• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اسلام آباد جلسہ: شوبز شخصیات کا عمران خان کو ’گھبرانا نہیں ہے‘ کا مشورہ

شائع March 27, 2022
شوبز شخصیات نے مداحوں کو اسلام آباد جلسے میں شرکت کی اپیل بھی کی—فائل فوٹو: فیس بک
شوبز شخصیات نے مداحوں کو اسلام آباد جلسے میں شرکت کی اپیل بھی کی—فائل فوٹو: فیس بک

وفاقی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں 27 مارچ کو کیے جانے والے ’امر بالمعروف‘ جلسے کی حمایت کرتے ہوئے شوبز شخصیات نے وزیر اعظم عمران خان کو ’گھبرانا نہیں ہے‘ کا مشورہ دیا ہے۔

متعدد معروف شوبز شخصیات نے پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں کیے جانے والے جلسے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم کو اپنی حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی اور لوگوں کو ان کی حمایت کے لیے گھروں سے نکلنے کا مشورہ بھی دیا۔

سپر اسٹار شان شاہد نے عمران خان کے ساتھ پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان سے اظہار یکجہتی کیا اور ٹوئٹ کی کہ پاکستان نے آواز بلند کردی کہ انہیں وہ لیڈر چاہیے جو اسے ترقی کی راہ پر آگے لے کر جائے۔

شان شاہد نے ’آئی اسٹینڈ ود عمران خان‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا اور لکھا کہ ان کے لیڈر کو کوئی بھی پارلیمنٹ سے باہر نہیں لے کر جا سکتا۔

شان شاہد گزشتہ دو دن سے وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹس کرتے دکھائی دیے اور انہوں نے اپنے مداحوں کو بھی پی ٹی آئی چیئرمین کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔

ان کی طرح اداکار بلال قریشی نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کو ’گھبرانا نہیں ہے‘ کا مشورہ بھی دے ڈالا۔

بلال قریشی نے عمران خان کو گھبرانا نہیں ہے کا مشورہ دیا—اسکرین شاٹ
بلال قریشی نے عمران خان کو گھبرانا نہیں ہے کا مشورہ دیا—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی اپنی مختصر ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی حمایت کی اور لکھا کہ انہوں نے اپنے کپتان کو خدا کی امان میں دے دیا۔

ڈراما نگار اور مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے بھی پی ٹی آئی کے دارالحکومت میں ہونے والے جلسے کے موقع پر خصوصی ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے خود کو غیر سیاسی شخص قرار دیا، تاہم ساتھ ہی عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان بھی کیا اور لوگوں سے بھی ان کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔

خلیل الرحمٰن قمر کی ویڈیو کو تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیا گیا، انہوں نے تشہیری ویڈیو میں دو سیاسی خاندانوں کو ملک کی معیشت اور سیاست پر قابض بھی قرار دیا۔

ان کی طرح سینیئر اداکار فیصل قریشی نے بھی پی ٹی آئی کی حمایت کرنے اور عمران خان کا ساتھ دینے کی تشہیری ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے مداحوں سے اسلام آباد جلسے میں شرکت کرنے کی اپیل کرنے سمیت حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔

سینیئر اداکار فرحان علی آغا نے بھی عمران خان اور پی ٹی آئی کی حمایت میں تشہیری ویڈیو جاری کیا، جس میں انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کو ایمان کی جنگ قرار دیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس میں شرکت کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔

سینیئر اداکار ہمایوں سعید نے بھی عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹ کی اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بھی ان کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئیں۔

گلوکار سلمان احمد نے بھی پی ٹی آئی اور وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لوگوں سے اسلام آباد جلسے میں شرکت کی اپیل کی۔

گلوکار عطا اللہ عیسی خیلوی نے بھی وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں ویڈیو جاری کرتے ہوئے مداحوں کو ان کا ساتھ دینے کی اپیل کی اور لوگوں سے کہا کہ وہ پاکستان اور خان کی خاطر گھروں سے نکلیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024