• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب: ترین گروپ کا حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان

شائع April 2, 2022
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبے کو دوبارہ خوشحالی کی اسی ڈگر پر ڈالیں گے جہاں شہباز شریف چھوڑ کر گئے تھے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبے کو دوبارہ خوشحالی کی اسی ڈگر پر ڈالیں گے جہاں شہباز شریف چھوڑ کر گئے تھے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ نے پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار و مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور میں حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما نعمان لگڑیال نے کہا کہ آج اس میں کوئی شک نہیں کہ متحدہ اپوزیشن پورے ملک میں جدوجہد کر رہی ہے اور کوشش کر رہی ہے کہ اس ملک کی بہتری کے لیے وہ قدم بڑھائیں اور ترقی یافتہ بنائیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی، نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کل ہوگا

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ہم جہانگیر ترین گروپ کے اراکین پچھلے ڈیڑھ سال سے حکومت میں رہ کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے تھے کیونکہ پی ٹی آئی پر جہانگیر ترین کے بے شمار احسانات، وفاداری، محنت پر حملہ کیا گیا بلکہ ایک جھوٹا مقدمہ بنا کر نہ صرف ان پر ایف آئی آر کی گئی بلکہ ان کے بیوی بچوں تک پر مقدمہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کی ایمانداری کا ثبوت یہ تھا کہ مشیر احتساب شہزاد اکبر کو پی ٹی آئی کو نکالنا پڑا اور ان پر بے شمار الزامات لگے۔

ترین گروپ کے رہنما نے کہا کہ پنجاب میں نااہل وزیر اعلیٰ بنایا گیا جس نے نہ صرف کرپشن کو فروغ دیا بلکہ اپنی ہی پارٹی کو نقصان پہنچانا شروع کیا، جس شخص کو عمران خان نے وزیر اعلیٰ نامزد کیا اسی کی ڈویژن میں چھ اراکین اس سے منحرف ہو گئے، یہ ان کی کارکردگی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آج پھر جہانگیر ترین گروپ اس بات کا عہد کر رہا ہے اور اس بات کا ضامن ہے کہ ہم نے یہ فیصلہ ایمانداری اور اس صوبے میں بہتری کے لیے کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کرلیا

نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ حمزہ شہباز اس صوبے کی خدمت کریں گے اور اس صوبے میں بننے والے کرپشن کے نئے ریکارڈ ختم کریں گے، صوبے کی ترقی کے لیے کام کریں گے، عام غریب آدمی کی زندگی کو آسان بنائیں گے اور جہانگیر ترین گروپ اس میں ان کا پورا ساتھ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس دوران صوبے میں کوئی غلط کام ہو رہا ہوگا تو ہم اس کی نشاندہی کریں گے اور اس کو روکنے کی کوشش بھی کریں گے۔

اس موقع پر اپوزیشن کے وزارت اعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز نے کہا کہ اس صوبے کو کرپشن کی آماجگاہ بنا دیا گیا، کرپشن کے ریٹ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں طے ہوتے ہیں اور روزانہ درجنوں تبادلے ہوتے ہیں، نیا پاکستان تو کیا بننا تھا، پرانا پاکستان بھی انہوں نے اپنی نااہلی اور کرپشن سے تباہ کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ متحدہ اپوزیشن وفاق اور پنجاب میں اپنی اکثریت پوری کرچکی ہے اور خوشحال پاکستان کی خاطر ان ساتھیوں کی مدد سے ہم اس صوبے کو دوبارہ خوشحالی کی اسی ڈگر پر ڈالیں گے جہاں شہباز شریف چھوڑ کر گئے تھے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے پرویز الٰہی کی ترین گروپ سے رابطے کی کوشش

جب حمزہ شہباز سے پوچھا گیا کہ کیا اب قبل از وقت انتخابات کے بجائے وقت پر ہی الیکشن ہوں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ اس بات کا فیصلہ متحدہ اپوزیشن مشاورت کے بعد کرے گی۔

اپوزیشن کی حمایت کرنے والے ترین گروپ کے امیدواروں کی تعداد کے حوالے سے سوال پر حمزہ شہباز نے کہا کہ ایک بڑا سرپرائز آئے گا، میں عمران نیازی کی طرح جھوٹا سرپرائز نہیں دوں گا، جس دن تحریک عدم اعتماد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، وہ سب سے بڑا سرپرائز ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024