• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

آج اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت نہ دی تو ہنگامہ کریں گے، زرداری

شائع March 25, 2022
آصف زرداری نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے سلسلے میں 100 فیصد پر اعتماد ہیں — تصویر: ڈان نیوز
آصف زرداری نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے سلسلے میں 100 فیصد پر اعتماد ہیں — تصویر: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت نہیں دی تو ہنگامہ کریں گے۔

انہوں نے یہ بات وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد ہونے والے ایوانِ زیریں کے اہم اجلاس کے لیے پارلیمنٹ آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

آئین میں قومی حکومت کے تصور سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تصور کا سوال نہیں ہے، اتحادی بھی مل کر قومی حکومت تشکیل دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد: پی ایف یوجے، ایچ آر سی پی کا حکومت، اپوزیشن سے ریلیاں منسوخ کرنے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد (کی کامیابی) کے سلسلے میں 100 فیصد پُراعتماد ہیں۔

سابق صدر سے سوال کیا گیا کہ اگر آج اسپیکر نے تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ کی تو کیا کریں گے جس پر انہوں نے کہا کہ آپ (صحافیوں) کے ساتھ مل کر ہنگامہ کریں گے۔

آصف زرداری سے سوال کیا گیا کہ اس صورتحال سے کچھ غیر جمہوری قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں تو اس کے لیے کیا حکمت عملی ہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’اگر اتنا شوق ہے کسی کو تو آکر سنبھال لے‘۔

قرارداد پیش نہ کرنے دی گئی تو مشاورت کریں گے، شہباز شریف

پارلیمنٹ آمد کے موقع پر شہباز شریف سے پوچھا گیا کہ کیا آج تحریک عدم اعتماد سے متعلق قرارداد ایوان میں پیش کی جائے گی؟جس پر انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا حق ہے اور ہم اپنا حق استعمال کریں گے۔

ان سے یہ بھی سوال کیا گیا کہ اگر آج اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت نہ دی تو کیا کریں گے جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پھر ہم مشاورت کریں گے۔

عمران خان اکثریت کھو چکے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صاف نظر آرہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں ہماری تیاری مکمل ہے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا جاری، وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آرڈر آف دی ڈے میں عدم اعتماد کی قرارداد نظر آرہی ہے، انشااللہ جیت عوام اور شکست سلیکٹڈ کی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی محنت کر رہے ہیں، ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

اجلاس میں آج تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں انہوں نے کہا کہ ’آپ دیکھیں نا کہ پھر ہم کس طرح مینیج کرتے ہیں‘۔

قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤس میں متحدہ اپوزیشن کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے اختر مینگل شریک ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024