• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’عوام نے غداروں کو مسترد کردیا‘، کے پی کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی آگے

شائع April 1, 2022
کُل 65 تحصیل کونسلز میں چیئرمین اور میئر کے عہدوں کے لیے پولنگ ہوئی— فوٹو: ڈان نیوز
کُل 65 تحصیل کونسلز میں چیئرمین اور میئر کے عہدوں کے لیے پولنگ ہوئی— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں زبردست کامیابی پر اپنی پارٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے غیر ملکی آقاؤں کے ہاتھوں بکنے والے ’غداروں‘ کو بھرپور طریقے سے مسترد کر دیا ہے۔

وزیر اعظم کی جانب سے مبارکباد 41 کونسلز کے ابتدائی نتائج کے بعد کم از کم 20 تحصیل کونسلز میں پی ٹی آئی کی فتح کے بعد سامنے آئی۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تمام غداروں کے لیے ابتدائی انتباہ ہے کہ ان کے انتخابی حلقوں میں کیا صورتحال ان کی منتظر ہے۔

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) برتری حاصل کر رہی ہے۔

ریٹرننگ افسران سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق 41 کونسلز کے ابتدائی نتائج کے مطابق کم از کم 20 تحصیل کونسلز میں پی ٹی آئی کی فتح سامنے آئی ہے، بقیہ 21 نشستوں میں سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 8 کونسلز میں برتری حاصل ہوئی ہے۔

ان کے بعد 4 کونسلز میں آزاد امیدوار، 4 میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو 2، جماعت اسلامی (جے آئی) کو 2 اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو ایک کونسل میں برتری حاصل ہے، تاہم باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونا باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے مالاکنڈ کو پہلے مرحلے سے نکال دیا

24 سیٹوں پر نتائج کا انتظار ہے، کُل 65 تحصیل کونسلز میں چیئرمین اور میئر کے عہدوں کے لیے پولنگ ہوئی۔

غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق سوات کی 7 تحصیل کونسلز میں سے 6 میں تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کر لی، ایک نشست جے یو آئی (ف) کے امیدوار نے حاصل کی۔

اسی طرح غیر سرکاری نتائج کے مطابق چترال اور ملاکنڈ کی تینوں کونسلز میں پی ٹی آئی کو برتری حاصل ہے۔

شانگلہ ضلع میں پی ٹی آئی نے 4 میں سے 3 کونسلز پر کامیابی حاصل کی جبکہ ایک نشست اے این پی نے حاصل کی۔

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کے بھائی عبداللہ خان نے بھی اپنی آبائی تحصیل مٹہ سے ایک نشست جیتی ہے۔

پولنگ کے دوران پرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق

صوبے میں بلدیاتی انتخابات دوسرے مرحلے کے دوران مختلف پرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پولنگ کے دوران کم از کم 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، اگرچہ انتخابات بڑی حد تک پرامن رہے تاہم کچھ علاقوں میں تشدد کے خال خال واقعات رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات: دوسرے مرحلے میں پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

ضلع ایبٹ آباد میں بگدرہ میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر ہاتھا پائی کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ ضلع تورغر میں ڈورے میرا کے علاقے میں ووٹ ڈالنے کے معاملے پر 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، گلیات کے گاؤں جندر باری میں ایک اور تصادم میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔

پولنگ کے دوران دیگر واقعات میں عسکریت پسندی سے متاثرہ جنوبی وزیرستان کے ضلع شوال کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے پولنگ عملے اور ایک پولیس گارڈ کو اغوا کیا اور بیلٹ باکس بھی ساتھ لے گئے، اعظم ورسک کے علاقے میں لوگوں نے بیلٹ باکس کو آگ لگا دی جبکہ وانا میں کچھ دیر کے لیے پولنگ روک دی گئی۔

کبل تحصیل کے سویگلئی میں خواتین کے ایک پولنگ اسٹیشن اور سوات کی میاندام تحصیل میں میاندام، جختائی اور کاسونو میں خواتین کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر ایک بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل، جے یو آئی (ف) کا پلڑا بھاری

صوبے کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر 2021 کو ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں جے یو آئی (ف) نے تحصیل کونسلز کے میئر/چیئرمین کی 23 نشستیں حاصل کی تھیں جب کہ پی ٹی آئی 18 نشستوں کے ساتھ پیچھے رہی۔

تحصیل کونسل کے چیئرمین/میئر کی 10 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے، جب کہ اے این پی نے 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، 3 نشستیں مسلم لیگ (ن) نے، 2،2 نشستیں جماعت اسلامی اور تحریک اصلاح پاکستان اور ایک پی پی پی نے حاصل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024