• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

چوہدری سرور برطرف، عمر سرفراز چیمہ گورنر پنجاب مقرر

شائع April 3, 2022
عمر سرفراز چیمہ اور چوہدری محمد سرور —تصویر: فیس بک
عمر سرفراز چیمہ اور چوہدری محمد سرور —تصویر: فیس بک

وفاقی حکومت نے چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کرنے کے چند گھنٹے بعد ہی عمر سرفراز چیمہ کو پنجاب کا نیا گورنر مقرر کردیا۔

چوہدری سرور کی برطرفی کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات و قانون فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی، نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کل ہوگا

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ نئے گورنر پنجاب کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، آئین کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر ہوں گے۔

تاہم 2 گھنٹے بعد ہی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے اعلان کیا کہ عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر مقرر کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گورنر پنجاب کو ان کے منصب سے ایسے وقت برطرف کیا گیا کہ جب آج صوبائی اسمبلی میں قائد ایوان یعنی وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہونا ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی جانب سے 28 مارچ کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی۔

اسی روز عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کیا تھا جس کے بارے میں (ق) لیگ نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: 'وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے استعفیٰ دے دیا'

ساتھ ہی وزیراعظم کی جانب سے چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور پر نامزد کردیا گیا تھا اور انہیں قومی اسمبلی میں تحریک عدم ناکام بنانے کے لیے منحرف اراکین کو منانے کی بھی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

بعد ازاں یکم اپریل کو گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کرنے کے ساتھ ساتھ 2 اپریل بروز ہفتہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کرلیا تھا، جس کے ایجنڈے میں قائد ایوان کا انتخاب شامل تھا۔

تاہم ہفتے کو ہونے والا پنجاب اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی ہنگامہ آرائی کے باعث وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے بغیر ہی آج تک کے لیے ملتوی کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024