• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حکومت سندھ لمپی اسکن کی تقریباً 20 لاکھ ویکسینز درآمد کرنے کو تیار

شائع March 29, 2022
حکومت کو توقع ہے کہ 19 لاکھ ویکسین کی کھیپ تمام تر مرحلے کے ساتھ آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچ جائے گی — فائل فوٹو: ڈان نیوز
حکومت کو توقع ہے کہ 19 لاکھ ویکسین کی کھیپ تمام تر مرحلے کے ساتھ آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچ جائے گی — فائل فوٹو: ڈان نیوز

لمپی اسکن کے مرض میں مبتلا جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہونے پر سندھ حکومت نے بالآخر ویکسین درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ڈرگز ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کی اجازت کے بعد ترکی سے تقریباً 20 لاکھ ویکسین درآمد کی جائیں گی جس کی مالیت 50 کروڑ روپے ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں اب تک 30 ہزار مویشیوں میں مرض کی تشخیص ہوچکی ہے، متاثرہ جانوروں میں نصف سے زائد تعداد کراچی کے جانوروں کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے رواں ہفتے کے اختتام تک ویکسی نیشن شروع کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تمام مشقیں شروع کردی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں قائم جانوروں کی میڈیسن درآمد کرنے اور اس کی مارکٹنگ کرنے والی کمپنی نے نیلامی میں بولی جیتی ہے جو درآمد شدہ ویکسین فراہم کرے گی۔

مزید پڑھیں: لمپی اسکن کی وبا انسانوں میں منتقل نہیں ہوتی، تحقیق

سندھ لائیو اسٹاک کے سیکریٹری تمیز الدین کھیرو نے ڈان کو بتایا کہ ’ہم پنجاب کی کمپنی حذیفہ انٹرنیشنل کے ذریعے ویکسین کی ایک کروڑ 90 لاکھ خوراکیں درآمد کر رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ویکسین درآمد کرنے کے پروگرام کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ویکسین اور مویشیوں کی دوا کے لیے ڈریپ سے اجازت لینا ضروری ہے، اچھی بات یہ ہے کہ ہمارے سپلائرز ہفتے کو منظوری حاصل کر چکے ہیں اور آج (پیر) کو آرڈر کردیا جائے گا، اب ہماری توجہ ویکسین کی کھیپ کی ترسیل پر مبذول ہے۔

کولڈ چین منیجمنٹ

سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ ترکی سے ترسیل کے دوران ویکسین کو ایک مخصوص درجہ حرارت پر رکھنا ضروری ہے اور کارگو کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کولڈ چین منیجمنٹ کے آلات کرایے پر لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لمپی اسکن بیماری خطرناک ہے، 20 ہزار سے زائد مویشی متاثر ہوچکے، وزیر لائیو اسٹاک سندھ

انہوں نے کہا کہ حکومت کو توقع ہے کہ 19 لاکھ ویکسین کی کھیپ تمام تر مرحلے کے ساتھ آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچ جائے گی۔

ویکسین درآمد کرنے والے مقامی درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ ویکسین کو عموماً ریفریجریٹر کے درجہ حرارت پر جمایا جاتا ہے اور اس ٹرانسپورٹیشن کے دوران درجہ حرارت 4 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ ان تمام ویکسینز کے لیے سورج کی روشنی بہت حساس تصور کی جاتی ہیں، تاہم مہم کے دوران انہیں دھوپ سے بچا کر رکھنا ضروری ہے۔

مویشیوں کی ویکسی نیشن کے لیے حکومت نے ’جامع منصوبہ‘ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ’لمپی اسکن کی وبا ویکسین کے غلط استعمال کے سبب پھیلی‘

تمیزالدین کھیرو کا کہنا ہے کہ ’ہم ویکسین کی خوراک کی ترسیل کا منصوبہ بنا چکے ہیں، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک کے ماتحت ایل ایس ڈی پر ہماری ٹاسک فورس تمام تر کام مکمل کرچکی ہے، اب تک زیادہ تر ایل ایس ڈی کیسز کی تشخیص کراچی میں ہوئی ہے لہٰذا پروگرام کے دوران کراچی پر اہم توجہ مرکوز کی جائے گی۔

کراچی میں 17 ہزار سے زائد مویشی متاثر

رواں ماہ کے آغاز میں سندھ اور پنجاب کے متعدد علاقوں میں مویشیوں میں ایل ایس ڈی کے پھیلنے سے ڈیری اور مویشی پالنے والے خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔

کچھ فارمرز کا دعویٰ ہے کہ انہیں بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، حکومتی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب تک 30 ہزار جانور اس مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

ایل ایس ڈی پر بنائی گئی ٹاسک فورس کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صوبے پھر میں 27 مارچ تک مجموعی طور پر 30 ہزار 469 مویشیوں میں ایل ایس ڈی کی تشخیص ہوئی۔

مزید پڑھیں: حکومتِ سندھ نے ’لمپی اسکن‘ کا پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہنگامی حالت نافذ کردی

عہدیدار کا کہنا تھا کہ مجموعی اعداد و شمار میں سے 17 ہزار 270 کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 4 ہزار 595 ٹھٹہ، 983 بدین، 950 تھانہ بھولہ خان، 847 ٹنڈو محمد خان، 824 سانگھڑ اور 761 کیسز حیدر آباد میں سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ خیر پور میں 705 جانوروں میں ایل ایس ڈی کی تشخیص ہوئی، قمبر شہداد کوٹ میں 611 کیسز سامنے آئے جبکہ جامشورو میں 565، سجاول میں 356، لاڑکانہ میں 333 جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں 100 سے کم کیسز رپورٹ ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024