• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

’ابھی‘ سے گوہر ممتاز اور کبریٰ خان کی بڑے پردے پر واپسی

شائع March 26, 2022
فلم کو جلد ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے—اسکرین شاٹ
فلم کو جلد ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے—اسکرین شاٹ

اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر ممتاز کی آنے والی فلم ’ابھی‘ کا مختصر ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں مرکزی کرداروں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

’ہم ٹی وی نیٹ ورک‘ کے بینر تلے جاری کیے گئے ٹیزر سے ’ابھی‘ کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی نہ صرف رومانوی بلکہ ٹریجڈی اور قوم پرستی (nationalism) کے گرد بھی گھومتی ہے۔

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں گوہر ممتاز اور کبریٰ خان کو نہ صرف رومانس کرتے دکھایا گیا ہے بلکہ انہیں مشکل حالات سے بھی لڑتے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر سے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ فلم میں کبریٰ خان اور گوہر ممتاز کے درمیان تعلقات کیسے استوار ہوئے اور یہ کہ ان کے کردار کتنے اہم ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر ممتاز فلم 'ابھی' میں ساتھ نظر آئیں گے

ٹیزر میں نہ صرف پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور آزاد کشمیر کے خوبصورت مناظر دکھائی گئے ہیں بلکہ فلم میں اہم مسلم ملک ترکی کے مناظر بھی شامل ہیں۔

’ابھی‘ کے ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے، تاہم اس کی نمائش کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ممکنہ طور پر ’ابھی‘ کو بھی عیدالفطر یا پھر عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ابھی کے ذریعے کبریٰ خان بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں—اسکرین شاٹ
ابھی کے ذریعے کبریٰ خان بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں—اسکرین شاٹ

’ابھی‘ سے کبریٰ خان کم از کم چار سال بعد جب کہ گوہر ممتاز تقریبا 6 سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔

’ابھی‘ سے قبل گوہر ممتاز نے ’کراچی سے لاہور‘ جب کہ کبریٰ خان نے ’نامعلوم افراد، جوانی پھر نہیں آنی ٹو، پرواز ہے جنون‘ جیسی فلموں میں جوہر دکھائے تھے۔

اگر ’ابھی‘ کو بھی عیدالفطر پر ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا جاتا ہے تو اس بار عید پر نصف درجن سے زائد پاکستانی فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔

’ابھی‘ کاسٹ میں اداکار سلیم شیخ، عثمان پیرزادہ، محمود اسلم، احتشام الدین، حنا بیات اور آصف رضا میر سمیت دیگر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی گوہر ممتاز نے شعیب ربانی کے ساتھ خود لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات اسد ملک دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024