• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

عوام نے عمران خان کا جلسہ ناکام بناکر ان کی سیاست دفن کردی، مریم نواز

شائع March 27, 2022
مریم نواز گوجرانوالا میں  پارٹی کے مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کر رہی تھیں— فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز گوجرانوالا میں پارٹی کے مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کر رہی تھیں— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اسلام آباد پریڈ گراؤند کا جلسہ ناکام ہوگیا، وہ کہتا تھا کہ دس لاکھ لوگ لائیں گے، دس ہزار لوگ بھی جلسے میں نہیں آئے، وہ شخص پریڈ گراؤنڈ میں زور زور سے رو رہا ہے، عوام نے عمران خان کے جلسے میں شرکت نہ کرکے جلسہ ناکام بناکر ان کی سیاست دفن کردی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گوجرانوالہ میں مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی شخص بیرون ملک جانے کے لیےایئر پورٹ جاتا ہے تو 50 سے 60 لوگ اس کو بھی الوداع کہنے آجاتے ہیں لیکن عمران خان تمہیں تو اتنے لوگ بھی الوداع کہنے نہیں آئے، عمران خان اب اپنے ناکام جلسے کا الزام بھی نواز شریف پر نہیں لگادینا۔

انہوں نے کہا وہ شخص جس سے عالمی رہنما بات کرنا نہیں چاہتے، جس کو کوئی منہ لگانا نہیں چاہتا وہ ایبسولوٹلی ناٹ کی بات کرتا ہے، ابسولوٹلی ناٹ کہنا اس کو کہتے ہیں جب نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی پیش کش ٹھکرا کر بھارت کے 5 دھماکوں کے جواب 6 ایٹمی دھماکے کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے خلاف عالمی سازش کی بات کرتے ہیں، کیا دنیا نے ان کے 2 درجن بندے اڑا دیے، نواز شریف دنیا کا واحد بالر ہے جس نے لندن سے بیٹھ کر ایک گیند پر عمران خان کی 2 درجن وکٹیں اڑادیں، نواز شریف وہ بلے باز ہیں جنہوں نے عمران خان کی گیند کو چھکا ماکر اسٹیڈیم سے باہر پھینک دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں نواز شریف لندن میں لوگوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، نواز شریف جس سے بھی ملتے ہیں پاکستان اور اس کے 22 کروڑ لوگوں کے لیے ملاقات کرتے ہیں، تمہاری طرح باہر جا کر، بھارت جا کر اپنی فوج کے خلاف بات نہیں کرتا، یہ محلے کی ماسی کی طرح کبھی ادھر چغلی لگاتے ہیں کبھی ادھر چغلی لگاتے ہو، کان کھول کر سن لو، یہ ادارے، یہ قوم، یہ عوام نواز شریف کے ہیں۔

انہوں نے کہا وہ کہتے ہیں کہ ان کے پاس راز ہیں، اگر ان کے پاس راز ہوتے تو آج وہ لازمی لوگوں کے سامنے ان رازوں کو نشر کرتے لیکن یہ بات نہیں کریں گے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر ہم نے بات کی تو ہمارے کرپشن کے اسکینڈلز کھل جائیں گے، وہ جانتے ہیں یہاں انہوں نے زبان کھولی وہاں ان کی آٹا، چینی، ایل این جی میں کرپشن کے پلندے کھل جائیں گے، عمران خان 22 کروڑ لوگوں کا آٹا، چینی گھی، روزگار کھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کا سب سے بڑا اسکینڈل لاہور کی فرح نامی خاتون ہے جس کے تانے بانے بنی گالا کے جادو ٹونے سے ملتے ہیں، کوئی ٹرانسفر، کوئی پوسٹنگ، کوئی تقرروتبادلہ فرح نامی خاتون کو کروڑوں روپے رشوت دیے بغیر نہیں ہوتی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے زندگی میں کئی مشکلات کا سامنا کیا، جعلی مقدمات کا سامنا کیا، عمران خان نے آپ کے خون پسینے کے 12 ارب روپیہ صرف نواز شریف کی کرپشن کے ثبوت ڈھونڈنے کے لیے خرچ کیے، کیا یہ ان کے خاندان کے پیسے تھے جو انہوں نے خرچ کیے، ہم ان پیسوں کا حساب لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 ارب روپے خرچ کیے اور جواب میں نکلا کیا، جواب میں پوری دنیا نے گواہی دی کہ نواز شریف صادق و امین ہے، مخالفین کا شکریہ جن کی وجہ سے پہلے جج ارشد ملک نے نواز شریف کی بے گناہی کی گواہی دی پھر لندن کی عدالتوں سے بھی نواز شریف اور شہباز شریف کے حق میں گواہی آئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا ان شااللہ نواز شریف اور شہباز شریف آئیں گے اور پاکستان کے عوام کی تقدیر بدلیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گوجرانولہ کے عوام نے ثابت کردیا کہ انہیں کسی گاڑی، کسی سپورٹ، کسی سرکاری وسائل کی ضرورت نہیں، گوجرانولہ کے لوگوں نے کبھی نواز شریف کو مایوس نہیں کیا، ہمیں گوجرانوالہ کے لوگوں سے پیار ہے، ہمیں گوجرانولہ پر فخر ہے۔

مریم نواز سے قبل مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ میں مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ کے عوام نے تحریک عدم اعتماد کو کامیاب کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کیسا عجیب و غریب صادق و امین ہے جو توشہ خانے کا حساب نہیں دیتا، جو فارن فنڈنگ کیس کا حساب نہیں دیتا۔

حمزہ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج عمران خان نے پونے 2 گھنٹے قوم کے کان کھائے، عمران خان نے صرف قوم کے کان نہیں کھائے، عمران خان نیازی نے قوم کا آتا کھایا۔

ان کا کہنا تھا پاکستان مسلم لیگ ن ملک کو کامیاب بنائے گی، ن لیگ پاکستان کے مسائل کو حل کرے گی۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وفاقی حکومت پر جلسے کے لیے سرکاری ذرائع استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں پر خرچ ہونے والے ٹیکس دہندگان کے پیسوں کا حساب لیا جائے گا۔

گوجرانوالا میں حمزہ شہباز کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ رات 2 بجے تک لوگوں کا ہجوم تھا، لیکن ہم نے فیصلہ کیا کہ لوگوں کو انتظار کروانے کے بجائے جلسہ کل تک ملتوی کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالا کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے ایک جلسہ کل کیا اور ایک جلسہ اب کریں گے تو 24 گھنٹوں سے کم وقت میں اتنے بڑے جلسے کرنا صرف گوجرانوالا کے عوام کا کام ہے، جس پر ان کو سلام پیش کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لانگ مارچ ابھی ہم کر رہے ہیں، مہنگائی مارچ کا اصل نام ’ردالفساد‘ یا ’ردالشیطان‘ ہونا چاہیے کیونکہ پاکستان میں پچھلے 75 برسوں میں اس طرح کا فساد نہیں دیکھا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ آج امر بالمعروف کا جلسہ ہو رہا ہے تو قوم کے سامنے یہ بات رکھنا چاہتی ہوں کہ آپ نے قومی وسائل اور قوم کا پیسہ، ٹیکس دہندگان کے خون پسینے کی کمائی اپنے جلسے کی نذر کرکے، سرکاری ریل، سرکاری گاڑیاں اور سرکاری وسائل استعمال کرکے جلسے کرنے کا حق آپ کو کس نے دیا ہے، یہ آپ کا خاندانی پیسہ تو نہیں ہے، یہ پاکستان کے عوام کی محنت کی کمائی ہے جو اس طرح آپ جلسوں میں اڑا رہے ہیں۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ووٹنگ میں تاخیر کرکے وقت لینا چاہتے تھے، جانتے تھے کہ جلسوں میں کوئی نہیں آئیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ مجھے ڈی سیز اور کمشنرز نے بتایا کہ ہمیں دو، دو سو بسیں لانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی تھی بلکہ ایک نے تو یہ بھی کہا کہ 200 بسیں تو پکڑ دھکڑ کرکے اکٹھی کرلی ہیں لیکن اس میں بندے کیسے بھر دیں۔

مزید پڑھیں: عوام اٹھیں اور مہنگائی مکاؤ مارچ میں جوق در جوق شامل ہوں، شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل کا جس طرح بے دریغ استعمال ہوا ہے، اس پر شرم آنی چاہیے، یہی پیسہ اگر آٹا، چینی، پیٹرول، بچوں کی تعلیم، صحت پر لگتا تو آج لوگوں کو ریلیف ملتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو چل رہی ہے کہ مہنگائی ہے تو کیا ہوا، تو جن کے پاس حلال کا کمایا ہوا پیسہ ہے تو 500 روپے کا گھی کس طرح لیتے ہیں وہی جانتے ہیں۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جن کے پاس دوسرے ذرائع اور حکومتی ذرائع سے پیسہ آتا ہے، ان کو مہنگائی نہیں لگتی، پاکستان کے 22 کروڑ عوام میں سے 21 کروڑ سے زائد ایسے ہیں جو غربت کی اس چکی میں پس رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کا پیسہ، قوم کے وسائل اور ٹیکس دہندگان کا پیسہ جلسے میں استعمال کیا ہے، اس کا جواب دینا پڑے گا اور حساب لیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ جب امر بالمعروف کی بات کرتے ہیں کہ نیکی کا حکم دیں تو آپ کس نیکی کے لیے لوگوں کو بلا رہے ہیں، آج بھی مذہب کارڈ استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے شہری کہہ رہے ہیں کہ گلیوں اور سڑکوں پر گاڑیاں لاؤڈ اسپیکر لے کر گھوم رہی ہیں اور کہہ رہی ہیں کہ اگر آپ کو رسول اللہﷺ سے محبت ہے تو عمران خان کے جلسوں میں آئیں، تو یہ کیا طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا لوگوں کے منہ سے روٹی چھین لینا امر بالمعروف ہے، ان سے چینی، آٹا، بجلی اور گیس چھین لینا امر بالمعروف ہے یا بدتمیزی اور بد تہذیبی کے نئے ریکارڈ قائم کرنا امر بالمعروف ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے اندر کوئی ایک شخص ڈیزل کہلانے کا حق دار ہے تو وہ عمران خان ہے کیونکہ اس کے دور میں جس طرح سے جتنی قیمتیں بڑھی ہیں تو ڈیزل کا نام ہمیشہ کے لیے عمران خان سے منسوب ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا مہنگائی کے خلاف اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ کا اعلان

انہوں نے کہا کہ بلاول 15 سال میں اردو سیکھ سکا ہو یا نہ سیکھ سکا ہو لیکن آپ 75 سال میں تمیز نہیں سیکھ سکے، آپ کو نہیں پتا کس کو کس طرح بلانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ سیاسی انتقام میں اتنا بوکھلا گئے ہیں کہ آپ کو پتا نہیں کہ ٹی وی پر کھڑے ہو کر کیا کہہ رہے ہیں، ہمیں والدین نے اس طرح کے القابات استعمال کرنا نہیں سکھایا لیکن آپ نے بات کی ہے تو اب آپ جواب سننے کے لیے تیار ہوجائیں۔

وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرکے مریم نواز نے کہا کہ آپ لوگوں کو چوہا کہتے ہیں، 2018 میں سب سے بڑے چوہے آپ تھے، جس نے ووٹ کی پرچی کو کترا، جس طرح آر ٹی ایس بٹھایا گیا تھا لوگ وہ بھولے نہیں ہیں، تبھی ساڑھے تین سال میں آپ کا یہ حال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اسپیکر کے ذریعے روز روز ووٹنگ کو آگے کرتے ہیں اور تاخیر کرتے ہیں تو یہ بھی آپ آئین کُتر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان وہ والا چوہا ہے جو لوگوں کا آٹا کھا گیا، لوگوں کی چینی کھا گیا، وہی چوہا ہے جو لوگوں کا سکون کھا گیا اور وہی چوہا ہے جو پاکستان کی ترقی کھا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ یہ لوگوں کو کرپٹ کہتے ہیں لیکن تاریخ کی بدترین کرپشن کے اسکینڈل آپ کے ہیں، ایل این جی اسکینڈل میں لوگوں کے جیبوں پر 122 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا۔

حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی اسکینڈل، آٹا اسکینڈل، ادویات اسکینڈل بھول گئے، لوگ آج دوائی نہیں لے سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کہتے ہیں میں آلو اور پیاز کا ریٹ پتا کرنے نہیں آیا، تو یہ کون سا امر بالمعروف ہے، جس کی طرف آپ بلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2014 میں جو دھرنا دیا تھا اور اللہ کی شان دیکھیں آج اسی ڈی چوک میں واپس پہنچ گئے ہیں اور یہ کسی بین الاقوامی یا ملکی سازش کی وجہ سے نہیں پہنچے بلکہ آپ اپنے اعمال سے پہنچے ہیں، آپ وہاں اس لیے پہنچے ہیں کیونکہ لوگوں نے ہاتھ اٹھا اٹھا کر بد دعائیں دی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مری میں سب سیاح برف میں دب کر جاں بحق ہوئے اور آوازیں دیتے رہے تو اس پر بھی امر بالمعروف یاد آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس ایک ہی کارڈ ہے کہ وہ نہ صرف استعفیٰ دے کر گھر جائیں بلکہ ہمیشہ کے لیے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کریں کیونکہ پاکستان کی سیاست میں آپ کا مستقبل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ براڈشیٹ والے کاوے موسوی نے نواز شریف سے معافی مانگی، این سی اے نے شہباز شریف کو صادق اور امین قرار دیا، جج ارشد ملک نے معافی مانگی اور وہ وقت دور نہیں جب عمران خان کو نواز شریف اور شہباز شریف سے معافی مانگنی پڑے گی کیونکہ انہوں نے الزامات اور بہتان لگائے۔

انہوں نے کہا کہ اسکینڈلز کا باپ، جب فرح نامی خاتون کی تفصیلات سامنے آئیں گی تو آپ کو سمجھ نہیں آئے گی کہ آپ کہاں جائیں گے، اس کے ثبوت موجود ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Shoaib Manzoor Mar 28, 2022 09:28am
Shame on n league

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024