• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’باوضو‘ ہوکر اداکاری کرتا ہوں، نعمان اعجاز

شائع March 25, 2022
اداکاری کو عبادت کی طرح کرتا ہوں، اداکار
اداکاری کو عبادت کی طرح کرتا ہوں، اداکار

سینیئر اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ نہ صرف ’باوضو‘ ہوکر اداکاری کرتے ہیں بلکہ وہ ایکٹنگ کو عبادت کی طرح سمجھتے ہیں، جس وجہ سے وہ کامیاب ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں نعمان اعجاز نے اپنے کیریئر اور منفرد اداکاری کرنے سمیت دیگر مسائل پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ انہیں ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر ’بلیو ٹک‘ نہیں دیا جا رہا، 30 سال تک کام کرنے کے باوجود انہیں وہاں سے ای میل موصول ہوتی ہے، جس میں ان سے کہا جاتا ہے کہ وہ ان کی تصدیق کرنے میں مصروف ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ انہیں شوبز میں آئے ہوئے 32 سال ہو چکے اور وہ اس قدر کرداروں میں ڈوب کر اداکاری کرتے ہیں کہ بعض اوقات انہیں تکلیف بھی ہونے لگتی ہے، جس وجہ سے وہ کہتے ہیں کہ وہ اپنا اداکاری کا فن بیٹے کو نہیں سکھائیں گے۔

نعمان اعجاز نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے شروع سے ہی سوچ سمجھ کر اداکاری کی اور صرف معیاری اور اچھے کرداروں کا انتخاب کیا، جس وجہ سے ان کی اداکاری منفرد نظر آتی ہے۔

اداکار نے دوران انٹرویو میں بتایا کہ شوبز میں آنے کے کچھ سال بعد وہ نماز پڑھ کر شوبز سے دوری کی دعائیں مانگا کرتے تھے اور پانچ سال تک انہوں نے ایسا ہی کیا, پھر انہیں ایک شخص ملے، جنہوں نے انہیں بتایا کہ شاید خدا کو ان کا شوبز میں رہ کر ان سے کام کروانے منصوبہ ہے۔

نعمان اعجاز نے بتایا کہ انہیں اس شخص نے مشورہ دیا کہ وہ شوبز میں رہتے ہوئے بھی لوگوں کو مذہب کا پیغام دے سکتے ہیں اور پھر انہوں نے وہی کیا۔

اداکار نے دعویٰ کیا کہ وہ اداکاری بھی مذہبی تناظر میں کرتے ہیں اور ’باوضو‘ ہوکر کام کرتے ہیں، جس وجہ سے ان کے ڈرامے کامیاب ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں نعمان اعجاز نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی اداکاری کے لیے بھی میک اپ نہیں کیا، وہ ایسے ہی شوٹنگ کرواتے ہیں۔

دوران انٹرویو انہوں نے دو سال قبل ’بیوی سے بے وفائی‘ کرنے اور دوسری خواتین سے معاشقے لڑانے کے پرانے انٹرویو کا کلپ وائرل ہونے پر بھی بات کی اور کہا کہ لوگوں نے ان کے انٹرویو کے بعد ’جسٹس فار رابعہ‘ یعنی ان کی بیوی کے حق میں پیجز بناکر ان کے خلاف ٹرینڈ چلائے۔

نعمان اعجاز کے مطابق انہوں نے میزبان عفت عمر کی جانب سے بار بار پوچھے جانے پر مذاق میں ایسا جواب دیا تھا، جس کا لوگوں نے غلط مطلب نکالا تھا۔

خیال رہے کہ 2020 میں نعمان اعجاز کے پرانے انٹرویو کی کلپ وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ بتاتے سنائی دیے تھے کہ وہ ہر خاتون سے محبت کر لیتے ہیں۔

ان کے جواب پر عفت عمر ان سے مزید سوال کرتی ہیں کہ ’پھر بیگم صاحبہ‘؟ جس پر اداکار بے جھجھک اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے بیگم صاحبہ کو کبھی اس بات کا پتا ہی نہیں چلنے دیا۔

اداکار مزید بولتے ہیں کہ وہ انتہائی اچھے اداکار اور ہوشیار مرد ہیں، جس وجہ ان کی بیگم کو کچھ پتا نہیں چلتا۔

مذکورہ کلپ وائرل ہونے کے بعد نعمان اعجاز کے خلاف ٹرینڈ بھی چلے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024