور چھوٹے کاروباروں اور زراعت کے لیے جزوی کریڈٹ گارنٹی بھی کریڈٹ کی طلب کو بڑھا دے گی۔

علاوہ ازیں شوگر، ٹیکسٹائل، چمڑے اور الیکٹرانکس کے شعبوں کے لیے قرضے سب سے زیادہ کمزور ہوں گے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے اسلامی بینکوں کے لیے شریعہ کے مطابق اضافی لیکویڈیٹی سہولیات بھی متعارف کرائی ہیں جن میں کچھ پریشر پوائنٹس باقی ہیں لیکن یہ قابل انتظام ہوں گے۔

ٹریژری سنگل اکاؤنٹ کی شمولیت معمولی ڈپازٹ آؤٹ فلو کا باعث بنے گی اور پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں شامل کرنے کے لیے انسداد منی لانڈرنگ کے نظام کی کمی والے 27 میں سے 26 اقدامات کو پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024