• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

چوہدری شجاعت نے خاندان، پارٹی میں اختلافات کی تردید کردی

شائع March 29, 2022
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے — فائل فوٹو: فیس بک
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے — فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں خاندان میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا۔

ایک بیان جاری کرتے ہوئے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے، فیصلوں میں میری مکمل حمایت شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں، جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن، مسلم لیگ (ق) کی حمایت حاصل کرنے میں کیوں ناکام ہوئی؟

سربراہ ق لیگ کا کہنا تھا کہ اب تک پارٹی یا گھر میں جو بھی فیصلے ہوئے ہیں وہ میری مشاورت اور رضامندی کے ساتھ ہوتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ وضاحت پر یقین نہیں رکھتا لیکن اس کے باوجود میں کہنا چاہوں گا کہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے، نوجوانوں کی تعداد موجودہ اسمبلی میں سابقہ اسمبلیوں سے زیادہ ہے ان پر الزام لگانا اور شک کرنا غلط بات ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پیسے کے لین دین کا لفظ استعمال نہیں ہونا چاہیے خاص کر پڑھے لکھے لوگ اس بات کوپسند نہیں کرتے، غلط قسم کا پروپیگنڈا کرنا اور حقائق کو جوڑ توڑ کر پیش کرنا یا کروانا نہایت نا مناسب بات ہے۔

بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ آپ کے خاندان میں اختلافات ہیں ایسی بے بنیاد خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ہمارا خاندان پچھلے 50 سالوں سے پنجاب ہی میں نہیں بلکہ پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیلا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: طارق بشیر چیمہ وزارت سے مستعفی، تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم کےخلاف ووٹ دینے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر کہنا چاہوں گا کہ ہمارا خاندان توبہت بڑا ہے لیکن فیصلے میری رضامندی کے ساتھ کیے جاتے ہیں، اختلافات کا غلط پروپیگنڈا کر کے جو لوگ سیاسی فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں انہیں بڑی مایوسی ہو گی، کسی معاملے پر رائے کو فیصلہ سمجھ کر پروپیگنڈا نہیں کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چوہدری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کرنے پر رضامندی کے بعد مسلم لیگ (ق) نے تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

یہ تاثر پایا جارہا تھا کہ چوہدریوں میں بھی اتحاد کا حصہ رہنے کے فیصلے کے حوالے سے دراڑ ہے کیوں کہ چوہدری شجاعت مسلم لیگ (ن) سے ہاتھ ملانا چاہتے تھے جبکہ پرویز الہٰی وزارت اعلیٰ کی پیشکش کی وجہ سے پی ٹی آئی کو بہتر آپشن سمجھتے ہیں۔

اس تاثر کو یوں بھی تقویت ملی تھی کہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈورکس طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالوں گا۔

تاہم چوہدری شجاعت کے مذکورہ بیان میں خصوصی طور پر حکومت کی حمایت کے فیصلے کے حوالے سے کوئی ذکر موجود نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024