شمالی وزیرستان: پاک فوج کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے جھلر فورٹ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 27 اور 28 مارچ 2022 کی رات سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع جھلر فورٹ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا.
بیان میں بتایا گیا کہ 'کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ایک دہشت گرد کی شناخت زار سعد اللہ کے نام سے ہوئی، ہلاک دیگر دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے'۔
یہ بھی پڑھیں:باجوڑ: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ 'ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے'۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ 'مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے'۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقامی افراد کی جانب سے کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے علاقے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک
خیال رہے کہ 21 مارچ کو بھی خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ 2 جوانوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے 10 مارچ کو بھی وزیرستان کے قبائلی اضلاع میں خفیہ اطلاعات پر دو آپریشنز کیے گئے تھے، جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے اور ان سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا تھا۔
یاد رہے اس سے قبل سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 26 فروری کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیر ستان کے علاقے اسپن وام میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی آپریشن کیا گیا تھا جس میں ایک دہشت گرد کو ہلاک ہوا تھا۔