• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آج بھارت فیصلہ کرے تو دس، پندرہ ارب روپے میں پاکستان میں حکومت گراسکتا ہے، عمران خان

شائع April 5, 2022
وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں نے بیرونی سازش میں شرکت کی یہ سب غدار ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں نے بیرونی سازش میں شرکت کی یہ سب غدار ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج یہ حالات ہیں کہ کوئی بھی ملک پاکستان میں حکومت گرا سکتا ہے، اگر آج بھارت یہ فیصلہ کرے کہ پاکستان میں حکومت گرانی ہے تو وہ 10 سے 15 ارب روپے میں حکومت گرا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے گورنر ہاؤس لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکن الیکشن کی تیاری شروع کردیں، انشااللہ اگلے 3 ماہ میں پاکستان میں الیکشن ہوگا اور اس بار انتخابات میں ہم بہت سوچ سمجھ کر اپنے نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں اور ہمیں اس کی بہت بڑی سزا بھگتنی پڑی، ہم نے اپنی غلطیوں سے سیکھ کر یہ فیصلہ لیا ہے کہ ہم نے ٹکٹس سوچ سمجھ کر ان لوگوں کو دینے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت گرانے کے لیے بہت بڑی بیرونی سازش ہوئی، ہمارے غدار ان کے ساتھ مل گئے، ان کا ساتھ دینے والے زیادہ تر لوگوں کو اس سازش کا علم نہیں تھا لیکن اچکنیں سلوانے والے ان کے بڑے اس سے واقف تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئین کے منافی، قرار داد مسترد

انہوں نے کہا کہ میں نے آپ سب کو بتانا ہے کہ انشااللہ اس الیکشن میں جا کر اس بیرونی سازش کا حصہ بننے والوں کو سبق سکھائیں گے جنہوں نے آزاد خارجہ پالیسی رکھنے والی حکومت کو گرانے کی کوشش کی، پاکستان کے عوام ان کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ یہ صرف الیکشن نہیں ہاریں گے بلکہ ان کی سیاست کی قبر بن جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ 3 چوہے وہ لوگ ہیں جن کی دولت پاکستان سے باہر پڑی ہے، 30 سال سے یہ ملک سے باہر پیسہ بھیج رہے ہیں، جن کا پیسہ باہر ہوگا وہ یہی کہیں گے کہ بھکاری اپنی مرضی کے فیصلے نہیں کر سکتے، یعنی اگر ہم مقروض ہیں تو ہمیں غلامی کرنی پڑے گی۔

عمران خان نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غلامی تم کرو گے، یہ آزاد قوم ہے جو کسی کے آگے نہیں جھکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں سمیت کئی لوگوں کو خرید کر آواری ہوٹل میں رکھا گیا، یہ لوگ ضمیر بیچ کر ساری قوم کے سامنے ہماری جمہوریت، سالمیت اور مستقبل تباہ کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی جانب سے ’امریکا‘ کا نام لینا غلطی یا زبان کا پھسلنا؟

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر نشست حاصل کرکے اپنے ضمیر کا سودا کرنے والوں کے خلاف ہم عدالت جارہے ہیں، ان پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے اور ان کو جیلوں میں ڈالنا چاہیے، یہ ملک اور جمہوریت کے بھی غدار ہیں اور آنے والی نسلوں کے بھی غدار ہیں، ان کو عبرتناک سزا نہیں دیں گے تو یہ ہمیشہ ہماری جمہوریت کا سودا کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ حالات ہیں کہ باہر کا کوئی ملک اگر ہماری حکومت گرانا چاہیے تو صرف 10 سے 15 ارب روپے میں وہ 20، 30 لوگوں کو خریدیں اور حکومت گرادیں، یہ کون سی جمہوریت ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کا پوری طرح مقابلہ کریں گے، ہم ان کے خلاف سپریم کورٹ گئے ہیں، جن لوگوں نے بیرونی سازش میں شرکت کی یہ سب غدار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے تمام ورکرز کو کہتا ہوں کہ آپ نے ہر روز مظاہرہ کرنا ہے، ایک زندہ قوم اس سازش کے خلاف کھڑی ہوتی ہے، اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں آکر قوم ان غداروں کے خلاف مظاہرہ کرے۔

یہ بھی پڑھیں: دھمکی آمیز مراسلہ: الزامات میں کوئی صداقت نہیں، امریکا

عمران خان نے کہا کہ اگر آج ہم اس غداری کے خلاف کھڑے نہیں ہوں گے تو ہماری آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، کیونکہ ہم ان کا مستقبل اندھیرے میں ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک یہ کر سکتا ہے، اگر آج بھارت یہ فیصلہ کرے کہ پاکستان میں حکومت گرانی ہے تو وہ 10 سے 15 ارب روپے میں حکومت گرا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے لیے آج یہ فیصلہ کن لمحہ ہے، اس سازش کو کامیاب ہونے دیا تو ملک کا مستقبل اور جمہوریت تباہ ہوجائے گی، اس لیے میں ساری قوم کو کہتا ہون کہ پرامن احتجاج کرنا اور اس سازش کو شکست دینا چاہیے، یہ آپ کا فرض ہے، آج پھر اسلام آباد میں ایف 9 پارک میں عشا کے بعد احتجاج ہوگا۔

خطاب کےدوران انہوں نے شفقت محمود کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں بھی احتجاج کا انتظام کریں، ہر روز احتجاج ہونے چاہئیں تاکہ ساری قوم پیغام دے، امریکا جو کچھ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اسے بھی پیغام جانا چاہیے اور جو یہاں غدار ہیں ان کو بھی پیغام جانا چاہیے کہ یہ زندہ قوم ہے، یہ کبھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Legal Apr 05, 2022 05:52pm
dosron ko bikao mal samajhna chordeejyay !!! AAina daikhyay

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024