• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر شوبز شخصیات کا اظہار مسرت

شائع April 3, 2022
شوبز شخصیات نے وزیر اعظم کی تعریفیں کیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
شوبز شخصیات نے وزیر اعظم کی تعریفیں کیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

شوبز، فیشن، میوزک اور اسپورٹس سے وابستہ شخصیات نے عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عمران خان کی کامیابی قرار دیا ہے۔

عمران خان کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کردہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونا تھی مگر اجلاس شروع ہوتے ہی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے تحریک کو ملک کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

عدم اعتماد تحریک مسترد ہونے کے بعد عمران خان نے قوم سے مختصر خطاب میں کہا کہ وہ صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیج رہے ہیں، جس کے بعد عارف علوی نے اسمبلیاں تحلیل کردیں۔

وزیر اعظم کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز پیش کیے جانے اور ان کے خلاف عدم اعتماد تحریک مسترد کیے جانے پر شوبز، فیشن، میوزک اور اسپورٹس شخصیات نے اظہار مسرت کرتے ہوئے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اداکارہ صبا قمر نے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے فوری بعد مختصر ٹوئٹ کرتے ہوئے ’وزیر اعظم عمران خان نیازی‘ لکھ کر ان کے ساتھ دل کا ایموجی شیئر کیا اور ساتھ ہی قومی پرچم کا ایموجی بھی شیئر کیا۔

سینیئر اداکار شان شاہد نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کون کہتا ہے کہ عمران خان صرف کرکٹر ہیں، وہ بہترین سیاستدان بھی ہیں، انہوں نے کیا شاندار اننگیز کھیلی اور ایک ہی گیند پر تین وکٹیں لے لیں۔

گلوکار و موسیقار ہارون شاہد نے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے معاملے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ جو لوگ عمران خان پر تنقید کرتے تھے کہ لوگ جمع کرنے سے کیا ہوگا، وہ دیکھ لیں کہ انہوں نے پارلیمنٹ سے گیم کھیل کر اپنے عوام کی عزت کروائی۔

ہارون شاہد نے ایک اور ٹوئٹ کی کہ سارا دن گرمی میں فیلڈنگ کرکے بیچارے جو بیٹنگ کے لیے آئے تو اگلے ڈکلیئر کرکے چل دیے، اوپر سے بال، گراؤنڈ اور ٹیپ کے پیسے بھی بھرنے پڑے۔

قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی عدم اعتماد مسترد ہونے پر عمران خان کی تعریفیں کیں اور انہیں لیجنڈ قرار دیا، ساتھ ہی انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

موسیقار روحیل حیات نے بھی مذکورہ معاملے پر ٹوئٹ کی کہ ایک ہی بال پر رورس، سوئنگ اور یارکر ہوگئے، ساتھ ہی انہوں نے سرپرائز کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

سینیئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی عمران خان کا نام لکھے بغیر تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مختصر ٹوئٹ کی کہ ہم آزاد قوم ہیں، ہم اپنے فیصلے خود کریں گے۔

اداکار فیصل قریشی نے بھی عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا، ساتھ ہی انہوں نے عوام کا نعرہ بھی لگایا۔

اداکارہ زارا نور عباس نے بھی تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں عمران خان کو شہزادہ قرار دیا۔

زارا نور عباس نے عمران خان کو شہزادہ قرر دیا—اسکرین شاٹ
زارا نور عباس نے عمران خان کو شہزادہ قرر دیا—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024