• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

نشے میں دُھت کھلاڑی نے 15ویں منزل پر بالکونی سے الٹا لٹکا دیا تھا، بھارتی اسپنر

شائع April 9, 2022
چاہل نے کہا کہ اگر میں اس کھلاڑی کو کس کر نہ پکڑتا تو نیچے گر جاتا — فائل فوٹو: اے ایف پی
چاہل نے کہا کہ اگر میں اس کھلاڑی کو کس کر نہ پکڑتا تو نیچے گر جاتا — فائل فوٹو: اے ایف پی

معروف بھارتی اسپنر یزویندر چاہل نے انکشاف کیا ہے کہ 2013 میں انڈین پریمیئر لیگ کے دوران ممبئی انڈینز کے شراب کے نشے میں دھت کھلاڑی نے انہیں ہوٹل کی 15ویں منزل پر موجود بالکونی کے باہر الٹا لٹکا دیا تھا اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے دیگر لوگوں کو مداخلت کرنی پڑی تھی۔

انڈین پریمیئر لیگ کے رواں سیزن میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے اسپنر یزویندر چاہل نے ساتھی کھلاڑیوں روی چندرن ایشون اور کرُن نائر سے گفتگو کے دوران 2013 میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا ذکر کیا۔

مزید پڑھیں: طلحہ طالب سمیت دو پاکستانی ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات

انہوں نے بتایا کہ میں 2013 میں ممبئی انڈینز کے ساتھ تھا، بنگلور میں میچ کے بعد ہم سب اکٹھا ہوئے لیکن ڈریسنگ روم میں موجود ایک کھلاڑی نشے میں دھت تھا لیکن میں اس کا نام نہیں لوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کھلاڑی نے مجھے اپنے پاس بلایا اور پھر اٹھا کر 15ویں منزل پر موجود کمرے کی بالکونی کے باہر الٹا لٹکا دیا۔

چاہل نے کہا کہ میں نے اس کھلاڑی کو کس کر پکڑ لیا، اگر میں اسے چھوڑتا تو 15ویں منزل سے نیچے گر جاتا، تاہم اس وقت وہاں موجود دیگر کھلاڑی آئے اور انہوں نے معاملے کو سنبھالا لیکن میں اس وقت بالکل ہواس باختہ ہو چکا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں موت کے منہ سے بال بال بچا تھا، اگر تھوڑی سی بھی غلطی ہوتی تو میں نیچے گر جاتا۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے میں بہترین ریٹنگ، بابر اعظم نے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا

سابق بھارتی کھلاڑیوں نے یزویندر چاہل کے اس بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی فوری تحقیقات اور ذمہ دار کھلاڑی کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سابق بھارتی اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ نے واقعے میں ملوث کھلاڑی کا نام بتانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بہت سنگین نوعیت کا ہے۔

بھارتی ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری نے اس معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذاق ہرگز نہیں ہے اور یہ بہت پریشان کن بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم اس واقعے میں ملوث کھلاڑی کون تھا، وہ یقیناً اپنے ہوش و ہواس میں نہیں تھا، کسی کی جان خطرے میں تھی اور یہ بات کچھ لوگوں کو شاید مذاق لگے لیکن یہ ہرگز مذاق نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: یونس خان، عمر گل افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کنسلٹنٹس مقرر

انہوں نے کرک انفو پر گفتگو میں کہا کہ یہ بالکل بھی قابل قبول نہیں ہے، میں اپنی زندگی میں اتنا ہولناک واقعہ پہلی بار سن رہا ہوں، اگر آج کے دور میں ایسا کوئی واقعہ رونما ہوتا تو ایسے شخص پر تاحیات پابندی لگا کر اسے فوری بحالی کے مرکز بھیجا جاتا۔

روی شاستری نے مذکورہ واقعے کے دوران موقع پر موجود کھلاڑیوں پر بھی زور دیا کہ انہیں اس واقعے کے بارے میں فوری رپورٹ کرنا چاہیے تھا اور اس طرح کے واقعات کے بارے میں بتانے کے لیے کسی سانحے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024