• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس آج طلب، اگلے لائحہ عمل کا اعلان متوقع

شائع April 10, 2022
فرخ حبیب نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال پر آئندہ کا لائحہ عمل ایجنڈے کا حصہ ہے — فائل فوٹو: آئی این پی
فرخ حبیب نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال پر آئندہ کا لائحہ عمل ایجنڈے کا حصہ ہے — فائل فوٹو: آئی این پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد آج پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی کہ عمران خان نے آج پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، انشااللہ‘۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، عمران خان 'آؤٹ'

اس حوالے سے سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے بھی اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس آج پارٹی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہوگا‘۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’موجودہ سیاسی صورتحال پر آئندہ کا لائحہ عمل ایجنڈے کا حصہ ہے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی تھی اور 174 ارکان نے عدم اعتماد کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جس کے بعد وہ وزیراعظم کے عہدے سے ہٹ گئے تھے۔

مزید پڑھیں: 'پرانے پاکستان میں خوش آمدید': عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر رد عمل

تحریک عدم اعتماد میں ناکامی کے بعد سابق وزرا اور تحریک انصاف رہنماؤں کے سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں پیغامات سامنے آئے۔

سابق معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ان سارے دنوں میں خان کو اکیلے لڑتے دیکھا، ایک بہادر کی طرح‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بہت کچھ دل میں ہے، دل میں ہی رہے تو اچھا ہے، بس اتنا ہی کہوں گا خان کو باندھ کر ہرایا ہے، باندھ کر‘۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے دفتر سے جانے سے پہلے اپنا آخری حکم اپنے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی درخواست پر انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا دیا۔

انہون نے لکھا کہ ’انہوں نے اعظم خان کی پیشہ ورانہ قابلیت کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے پوری ایمانداری اور محنت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں طویل خطاب: شاہ محمود قریشی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے

سابق وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد سابق وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا بھی عمران خان کی حمایت میں ایک ٹوئٹ سامنے آیا۔

اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پچھلے 3 سالوں میں عمران خان کو ملک کی بہتری کے لیے انتھک محنت کرتے دیکھا۔

انہوں نے لکھا کہ عمران خان کا واحد مقصد ہے کہ میں پاکستان کو کیسے مضبوط بنا سکتا ہوں اور میں کیسے پاکستان کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنا سکتا ہوں۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کے لیے دعا کی کہ ’اللّٰہ آپ کو قوم کی خدمت کرنے کی مزید توفیق عطا فرمائے‘۔

مزید پڑھیں: ملکی تاریخ میں کوئی وزیراعظم اپنی 5 سالہ مدت پوری نہیں کرسکا

سابق معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے بھی اپنی ٹوئٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے 25 سال کی جدوجہد صرف اور صرف اپنے نوجوانوں میں خودداری اور اس ملک پاکستان کو عظیم فلاحی ریاست بنانے کا خواب لیے جاری رکھی‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’یہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، اس کا اصل مرحلہ ابھی شروع ہونا ہے اور اس کے لیے آپ سب کو مضبوط ہونا ہوگا‘۔

یہ بھی پڑھیں: محب وطن پاکستانی ہوں، آئین کے مطابق رولنگ دی، قاسم سوری

دوسری جانب سابق حکومت میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور کی ذمہ داریاں نبھانے والے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ عمران خان کی یادگار کے طور پر ان کا تقسیمی نمبر اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘ہر رکن قومی اسمبلی کی اسمبلی سیٹ پر اس کا تقسیمی نمبر ہوتا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی وزیراعظم کی سیٹ پر موجود یہ تقسیمی نمبر ساتھ لے آیا ہوں، وہاں نہیں چھوڑا‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’اس کو اپنے پاس محفوظ کرلیا ہے اور جب خان صاحب دوبارہ وزیر اعظم بنیں گے تو اپنے ہاتھ سے یہ دوبارہ لگاؤں گا انشااللّٰہ‘۔

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’وہ آخری گیند تک کھیلا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم جلد واپس آئیں گے انشااللہ‘

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سالمیت کا مسئلہ ہو تو ادارے نیوٹرل نہیں رہ سکتے، شیخ رشید

دریں اثنا پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے پارٹی کارکنان کو آج رات ملک بھر میں پرامن احتجاج کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں اتوار کی رات پرامن احتجاج کا شیڈول جاری کیا گیا۔

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے بھی اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘آج مورخہ 10 اپریل بروز اتوار رات 9 بجے میں لال حویلی کی بالکونی سے اپنے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کروں گا‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کروں گا، آج رات 9 بجے لال حویلی راولپنڈی سے، انشاللہ‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوئی تھی، جس کے بعد وہ عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیر اعظم بن گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024