• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے کل ہی عدالت سے رجوع کریں گے، وزیراطلاعات

شائع April 1, 2022
فواد چوہدری نے کہا کہ کل ان شا اللہ چوہدری پرویز الٰہی وزیر اعلٰی ہوں گے—فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا کہ کل ان شا اللہ چوہدری پرویز الٰہی وزیر اعلٰی ہوں گے—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آج مجھے بتایا گیا ہے کہ مجھے وزارت قانون کا قلمدان سونپا جارہا ہے، میں کل فوری طور پر شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے کا حکم دوں گا.

اسلام آباد میں وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کی طرح کئی لوگوں کے وزیراعظم بننے کا خواب ٹوٹے گا، مجھے حیرت ہے کہ عدالت سے ضمانت لے کر بیٹھا ہوا شخص وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہونے کا دعویٰ کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج مجھے بتایا گیا ہے کہ مجھے وزارت قانون کا قلمدان سونپا جارہا ہے، میں کل فوری طور پر شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے کا حکم دوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش

انہوں نے کہا کہ ہم کل صبح ہی میں عدالت کو کہیں گے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخ کرنے کا عمل شروع کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اعتبار سے آئندہ 48 گھنٹوں میں بہت سی چیزیں ہیں، یہ جو شیروانیاں سلوا کر بیٹھے ہوئے ہیں ان کی شیروانیاں ٹنگی رہ جائیں گی اور ان کو اپنے پجامے میں بھی نہیں ملنے۔

پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ فیصلہ ہوچکا ہے، کل ان شا اللہ چوہدری پرویز الٰہی وزیر اعلٰی ہوں گے۔

مزید پڑھیں: تحریک عدم اعتماد سے پی ٹی آئی پر عوام کا اعتماد بڑھا، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کسی صورت یہ برداشت نہیں کریں گے کہ کسی باہر کے ملک کے دارلحکومت میں بیٹھ کر چند سو ملین ڈالر خرچ کرکے پاکستان کے اندر حکومت تبدیل کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب منحرف اراکین کے خلاف کاروائی بھی آگے بڑھے گی، کل ہم سپریم کورٹ کو رجوع کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ عدالت یہ دیکھے کہ کسیے یہ ممکن ہے کہ ایک ایسی تحریک عدم اعتماد جسے باہر سے بیٹھ کر تیار کیا گیا اور پاکستان بھیج کر کہا جائے کہ اس پر ہمارے تعلقات منحصر ہیں اور پھر اچانک اس پر ہمارے 22 لوگوں کے ضمیر جاگ جائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف نے کہا تھا خط دکھا دیا جائے تو میں ساتھ کھڑا ہوجاؤں گا، شہباز شریف کو بلایا گیا تو یہ نہیں آئے، ان کو تو پتا ہے کیونکہ یہ تو خود سازش کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کا اجلاس تحریک عدم اعتماد پر بحث کے بغیر اتوار تک ملتوی

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے سرکردہ لوگ اس سازش کا حصہ ہیں، کل خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا نے ہمیں ڈرپیں لگائی ہوئی ہیں اور اگرامریکا ڈرپیں نکال دے تو ہمارا کیا ہوگا، خواجہ آصف صاحب! پاکستان کے عوام کو جسی زندگی آپ لوگوں نے دی اس سے بہتر ہے کہ یہ ڈرپیں نکال لیں جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس وقت ان بے ضمیر لوگوں کے خلاف کھڑے ہیں انہیں سلام پیش کرتا ہوں، ان شا اللہ پاکستان کی قیادت عمران خان جیسے غیرت مند لیڈر کے ہاتھ میں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے، ہم آئین کی پاسداری کرتے ہیں اور آئین سے ہٹ کر کوئی چیز نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا ’دھمکی آمیز خط‘ سینیئر صحافیوں، اتحادیوں کو دکھانے کا اعلان

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حنا ربانی کھر بھی رات کو بڑی باتیں کررہی تھیں، جب یہ خود وزیرخارجہ تھیں تو ان کی وجہ شہرت محض مہنگے بیگز تھے، یہ سارے بے شرم لوگوں کا ٹولہ ہے۔

اس موقع پر حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج شہبازشریف اپنی حکومت کے بڑے فضائل بیان کر رہے تھے، مسلم لیگ (ن) سے ہمیں بینک کرپٹ حکومت ملی تھی، آج زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر ہے، مسلم لیگ (ن) نے فیٹیف کی تلوار لٹکائی تھی۔

انہوں نے کہ کہ ہم نے مشکل فیصلے کرکے ان مسائل کا حل نکالا، جون میں ہم گرے لسٹ سے نکلنے کا پورا یقین ہے، ہماری حکومت نے قطر کے ساتھ سستا ایل این جی کا سودا کیا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مہنگے معاہدے کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کےخلاف ’دھمکی آمیز خط‘ کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ اس وقت ایک عالمی سازش کے ذریعے ایک کٹھ پتلی حکومت بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کٹھ پتلی حکومت کے لیے جن لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے وہ پاکستان کی قیادت ایک آزاد خارجہ پالیسی کے ساتھ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ عمران خان اور ان کے ساتھی کسی صورت اس ملک میں کٹھ پتلی حکومت قائم نہیں ہونے دیں گے۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن کا تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ تک اسلام آباد میں دھرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہ یہ ملک اور اس کی معیشت متحمل نہیں ہے کہ وہ ایک اور بار ان لوگوں کا حملہ برداشت کر سکے جو اسے دیوالیہ کرکے چھوڑ گئے تھے، ہم نے مشکل فیصلے کرکے پاکستان کو ان حالات سے نکالا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اور سالمیت پر اس حملے کو ان شا اللہ ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، قیمتیں برقرار رہیں گی۔

اس موقع پر ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ آج بچوں کا وزیراعظم پریس کانفرنس کر رہا تھا، اتوار والے دن شہبازشریف کا خواب کرچیاں، کرچیاں ہوتے نظر آئے گا، اگر خدانخواستہ انہوں نے کامیاب ہونے کی کوشش کی تو ایک، ایک پاکستانی ان غداروں سے بدلہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر شہبازشریف نے وزیراعظم بننا ہے تو نائب وزیراعظم مقصود چپڑاسی کو بنانا چاہیے، پاکستان کے دن اتنے برے نہیں کہ شہبازشریف جیسا شخص وزیراعظم بنے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024