• KHI: Maghrib 6:00pm Isha 7:20pm
  • LHR: Maghrib 5:16pm Isha 6:42pm
  • ISB: Maghrib 5:16pm Isha 6:45pm
  • KHI: Maghrib 6:00pm Isha 7:20pm
  • LHR: Maghrib 5:16pm Isha 6:42pm
  • ISB: Maghrib 5:16pm Isha 6:45pm

عروج آفتاب ’ٹائمز اسکوائر‘ کے بل بورڈ پر نظر آنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ

شائع March 25, 2022
عروج آفتاب کی تصویر آویزاں ہونے پر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی—فوٹو: انسٹاگرام
عروج آفتاب کی تصویر آویزاں ہونے پر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی—فوٹو: انسٹاگرام

’گریمی ایوارڈز‘ نامزد یافتہ پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب نیویارک کے ’ٹائمز اسکوائر‘ کے بل بورڈز پر نظر آنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں۔

عروج آفتاب پاکستانی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والے والدین کے ہاں سعودی عرب میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے زندگی کے ابتدائی ایام سعودی عرب و پاکستان میں گزارے۔

بعد ازاں وہ کم عمری میں ہی اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا چلی گئیں، جہاں انہوں نے فیلوشپ پر موسیقی کی تعلیم حاصل کی اور گزشتہ 15 سال سے وہ نیویارک میں مقیم ہیں۔

انہوں نے اپنا پہلا ایلبم ’ولچر پرنسز‘ بھی امریکی موسیقاروں اور ساتھیوں کی مدد سے گزشتہ برس ہی ریلیز کیا تھا۔

حال ہی میں عروج آفتاب پہلی بار ’کوک اسٹوڈیو‘ میں بھی دکھائی دی تھیں، انہوں نے سیزن 14 میں ’محرم‘ گایا تھا۔

اب انہیں میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ نے ’اکوئل پاکستان‘ نامی اپنی مہم کا پہلا ایمبیسیڈر منتخب کرتے ہوئے ان کی تصویر نیویارک کے ’ٹائمز اسکوائر‘ کے بل بورڈز پر آویزاں کی۔

’ٹائمز اسکوائر‘ دنیا بھر کے سیاحوں میں شہرت رکھتا ہے اور وہاں یومیہ ہزاروں غیر ملکی لوگ آتے ہیں۔

’ٹائمز اسکوائر‘ پر بھی دنیا کی بلند ترین عمارت ’برج خلیفہ‘ کی طرح لوگوں کی تصاویر اور ویڈیوز چلائی اور دکھائی جاتی ہیں۔

’اسپاٹی فائے‘ پاکستان نے بھی عروج آفتاب کو ’اکوئل پاکستان‘ مہم کا پہلا سفیر منتخب کرتے ہوئے ان کی تصویر ’ٹائمز اسکوائر‘ پر لگائی۔

یوں عروج آفتاب اب تک کی واحد پاکستانی خاتون بن گئیں، جن کی تصویر کو ’ٹائمز اسکوائر‘ پر یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو آویزاں کیا گیا۔

گلوکارہ نے ’ٹائمز اسکوائر‘ پر اپنی تصویر آویزاں کیے جانے کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا اور ساتھ ہی ’اسپاٹی فائے‘ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شوبز شخصیات نے گلوکارہ کو مبارک باد پیش کی—اسکرین شاٹ
شوبز شخصیات نے گلوکارہ کو مبارک باد پیش کی—اسکرین شاٹ

عروج آفتاب کی پوسٹ پر جہاں مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی، وہیں شوبز شخصیات نے بھی انہیں مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

عروج آفتاب کی ’ٹائمز اسکوائر‘ پر تصویر آویزاں کیے جانے کی پوسٹ ’اسپاٹی فائے‘ پاکستان نے بھی شیئر کی، جس پر مداحوں نے گلوکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025