• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو تبدیل کردیا گیا

شائع April 10, 2022
اعظم خان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں—فائل فوٹو
اعظم خان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں—فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو تبدیل کردیا گیا، اعظم خان کو تبدیل کیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اعظم خان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اعظم خان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پیش رفت قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہونے سے کچھ دیر قبل سامنے آئی تھی۔

اس سے قبل سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر ہونے والے پارلیمان کے ایوانِ زیریں کے اجلاس کے دوران اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے استعفے کے اعلان کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن اسمبلی اور سابق اسپیکر ایاز صادق نے اجلاس کی صدارت شروع کی تھی جہاں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 7 اپریل کو ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف لائی گئی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی رولنگ اور صدر مملکت کے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔

چیف جسٹس نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تمام ججوں کا متفقہ فیصلہ ہے، ہم نے ایک دوسرے سے مشورہ کیا، ڈپٹی اسپیکر کی 3 اپریل کی رولنگ غیر آئینی تھی جبکہ وزیر اعظم صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس نہیں دے سکتے تھے۔

عدالت عظمیٰ نے قومی اسمبلی کو بحال کرتے ہوئے اسپیکر کو ایوان زیریں کا اجلاس 9 اپریل بروز ہفتہ صبح ساڑھے 10 بجے تک بلانے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کی ہدایت کی تھی۔

چیف جسٹس نے حکم دیا تھا کہ ووٹنگ والے دن کسی رکن قومی اسمبلی کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائے گا، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں فوری نئے وزیر اعظم کا انتخاب ہوگا جبکہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو تو حکومت اپنے امور انجام دیتے رہے گی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے 7 اپریل کے حکم پر عمل در آمد کے لیے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں 9 اپریل کی صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوا تھا جو رات گئے تک جاری رہا اور 12 بجے کے بعد نئی تاریخ 10 اپریل کو عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024