• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد ول اسمتھ کی جانب سے تقریب چھوڑنے سے انکار کا انکشاف

شائع March 31, 2022
ول اسمتھ — رائٹرز فوٹو
ول اسمتھ — رائٹرز فوٹو

کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد اداکار ول اسمتھ نے آسکر ایوارڈز کی تقریب سے جانے کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

یہ بات آسکر ایوارڈز کا انتظام کرنے والی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے جاری بیان میں سامنے آئی۔

یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا جب فلم اکیڈمی کی جانب سے بہترین اداکار کا ایوارڈز جیتنے والے ول اسمتھ کو گروپ سے خارج کرنے کی کارروائی کو شروع کیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کرس راک نے اسٹیج پر ول اسمتھ کی بیوی کے بالوں پر مذاق کیا تھا۔

اس مذاق پر ول اسمتھ اسٹیج پر گئے اور کامیڈین کو تھپڑ دے مارا۔

اس واقعے کے بعد ایک گھنٹے کے اندر ول اسمتھ نے بہترین اداکار کے ایوارڈ کو قبول کیا جس پر لوگوں کی جانب سے سوال کیا گیا تھا کہ انہیں تقریب سے نکالا کیوں نہیں گیا۔

اب اکیڈمی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا 'واقعات جس انداز سے آگے بڑھے ہمیں اس کی توقع نہیں تھی'۔

بیان کے مطابق 'اگرچہ ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ول اسمتھ کو کہا گیا تھا کہ وہ تقریب چھوڑ دیں مگر انہوں نے انکار کیا، مگر ہم تسلیم کرنا چاہتے ہیں ہمیں صورتحال پر مختلف انداز سے ردعمل ظاہر کرنا چاہیے تھا'۔

اکیڈمی نے بتایا کہ اس کی جانب سے اس عمل کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت اکیڈمی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ول اسمتھ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

بیان کے مطابق 'یہ کارروائی نامناسب جسمانی تعلق، توہین یا دھمکی آمیز رویے اور اکیڈمی کے وقار کو ٹھیس پہنچانے کے تحت کی جارہی ہے'۔

ول اسمتھ کی معطلی، اخراج یا دیگر پابندیوں کی منظوری اکیڈمی کے بورڈ کے 18 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں دیئے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ول اسمتھ نے 28 مارچ کو ول اسمتھ نے اس واقعے پر کرس راک، اکیڈمی اور تقریب میں شریک افراد سے معذرت کی گئی تھی۔

انہوں نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریب میں ان کا رویہ ناقابل قبول اور ناقابل عذر ہے۔

انہوں نے کہا 'میں عوامی سطح پر کرس سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، میں حد سے باہر گیا اور میں غلط ہوں'۔

دوسری جانب 30 مارچ کو بوسٹن میں ایک شو کے دوران کرس راک نے پہلی بار عوامی سطح پر اس معاملے پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ تاحال اس یہ سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر ہوا کیا اور اس پر بعد میں بات کریں گے۔

انہوں نے کہا 'یہ سنجیدہ ہوسکتا ہے، یہ پرمزاح ہوسکتا ہے، مگر ابھی آپ کو کچھ لطائف سنانا چاہتا ہوں'۔

اکیڈمی کے قوانین کے تحت ول اسمتھ کے پاس کسی کاررائی سے قبل تحریری ردعمل فراہم کرنے کا موقع موجود ہے، مگر فی الحال ان کی جانب سے کوئی بیان یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اکیڈمی نے اپنے بیان میں کرس راک سے معذرت کرتے ہوئے اس موقع پر کوئی ہنگامہ نہ کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

تھپڑ کے بعد کامیڈین نے خود کو پرسکون رکھا اور بہترین ڈاکومینٹری کے فاتح کا اعلان بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024