• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

والدہ کہتی ہیں وہ مجھے پیدا ہی نہیں کرنا چاہتی تھیں، فاطمہ سہیل

شائع March 26, 2022
اظہار محبت کے معاملے میں شرمیلی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
اظہار محبت کے معاملے میں شرمیلی ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ فاطمہ سہیل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ والدین کا تیسرا بچہ تھیں اور والدہ انہیں بتاتی ہیں کہ وہ انہیں پیدا ہی نہیں کرنا چاہتی تھیں۔

فاطمہ سہیل نے 2019 میں اداکاری کا آغاز کیا، اس سے قبل وہ گھریلو خاتون تھیں۔

حال ہی میں فاطمہ سہیل نعمان اعجاز کے شو ’جی سرکار‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر باتیں کیں۔

فاطمہ سہیل کے ہمراہ شو میں گلوکار و سابق صحافی ٹونی تنویر بھی شریک ہوئے، جنہوں نے بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے 2010 میں کیے گئے انٹرویو سے متعلق دلچسپ واقعہ بیان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فاطمہ سہیل کی خلع ہوگئی

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست ابو ظہبی میں انٹرویو کیا تھا، جس دوران بولی وڈ اداکار نے ان کی گھڑی کی تعریف کی توانہوں نے گھڑی اداکار کو دے دی۔

ٹونی تنویر نے بتایا کہ انہیں نادیہ خان نے شاہ رخ خان کا انٹرویو کرنے کے لیے بھیجا تھا، جس پر نادیہ خان سے معروف اینکر و ٹی وی میزبان بھی ناراض ہوئے تھے۔

پروگرام میں فاطمہ سہیل نے بتایا کہ بچپن میں انہیں والدین کے گھر میں کم اہمیت ملتی تھی، کیوں کہ وہ والدین کا تیسرا بچہ تھیں جب کہ والدہ انہیں ہمیشہ کہتی رہتی ہیں کہ وہ تو انہیں پیدا ہی نہیں کرنا چاہتی تھیں۔

فاطمہ سہیل کے مطابق ان کی بڑی بہن صحافی ہیں اور والدہ کی بھی خواہش تھی کہ وہ بھی میڈیا میں کام کریں مگر انہیں شروع سے ہی اداکاری کرنے کی خواہش تھی۔

دوران انٹرویو شاہ رخ خان نے گھڑی کی تعریف کی تو گھڑی انہیں دے دی تھیں، ٹونی تنویر—اسکرین شاٹ
دوران انٹرویو شاہ رخ خان نے گھڑی کی تعریف کی تو گھڑی انہیں دے دی تھیں، ٹونی تنویر—اسکرین شاٹ

فاطمہ سہیل نے تصدیق کی کہ انہوں نے 2019 کے ڈرامے ’میرا دل، میرا دشمن‘ سے اداکاری کا آغاز کیا اور اب انہیں اچھے کرداروں کی پیش کش ہونے لگی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فاطمہ سہیل نے بتایا کہ شوبز کا حالیہ دور سخت مقابلے کا دور ہے، کیوں کہ اس وقت کئی نوجوان اداکار کام کر رہے ہیں۔

فاطمہ سہیل نے بتایا کہ اس وقت وہ نہ صرف اپنے بیٹے بلکہ والدہ کی بھی کفیل ہیں اور اب ان کی زندگی مشکلات سے نکل چکی ہے۔

مزید پڑھیں: اداکارہ فاطمہ سہیل کی دوسری شادی کے سوالوں پر وضاحت

انہوں نے تعلقات اور دوسری شادی کی پیش کش کے سوال پر جواب دینے کے بجائے مسکرا کر کہا کہ وہ سب کچھ پروگرام میں نہیں بتا سکتیں۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں انہوں نے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں ’جھوٹ‘ بولنے کے لیے کروڑوں روپے بھی دیے جائیں تو وہ کبھی نہیں بولیں گے۔

فاطمہ سہیل نے بتایا کہ تصویر کھچواتے وقت انہیں ہر وقت یہ پریشانی لگی رہتی ہے کہ وہ اس میں ’موٹی‘ نہ دکھائی دیں۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ اظہار محبت کے معاملے میں شرمیلی ہیں، ہر بات ہر کسی سے نہیں کہہ سکتیں، البتہ جس کسی سے محبت ہوجائے تو انہیں ’اشارے‘ دے دیتیں ہیں مگر ان سے واضح اظہار نہیں کرتیں۔

خیال رہے کہ فاطمہ سہیل نے 2015 میں اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر سے کی تھی، جن سے انہوں نے ستمبر 2019 میں خلع لے لی تھی۔

شوہر پر تشدد کے الزامات لگانے کے بعد ان سے خلع لینے والی فاطمہ سہیل نے اداکاری کی دنیا میں 2019 میں ہی قدم رکھا اور انہوں نے ’میرا دل، میرا دشمن‘ سے ڈیبیو کیا، حالیہ دنوں میں ان کا ڈراما ’بدنصیب‘ نشر ہو رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024