• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بلوچستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، 2 اہلکار شہید

شائع April 8, 2022
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا — فائل/فوٹو: اے ایف پی
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا — فائل/فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان ميں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اپریل کی رات کو بلوچستان کے علاقے مشکئی کے قریب سنگی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں ناکہ بندی کے لیے پوزیشنز سنبھالنا شروع کیں تو دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

یہ بھی پڑھیں: لکی مروت: سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار

شدید فائرنگ کے تبادلے میں بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد مارے گئے، یہ دہشت گرد ضلع آواران اور گردونواح میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال خراب کرنے کے مختلف واقعات میں ملوث تھے۔

اس کے علاوہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جسے دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

آپریشن کے دوران 2 بہادر سپوت حوالدار تاج ولی خان اور سپاہی اسامہ خان شہید ہو گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔

مزید پڑھیں: تربت میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس آپریشن، دو کمانڈر سمیت 7 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ 29 مارچ کو خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کی تحصل لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ سرچ آپریشن اور فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف اغوا اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے، یہ دہشت گرد 22 جنوری کو ایک ایف سی اہلکار کی شہادت میں بھی ملوث تھے۔

یہ بھی پڑھیں: تربت ایئرپورٹ کے قریب دہشت گردوں کا حملہ، پاک فوج کا جوان شہید

قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے جھلر فورٹ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 اور 28 مارچ 2022 کی رات سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع جھلر فورٹ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ 'کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت زار سعد اللہ کے نام سے ہوئی'۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: پاک فوج کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک

اس سے قبل 26 مارچ کو بلوچستان کے علاقے سبی میں سیکیورٹی فورسز کی نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے شہر سبی کے قریب نگاؤ پہاڑوں کے عام علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی۔

قبل ازیں 21 مارچ کو بھی خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ 2 جوانوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے 10 مارچ کو بھی وزیرستان کے قبائلی اضلاع میں خفیہ اطلاعات پر دو آپریشنز کیے گئے تھے، جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے اور ان سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024